Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

دہلی میں ایف آئی سی سی آئی کے سالانہ عمومی اجلاس اور سالانہ کنونشن کے افتتاح کے موقع پر وزیرِاعظم کے خطاب کا متن

دہلی میں ایف آئی سی سی آئی کے سالانہ عمومی اجلاس اور سالانہ کنونشن کے افتتاح کے موقع پر وزیرِاعظم کے خطاب کا متن


 

نمسکار!ایف آئی سی سی آئی کے صدر، بھائی اننت گوئنکا جی، ایف آئی سی سی آئی کے اراکین، صنعت کے رہنماؤں، جدت طرازوں، خواتین و حضرات!

اس سے پہلے مجھے کئی مرتبہ ایف آئی سی سی آئی سے متعلق تقریبات میں شرکت کرنے اور اس کا حصہ بننے کا موقع ملا ہے، لیکن آج کا موقع کچھ خاص ہے۔ ایف آئی سی سی آئی اپنی بنیاد کے 100 سال مکمل کر رہا ہے۔ کسی ادارے کا 100 برس تک مسلسل بیدار اور فعال رہنا، بدلتے ہوئے وقت کے ساتھ خود کو آگے بڑھانا اور ملک کے معاشی سفر میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہنا، یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

میں اس موقع پر اس ادارے سے وابستہ ماضی اور حال کے تمام ساتھیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور آپ سب کو بہت بہت نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

گزشتہ 100 برسوں کے دوران ہندوستانی معیشت نے کئی ادوار دیکھے ہیں۔ ہم نے لائسنس اور کوٹہ راج کا دور بھی دیکھا، نیشنلائزیشن کا ناکام تجربہ بھی دیکھا اور پھر اکیسویں صدی میں ایک ایسا وقت بھی آیا، جب ہندوستانی معیشت کو ‘فریجائل فائیو’ (پانچ کمزورمعیشتوں) میں شمار کیا جانے لگا۔

لیکن گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک کے عوام نے، آپ سب نے بہت محنت کی ہے۔ ہمارے نوجوانوں، کسانوں، محنت کش بھائیوں اور بہنوں اور صنعت و تجارت سے وابستہ آپ تمام ساتھیوں نے مل کر اس صورتِ حال کو بدل دیا ہے۔ آج ہندوستان میں ترقی کی رفتار سب سے تیز ہے اور اس کے ساتھ ہی غربت سے باہر نکلنے کی رفتار بھی بے مثال ہے۔

ساتھیو!

عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، محض 12 سے 13 برس کے دوران ہی 50 کروڑ ہندوستانیوں نے غربت کو شکست دی ہے۔

ساتھیو!

70 کی دہائی میں جب ملک میں‘غریبی ہٹاؤ’ کا نعرہ دیا گیا تھا، اُس وقت ملک کی آبادی تقریباً 50 کروڑ ہی تھی۔ غربت اُس وقت بھی دور کی جا سکتی تھی، لیکن فکی بھی اس بات کی گواہ ہے کہ اُس وقت پالیسیوں میں کمی تھی اور بدقسمتی سے نیت میں بھی کھوٹ تھا۔ میں اس کی تفصیلات میں نہیں جاؤں گا۔

لیکن ساتھیو!

فکی اس بات کی بھی گواہ ہے کہ جب درست پالیسیوں کے ساتھ کام کیا گیا اور حکومت نے صحیح نیت کے ساتھ آگے قدم بڑھایا، تو محض 12 سے 13 برس میں ہی 50 کروڑ غریب افراد غربت سے باہر نکل آئے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج ہندوستان جس سطح پر کام کر رہا ہے اور جس راستے پر گامزن ہے، وہ بالکل درست اور موزوں ہے اور اس میں ملک کی کامیابی کی ضمانت موجود ہے۔

ساتھیو!

