پی ایم انڈیا
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج سیوا تیرتھ میں معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کے ساتھ سیمی کنڈکٹر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہندوستان کے ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل میں حکومت اور سیمی کنڈکٹر صنعت کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان میں دستیاب باصلاحیت افرادی قوت، ٹیکنالوجی کو اپنانے کی صلاحیت اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوط بنیاد کو اجاگر کرتے ہوئے صنعت سے ہنرمندی کے فروغ، اختراع اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کے شعبوں میں مزید فعال شرکت کی اپیل کی۔ ایک کروڑ افراد کو اے آئی کی تربیت دینے کے ہدف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی باصلاحیت افرادی قوت اور عالمی صنعت کے رہنماؤں کے تجربے و صلاحیتوں کا امتزاج بڑے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کے شعبے میں دنیا کے ابتدائی سرکردہ ممالک میں شامل ہونے کا ہدف رکھنا چاہیے۔ انہوں نے سیمی کنڈکٹر شعبے میں ہوئی نمایاں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکو سسٹم اب بنیادی سطح کی کوششوں سے آگے بڑھ کر بڑے پیمانے پر توسیع اور نئے مواقع کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے واضح اور فوری ردعمل دینے والے پالیسی ماحول کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور صنعت کی ضروریات کے مطابق پالیسیوں میں بھی مسلسل تبدیلی ہونی چاہیے۔ انہوں نے صنعت کے رہنماؤں کو پالیسی اور انتظامی اقدامات سے متعلق اپنی تجاویز دینے کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئندہ اقدامات میں ان کی تجاویز پر مناسب غور کیا جائے گا۔ انہوں نے صنعت کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر شعبے کی ترقی کے اگلے مرحلے میں فعال طور پر حصہ لیں۔
سی ای اوز نے ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر کی صلاحیتیں فروغ دینے کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور مینوفیکچرنگ، ڈیزائن، بنیادی ڈھانچے اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے آئی ایس ایم 2.0 کے تحت ابھرنے والے مواقع اور مینوفیکچرنگ، تحقیق و ترقی، جدید ٹیکنالوجیز اور معاون صنعتوں سمیت سیمی کنڈکٹر ویلیو چین کے تمام شعبوں میں صلاحیتیں پیدا کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کی قیادت اور تعاون کو سراہتے ہوئے سی ای اوز نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حاصل ہونے والی پیش رفت نے صنعت کی مزید شرکت کے لیے ایک مضبوط بنیاد تیار کی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کو عالمی سطح پر مسابقتی سیمی کنڈکٹر اور ٹیکنالوجی مرکز بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں سیمی، مائکرون، انفینیون، اپلائیڈ میٹیریلز، اے ایس ایم ایل، مرک، ٹوکیو الیکٹرون لمیٹڈ، فوجی فلم، اے ایم ڈی، انٹیل، ٹاٹا الیکٹرونکس، لیم ریسرچ، ریپیڈس، این ایکس پی، فاکس کان، سیمی کنڈکٹر ڈیوائسز، ایڈوان ٹیسٹ، سیلسٹا کیپیٹل، سی جی پاور اور آئی بی ایم ریسرچ سمیت مختلف اداروں کے سی ای اوز، سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
***********
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 3677)
During this evening’s Semiconductor Roundtable with CEOs, I emphasised:
— Narendra Modi (@narendramodi) September 16, 2026
Unequivocal support to the semiconductor industry from the Centre.
Predictable and responsive policy environment.
Continued focus on skilling, innovation and infrastructure upgradation.
Furthering…