پی ایم انڈیا
وزیراعظم ہند جناب نریندر مودی نے 20 مئی 2026 کو روم میں اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کے ساتھ باضابطہ بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی تبادلوں میں تیزی اور دو طرفہ تعاون میں نمایاں وسعت و تنوع کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہندوستان-اٹلی تزویراتی شراکت داری کو ’’خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری‘‘ کی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے کثیر فریقی تقریبات کے موقع پر بھی سالانہ سربراہی ملاقاتوں اور وزارتی و ادارہ جاتی سطح پر باقاعدہ اجلاس جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہندوستان-اٹلی تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان 2025–2029 کے تحت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دونوں ممالک نے تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی، سائنس و ٹیکنالوجی، تحقیق و اختراع، خلائی تعاون، توانائی، مصنوعی ذہانت، اہم ٹیکنالوجیز، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس مقصد کیلئے وزرائے خارجہ کی سطح پر ایک مستقل نظام قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں تیزی، سرمایہ کاری میں اضافے اور طویل مدتی اشتراک کے فروغ پر اطمینان ظاہر کیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ برس منعقد کیے گئے تین کاروباری فورمز کے تبادلے کا خیر مقدم کیا گیا۔
جناب نریندر مودی اور جارجیا میلونی نے دفاع، ڈیجیٹل شعبہ، توانائی منتقلی، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس سے وابستہ منتخب ہندوستانی اور اطالوی صنعت کاروں سے بھی ملاقات کی۔
دونوں ممالک نے 2029 تک دو طرفہ تجارت کو 20 ارب یورو تک پہنچانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا اور ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
دفاعی تعاون کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے وزارتی و سرکاری سطح پر رابطوں، بندرگاہی دوروں اور مسلح افواج کے باقاعدہ تبادلوں پر اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے دفاعی مصنوعات کے مشترکہ ڈیزائن، مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار کیلئے صنعتی روڈ میپ سے متعلق مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سائنسدانوں اور تحقیقی اداروں کے درمیان بڑھتے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے اطالوی خلائی ایجنسی اور ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے کے درمیان جاری تعاون اور تجارتی خلائی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔
مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات اور جدید ٹیکنالوجیوں کے میدان میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ ہندوستان کی باصلاحیت افرادی قوت اور اٹلی کی تکنیکی مہارت کو یکجا کیا جا سکے۔
دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور کثیر فریقی سطح پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے نومبر 2025 میں منظور کی گئی دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف مشترکہ پہل پر اطمینان ظاہر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اٹلی میں مقیم ہندوستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے طلبہ، محققین اور ماہرین تعلیم کی نقل و حرکت کو آسان بنانے پر اتفاق کیا۔
اس کے ساتھ ہی 2027 کو ’’ہندوستان-اٹلی ثقافت و سیاحت سال‘‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں ممالک نے گجرات کے لوتھل میں قومی بحری ورثہ کمپلیکس کی ترقی اور ہندوستان سے نرسوں کی بھرتی سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بنیادی رابطہ ڈھانچے کی تعمیر کیلئے عملی منصوبوں پر کام کرنے اور انڈیا-مشرق وسطیٰ-یورپ اقتصادی راہداری کے نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس دوران دونوں رہنماؤں نے ہند-بحرالکاہل خطے، ہندوستان-یورپی یونین تعلقات، مغربی ایشیا اور یورپ میں جاری تنازعات سمیت عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جناب نریندر مودی نے جاری تنازعات کے پرامن حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اٹلی کی حکومت اور عوام کی جانب سے دی گئی پرتپاک میزبانی پر جارجیا میلونی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مناسب وقت پر ہندوستان کے دورے کی دعوت دی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :7337 )