آج ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے۔ بڑے بڑے اداروں کا اندازہ ہے کہ ہندوستان تقریباً 7 فیصد کی شرحِ نمو سے مسلسل آگے بڑھتا رہے گا۔ ابھی اکتوبر میں ایک اور اعداد و شمار نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں ہندوستان کی اشیا کی برآمدات تقریباً 50 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی ماہانہ اشیا کی برآمدات ہیں۔میں آپ ہی کی تعریفوں کے پل باندھ رہا ہوں اور آپ ہیں کہ خاموش بیٹھے ہیں! ہندوستان کی اسی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں موڈیز ریٹنگز، ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز، فِچ ریٹنگز، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت ہر طرح کے ادارے ہندوستان کی شرحِ نمو کے اپنے اندازوں پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر بنا رہے ہیں۔

ساتھیو!

ہمارے قدیم صحیفوں میں ہزاروں سال پہلے ہمیں ایک نہایت اہم پیغام دیا گیا ہے۔ ‘ادھریت آتمنا آت مانم نہ آتمانم اَوَسادَئیت’ یعنی ہمیں خود اپنا عروج یقینی بنانا ہے، اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہے، اپنی خامیوں سے سبق سیکھنا ہے اور مسلسل خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہنا ہے۔اگلی بڑی چھلانگ کے لیے ضروری ہے کہ ہم دیانت داری کے ساتھ وقتاً فوقتاً اپنا محاسبہ کریں اور خود پر غور و فکر کریں۔ یہ بات صرف کسی فرد پر ہی نہیں، بلکہ صنعت اور ملک پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے۔فکی نے اپنے 100 سالہ سفر میں ملک کی صنعت کو بہت کچھ حاصل کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم یہ طے کریں کہ آئندہ 20 برس میں ہندوستانی صنعت کیا کچھ حاصل کر سکتی ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر میں اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے سفر میں آپ اپنا تعاون مزید کس طرح بڑھا سکتے ہیں؟ممکن ہے کہ جن کاروباروں سے آپ پہلے ہی وابستہ ہیں اور جن شعبوں میں آپ کا کام پہلے سے قائم ہے، وہاں کام کرنا نسبتاً آسان ہو اور قلیل مدتی فوائد بھی حاصل ہوتے ہوں، لیکن صنعت کو ان ضروریات کے لئے بھی تیار رہنا ہوگا جو مستقبل میں قومی اور عالمی سطح پر سامنے آئیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں ان صلاحیتوں کو فروغ دینے پر بھی توجہ دینی ہوگی جو وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے کے اس دور میں ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہیں۔اسی لیے آپ سے میری ایک گزارش ہے کہ آئندہ 20 برس کے اپنے ہر طویل مدتی سرمایہ کاری کے فیصلے کی بنیاد ‘انڈیا فرسٹ’ یعنی ‘ہندوستان مقدم’ کے اصول کو بنائیے۔ اس سے ملک خود کفیل بنے گا اور آپ کے کاروبار کی ترقی کے لیے بھی نئے مواقع کے دروازے کھلیں گے۔

ساتھیو!

ابھی آپ نے جو دستاویزی فلم دیکھی ہے، اسے دیکھ کر ہمیں فخر سے سر بلند کرنا چاہیے یا شرمندگی سے سر جھکانا چاہیے، یہ فیصلہ آپ خود کیجیے۔ مجھے معلوم ہے کہ ابھی آپ تالیاں نہیں بجائیں گے۔ ذرا سوچیے، 100 سال گزر چکے ہیں، لیکن 1930 میں مہاتما گاندھی آپ کے یہاں آکر بھی یہی بات کہہ کر گئے تھے اور اتنے برس گزرنے کے بعد آج بھی مجھے وہی بات دہرانا پڑ رہی ہے۔ یہ آپ کی کامیابی ہے یا ناکامی؟ میری بات نہ مانیے، کم از کم گاندھی جی کی تو مانیے! وہ بھی سودیشی کی بات کہہ کر گئے تھے، وہ بھی خود کفیل ہندوستان کا پیغام دے کر گئے تھے، لیکن آپ کے 100 سال مکمل ہونے کے باوجود بات وہیں کی وہیں رہ گئی، دوستو! اسی لیے میں کہتا ہوں کہ آپ نے جو یہ دستاویزی فلم تیار کی ہے، اب میرے ان دو جملوں کو اس کے ساتھ جوڑ کر ہر گھر تک پہنچائیے۔

ساتھیو!

میں آپ کو دوا سازی کی صنعت (فارما انڈسٹری) کی مثال دیتا ہوں۔ یہاں اس شعبے سے وابستہ تمام لوگ موجود ہیں۔ ہندوستان کو دنیا میں ‘فارمیسی آف دی ورلڈ’ یعنی ‘دنیا کی دواخانہ’ کہا جاتا ہے،  لیکن اس کے باوجود ہندوستان ہر سال فعال دواسازی اجزا (اے پی آئی)، بنیادی ادویاتی خام مال (بلک ڈرگز) اور ادویات کے درمیانی اجزا (ڈرگ انٹرمیڈیٹس) درآمد کرنے پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔ ایسی سیکڑوں اقسام ہیں، جن کے لیے آج بھی ہم درآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔ہماری دوا سازی کی صنعت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ایسے کون سے اجزا ہیں جنہیں ہم ہندوستان میں تیار کر سکتے ہیں۔ کن شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی اور بڑے پیداواری کارخانوں میں سرمایہ کاری کرکے ہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں مسابقتی صلاحیت حاصل کر سکتے ہیں؟ تیار شدہ ادویات کے معاملے میں ہماری ایک مضبوط حیثیت ہے، لیکن اب ہمیں ادویات کے خام اجزا کی تیاری میں بھی اپنی صلاحیت کو فروغ دینا ہوگا۔

ساتھیو!

لوہا اور فولاد (آئرن اینڈ اسٹیل) کے شعبے میں بھی اسی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں۔ ہندوستان کئی ہزار کروڑ روپے کا خام لوہا (آئرن اور) برآمد کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود تیار شدہ فولاد (فنشڈ اسٹیل) درآمد بھی کرتا ہے۔ ہماری صنعت کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ ہم فولاد کی کون کون سی اقسام درآمد کر رہے ہیں تاکہ انہیں تیار کرنے کی ٹیکنالوجی خود ملک میں تیارکی جا سکے۔ اسی طرح کے امکانات ایلومینیم کے شعبے میں بھی موجود ہیں۔ ہندوستان کے پاس باکسائٹ کے ہزاروں ٹن کے وسیع ذخائر ہیں، اس کے باوجود ہم خصوصی اقسام کے ایلومینیم الائے اور دیگر مصنوعات درآمد کرتے ہیں۔ ہمیں ان مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت بھی ملک کے اندر ہی پیدا کرنی ہوگی۔ معدنیات کی پوری ویلیو چین میں بھی ہمیں مہارت حاصل کرنا ہوگی تاکہ ہندوستان میں ان کی قدر میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔آپ ہی بتائیے، آخر یہ کیسا ملک اور کیسے ہمارے صنعت کار ساتھی ہیں کہ ہم گندم تو برآمد کریں اور ڈبل روٹی درآمد کریں! ذرا خود سے یہ سوال کیجیے۔

ساتھیو!

میں آپ کو ایک اور اعداد و شمار بتاتا ہوں۔ ہندوستان اتنا بڑا ملک ہے، لیکن عالمی زرعی برآمدات میں ہماری حصہ داری محض ڈھائی سے تین فیصد کے قریب ہے۔ ہماری کارپوریٹ دنیا زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے سے کتراتی ہے اور اس سے دور بھاگتی ہے۔

ساتھیو!

ہمیں مل کر اس صورتِ حال کو بدلنا ہوگا۔ اسے قدر افزائی (ویلیو ایڈیشن) اور غذائی اشیا کی پراسیسنگ کی صنعت (فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری) کے ساتھ ایک بڑے موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ گزشتہ 12 برسوں کے دوران زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات میں پراسیس شدہ غذائی اشیا کا حصہ 13 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد سے زیادہ ہو گیا ہے۔ ضروری ہے کہ آج صنعت سے وابستہ تمام لوگ مل کر مستقبل کے لیے ایک حکمتِ عملی اور ایک جامع منصوبہ تیار کریں کہ ہم کیا پیدا کر رہے ہیں اور دنیا کی ضروریات کیا ہیں۔ میں آپ سے گزارش کروں گا کہ ہماری صنعتیں ہندوستان کے زرعی شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائیں۔ مخصوص بیرونی منڈیوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے قابلِ اعتماد طریقے سے خام مال کی فراہمی کا نظام قائم کریں اور ایسی مصنوعات تیار کریں جن کی ان منڈیوں میں مانگ ہے تاکہ ہندوستانی مصنوعات دنیا بھر میں ہماری شناخت بن سکیں۔

ساتھیو!

ان تمام امکانات کی طرح روزمرہ استعمال کی انجینئرنگ مصنوعات (ڈیلی انجینئرنگ پروڈکٹس) کے شعبے میں بھی ہندوستان کے لیے بہت بڑے مواقع موجود ہیں۔ دنیا بھر میں ہاتھ سے استعمال ہونے والے آلات (ہینڈ ٹولز) اور بجلی سے چلنے والے آلات (پاور ٹولز) کی برآمدات میں ہندوستان کی حصہ داری ابھی کافی کم ہے۔ عالمی منڈی میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لئے ہم اس شعبے پر توجہ دے سکتے ہیں۔ ہماری بڑی کمپنیاں چھوٹی کمپنیوں کو بھی معیار اور پیداواری پیمانے کے لحاظ سے ایسی پیداواری صلاحیتیں فروغ دینے میں مدد دے سکتی ہیں۔اسی طرح مشینری کی تیاری (مشینری مینوفیکچرنگ) بھی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ہمارے لیے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور جس میں ابھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔ ہم مل کر ایسی مشینیں تیار کر سکتے ہیں جن کی ترقی پذیر ممالک اور بالخصوص گلوبل ساؤتھ کو ضرورت ہے۔ ہماری صنعت پیکیجنگ کے آلات، آبپاشی کے نظام اور کارخانوں سے متعلق مشینوں کی منڈیوں میں بھی امکانات تلاش کر سکتی ہے اور جائزہ لے سکتی ہے کہ ان شعبوں میں ہم مزید کیا کچھ کر سکتے ہیں۔

ساتھیو!

کوئی بھی ملک اپنے کسانوں، چھوٹے کاروباریوں، اپنی صنعتوں، دولت پیدا کرنے والوں اور ٹیکس ادا کرنے والوں کا احترام کرتے ہوئے ہی ترقی کرتا ہے۔ صبح و شام انہیں برا بھلا کہنے سے ملک آگے نہیں بڑھتا۔آپ میں سے شاید کچھ لوگوں کو معلوم ہوگا، ممکن ہے پنکج بھائی وغیرہ کو اس بارے میں علم ہو، لیکن مجھے نہیں معلوم۔ گجرات میں ایک مرتبہ محکمہ انکم ٹیکس کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا تھا۔ اُس وقت مجھے وزیر اعلیٰ بنے ابھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا۔ مجھے بھی زیادہ سمجھ بوجھ نہیں تھی، نہ ہی کوئی خاص علم تھا اور نہ تجربہ، لیکن اُس اجتماع میں مجھے خطاب کرنے کا موقع ملا تھا۔ یہ غالباً 2002-2001 کی بات ہے، یعنی تقریباً 25 سال پہلے کی۔ محکمہ انکم ٹیکس کے تمام بڑے افسران وہاں موجود تھے۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ آخر آپ ہر شخص کو چور سمجھنا کب بند کریں گے؟ یہ کون سا طریقہ ہے؟ آپ بھی تو ملک کے لیے کام کرتے ہیں۔ کیا صرف ہم ہی لوگ ہیں جنہوں نے ملک کی ذمہ داری اپنے سر لے رکھی ہے؟ آپ بھی ملک کے لیے کام کرتے ہیں اور ہر شہری بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ ہر ایک کو عزت و احترام ملنا چاہیے۔اگر میں صنعت کی بات کروں تو گزشتہ برسوں کے دوران حکومت نے کاروبار کرنے میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پر خاص توجہ دی ہے۔ آپ دیکھیے، 2014 میں کارپوریٹ ٹیکس کی بنیادی شرح 30 فیصد تھی۔ ہم نے اسے کم کرکے 22 فیصد کر دیا ہے۔ آج ہندوستان میں 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر کوئی انکم ٹیکس نہیں ہے۔مجھے معلوم ہے کہ آپ تالیاں نہیں بجائیں گے، میں آپ کو اچھی طرح جانتا ہوں، کیونکہ آپ کی بھوک اتنی زیادہ ہے کہ کتنا ہی کھلا دیا جائے، آپ کا پیٹ نہیں بھرتا۔ میں نے تو 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا،لیکن کیا آپ نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا؟ کیا آپ نے اپنے ملازمین کی تعداد بڑھائی؟ نہیں! آپ کا رویہ تو یہی ہے کہ مودی جی، آپ اپنا کام کرتے رہیے، ہم دیکھ لیں گے۔ کیا یہی سلسلہ چلتا رہے گا؟

لیکن ساتھیو!

انکم ٹیکس میں اتنی بڑی رعایت دینے کا حوصلہ دکھایا گیا ہے۔ اس سے ہمارے عوام کی قوتِ خرید (پرچیزنگ پاور) میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے انکم ٹیکس ریٹرن اور رقم کی واپسی (ریفنڈ) کے نظام کو آسان بنایا ہے، تاکہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ بلاوجہ نظام میں پھنسا نہ رہے۔ آپ کو پہلے کا زمانہ یاد ہوگا، جب آٹھ آٹھ مہینے تک ‘‘چٹھی آئی رے!’’کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔ آج ایک ہفتے کے اندر رقم واپس مل جاتی ہے۔ ملتی ہے یا نہیں؟ تو تالیاں بھی بجائیے جناب! کیونکہ مجھے سمجھ میں نہیں آ رہا کہ ہم جو کچھ کر رہے ہیں، وہ آپ کے کام آ رہا ہے یا ہم یونہی یہ سب کچھ کیے جا رہے ہیں!جی ایس ٹی اصلاحات کے نتیجے میں ملک کی بہت سی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح کم ہوئی ہے۔ اس سے طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس کا براہِ راست فائدہ ہماری صنعتوں اور کاروباری اداروں کو پہنچ رہا ہے۔

ساتھیو!

گزشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان نے دنیا کے کئی ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی فکی کے لوگوں نے مل بیٹھ کر اس بارے میں غور کیا ہے؟ جب دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹس) ہوتے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے لیے نئے دروازے کھل چکے ہیں۔ کیا آپ نے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے کوئی منصوبہ بنایا ہے، یا اس کے لیے بھی مجھے خود آپ کے پاس آنا پڑے گا؟

میں آپ سے سچ کہتا ہوں، ساتھیو!

اس سے بڑا تاریخی موقع اور کوئی نہیں ہو سکتا اور اگر میری ان تمام کوششوں کا فائدہ آپ نہیں اٹھائیں گے، تو پھر کون اٹھائے گا؟ ذرا یہ تو بتائیے! میں یہ سب کچھ آپ ہی کے لیے کر رہا ہوں اور آپ کے ذریعے یہ کام ملک کے لیے ہو رہا ہے۔ آپ اس کام کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہیں۔ اپنی طاقت کو پہچانیے۔ہمارے پاس 140 کروڑ اہلِ وطن کی ایک بہت بڑی اپنی منڈی موجود ہے اور کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ یہی چیز آپ کے لیے مشکل بھی بن جاتی ہے۔ کیونکہ آپ کو معلوم ہے کہ کچھ بھی بناؤ، وہ بک ہی جائے گا۔ ارے بھائی، کوئی نہ کوئی تو خرید ہی لے گا۔ بڑے شہر کا رہنے والا نہیں خریدے گا تو چھوٹے شہر کا رہنے والا لے لے گا، چھوٹے شہر کا نہیں لے گا تو بڑے گاؤں کا کوئی شخص لے لے گا، ورنہ کسی نہ کسی گاؤں میں وہ بک ہی جائے گا۔ میرا مال تو فروخت ہو ہی جائے گا۔ لیکن اب یہ سوچ نہیں چل سکتی کہ ہماری نسل نے تو اپنا کام کر لیا، اب اگلی نسل جانے اور اس کا کام جانے۔ وقت بدل چکا ہے۔ آپ کو اپنے معیار میں تبدیلی لانی ہوگی۔ 140 کروڑ اہلِ وطن کو ایک یقینی منڈی (ایشورڈ مارکیٹ) سمجھ کر مت چلیےاور کبھی کبھی تو مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ معاف کیجیے گا دوستو، آج میں آپ سے کھل کر بات کر رہا ہوں۔ دیکھیے، دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ یہاں ان میں سے ایک طبقہ موجود ہے یا نہیں۔ ایک ہوتے ہیں بلڈرز، یعنی جائیدادیں تعمیر کرنے والے اور پراپرٹی ڈیولپرز۔ وہ کیا کرتے ہیں؟ کوئی اسکیم بناتے ہیں، مثلاً ایک بڑا ٹاور تعمیر کر دیتے ہیں۔ جب وہ بن کر تیار ہو جاتا ہے اور خریدار آنے لگتے ہیں، تو ایک آدھ فلیٹ اپنے پاس رکھ لیتے ہیں۔ پھر کسی سے کہتے ہیں کہ یہ فلیٹ میں نے اپنے لیے بنوایا ہے، یہ میرے بیٹے کے لیے ہے، لیکن اگر آپ چاہیں تو یہ آپ کو بھی دے سکتا ہوں۔ اس پر خریدار کو بھی لگتا ہے کہ یقیناً یہ تو بہت اچھے معیار کا ہوگا۔ یعنی ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ کہیں، یہ میرے لیے بنایا گیا ہے، آپ خرید لیجیےاور دوسرا طبقہ، جو یہاں زیادہ تعداد میں ہوگا، وہ اپنے گاہکوں سے کہتا ہے کہ آئیے، یہ لیجیے، یہ تو برآمدی معیار (ایکسپورٹ کوالٹی) کی چیز ہے! آخر آپ اپنے ہی ملک کے لوگوں کو کیا سمجھتے ہیں؟ کیا وہ اچھی کوالٹی کی مصنوعات کے حقدار نہیں ہیں؟ آج بھی آپ کو اپنے گاہکوں سے یہ کہنا پڑتا ہے کہ یہ ایکسپورٹ کوالٹی کی چیز ہے اور وہ بھی یہی سوچتا ہے کہ ہاں، اگر یہ دوسرے ممالک کے لوگوں کے لیے تیار کی گئی ہے تو یقیناً اچھی ہوگی۔ہمیں اپنی اس سوچ کو بدلنا ہوگا۔ میرے ملک کے شہری بھی بہترین معیار کی مصنوعات کے حقدار ہیں۔ گوپال جی، آپ ذرا سب کو یہ بات اچھی طرح سمجھا دیجیے گا۔لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ دوسرے ممالک میں جو نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ہم ان سے بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ آج جب ملک اصلاحات کی تیز رفتار مہم (ریفارم ایکسپریس) پر آگے بڑھ رہا ہے، تو حکومت بھی اس سمت میں آپ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے تیار ہے۔

اور ساتھیو!

آج میں کھلے دل سے آپ سے ایک بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں یہاں محض رسمی کارروائی کے لیے نہیں آیا ہوں، بلکہ آپ سے دل سے ملنے آیا ہوں۔ میں آپ کا احترام کرتا ہوں، اسی لیے یہاں آیا ہوں، لیکن سابقہ حکومتوں کے ساتھ آپ کے تجربات اتنے تلخ رہے ہیں کہ اس کا خمیازہ مجھے بھگتنا پڑ رہا ہے۔ یہ وہ پرانی حکومت نہیں ہے، یہ ایک دوست حکومت ہے۔ یہ دوستی نبھانا جانتی ہے اور اب جب آپ میرے سچے دوست ہیں، تو آپ کو ایک کام کرنا ہے۔ کریں گے؟ نہیں کریں گے؟ کریں گے؟ تو پھر بلا کسی ہچکچاہٹ اور جھجک کے مجھے کھل کر تحریری طور پر بتائیے کہ اب بھی کن اصلاحات کی ضرورت ہے۔ میں بار بار آپ سے یہی کہوں گا کہ اپنے مشورے کھل کر تحریری شکل میں بھیجیے۔ ممکن ہے کہ آپ کے 100 مشوروں میں سے صرف دو پر ہی عمل ہو پائے، تو یہ میری کمی ہوگی، آپ اپنی طرف سے کوئی کمی نہ رکھیے۔ حکومت کے دروازے بھی اور حکومت کا ذہن بھی پوری طرح کھلا ہے۔میں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ ہماری گھریلو منڈی (ڈومیسٹک مارکیٹ) ہمارا آرام دہ دائرہ (کمفرٹ زون) نہیں بننی چاہیے۔ یہ سوچ کہ اتنے سارے لوگ ہیں، ہمارا مال تو بک ہی جائے گا، اس ذہنیت سے باہر نکلیے دوستو! اس منڈی سے ہمیں وہ اعتماد حاصل ہونا چاہیے جس کی بدولت ہم عالمی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں۔ ہمیں اپنے اندر یہی جذبہ پیدا کرنا ہے۔اسی لیے دنیا کے مختلف خطوں کے گاہکوں کی ضروریات کو سمجھنے میں سرمایہ کاری کیجیے، اپنی ٹیمیں بھیجیے اور اس بات کا جائزہ لیجیے کہ کس ملک اور خطے کو کس چیز کی ضرورت ہے اور وہاں مصنوعات کیسے پہنچائی جا سکتی ہیں۔ یہ بھی دیکھیے کہ وہاں کے صارفین کے لیے زیادہ آسان اور موزوں مصنوعات کیسے تیار کی جا سکتی ہیں، ان کے مزاج کو سمجھ کر اور ان کی پسند کے رنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعات کے رنگ کیسے منتخب کیے جا سکتے ہیں۔ ورنہ ہم بھی جانتے ہیں کہ دنیا میں کس طرح منڈیوں پر اپنی گرفت مضبوط کی جاتی ہے۔ اب اس کی بھی کوئی ضمانت نہیں کہ گنیش جی کی مورتیاں ہم نے بنائی ہیں یا کسی اور نے، لیکن ہم اپنے گھروں میں ان کی پوجا تو کر رہے ہیں۔

ساتھیو!

ہمارے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ دنیا بھر میں جو ضروریات اور معیار رائج ہیں، ان کے مطابق اپنی مصنوعات تیار کرنے اور ان کے لیے تقسیم کاری کے مضبوط نیٹ ورک قائم کرنے میں سرمایہ کاری کریں۔ ہماری مصنوعات ایسی ہونی چاہئیں جو عالمی منڈی میں صارفین کا اعتماد جیتیں اور انہیں ہندوستان سے جوڑیں۔اسی گزارش کے ساتھ، ساتھیو، آج میں نے آپ سے بہت کھل کر بات کی ہے۔ میں نے اپنے دل کی ہر بات آپ کے سامنے پوری طرح رکھ دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ 100 سال کے اس سفر نے آپ کو بہت کچھ دیا ہے، لیکن اب اگلے 100 سال تک انتظار مت کیجیے۔ اس بات پر غور کیجیے کہ آپ آئندہ 10 سال میں ملک کو کیا دے سکتے ہیں۔اگر 1927 میں آپ کی بنیاد پڑی اور محض 20 سال بعد ملک آزاد ہو سکتا ہے، تو 2027 میں جب آپ اپنی 100 سالہ تکمیل کا ذکر کر رہے ہیں، تو ہمیں بھی اس عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کہ جب ہندوستان اپنی آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، تب تک ہم اگلے 20 سال میں اسے ایک ترقی یافتہ ملک بنا کر ہی رہیں گے۔

اور ساتھیو!

آزادی محض ایک نعرہ نہیں تھی، بلکہ ایک عہد تھا۔ اسی طرح ترقی یافتہ ہندوستان بھی محض ایک نعرہ نہیں، بلکہ ایک عہد ہے۔ اس عہد کو ہمیں 140 کروڑ اہلِ وطن کو اپنی زندگیوں میں اتارنا ہوگا اور اگر ہم اس عہد کو عملی طور پر اپنائیں گے، تو کامیابی بھی ہماری ہی ہوگی۔اسی جذبے کے ساتھ، میں آپ سب کو بہت بہت نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔بہت بہت شکریہ۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ف ر

U.NO.7893