Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

نیپال کے وزیراعظم کے دورۂ ہندوستان کے موقع پر مشترکہ پریس ریلیز

نیپال کے وزیراعظم کے دورۂ ہندوستان کے موقع پر مشترکہ پریس ریلیز


ہندوستان کے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی دعوت پر نیپال کے وزیرِ اعظم عالی جناب مسٹر بالیندر شاہ نے 22 سے 23 نومبر 2026 تک ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی سرکاری وفد بھی تھا۔ وزیرِ اعظم بالیندر شاہ کا عہدۂ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورۂ ہندوستان تھا۔

وزیرِ اعظم شاہ کا راشٹرپتی بھون میں رسمی خیرمقدم کیا گیا۔ انہوں نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم شاہ نے ہندوستان کی معزز صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی وزیرِ اعظم شاہ سے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وزیرِ اعظم شاہ کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ تعاون کے اہم شعبوں، باہمی دلچسپی کے علاقائی امور اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شاہ نے نیپال میں رسووا-بھوٹے کوشی کے تباہ کن سیلاب کے بعد ہندوستان کی جانب سے فراہم کی گئی انسانی ہمدردی پر مبنی اور تکنیکی امداد نیز یکجہتی کے اظہار پر اظہارِ تشکر کیا۔ اس سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا اور املاک تباہ ہوئی تھیں۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک قریبی دوست اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے نیپال کے ترقیاتی سفر میں ہندوستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ ہندوستان نیپال کو 15,000 کروڑ روپے (24,000 کروڑ نیپالی روپے) کی ترقیاتی امداد فراہم کرے گا۔ اس میں قدرتی آفات کے بعد تعمیرِ نو اور نیپال میں بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبوں کے لیے 3,500 کروڑ روپے (5,600 کروڑ نیپالی روپے) کی گرانٹ اور توانائی کے شعبے کے منصوبوں کے لیے 11,500 کروڑ روپے (18,400 کروڑ نیپالی روپے) کی، روپیہ پر مبنی قرض کی سہولت(لائن آف کریڈٹ) شامل ہے۔ ترقیاتی امداد کی فراہمی کے لیے مخصوص منصوبوں اور طریقۂ کار کو باہمی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے نیپال میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بشمول ہائی امپیکٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹس (ایچ آئی سی ڈی پی)، پر عمل درآمد میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے نیپال میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا، جس کی تعمیر حکومتِ ہند کی امداد سے کی جا رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کی گرانٹ سے چتون  میں زرعی و صنعتی پارک قائم کرنے کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا۔

 

دونوں رہنماؤں نے‘‘ وکست بھارت اور سمنت نیپال’’ یعنی ترقی یافتہ ہندوستان اور خوشحال نیپال  کے مشترکہ وژن کو اپنایا۔ اس مشترکہ وژن میں ہندوستان اور نیپال کے درمیان ایک بلند عزائم پر مبنی اور مستقبل رُخ شراکت داری کا لائحۂ عمل پیش کیا گیا ہے۔ اس میں دوطرفہ تعاون کے روایتی طور پر مضبوط شعبوں، مثلاً اقتصادی و ترقیاتی شراکت داری، رابطہ کاری، توانائی اور آبی وسائل اور عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت، آفات کے اثرات میں کمی اور ان کے انتظام، کھیل، نئے کاروباری اداروں، ڈیجیٹل خدمات، خلائی تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات بھی شامل ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے شہری ہوابازی کے امور پر جاری بات چیت کا ذکر کیا، جس کا مقصد رابطہ کاری کو بہتر بنانا اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہے۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ کھٹمنڈو-بھیرواہا-لکھنؤ کے درمیان موجود یک طرفہ بی 345 فضائی راستے کو دو طرفہ بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضروری طریقۂ کار کو حتمی شکل دینے اور شہری ہوابازی سے متعلق دونوں ملکوں کی جانب سے زیرِ غور دیگر تجاویز پر تبادلۂ خیال کے لیے تکنیکی مشاورت کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے گجرات کے دین دیال بندرگاہ (کانڈلا) کے ذریعے نیپال کی راہداری تجارت کے لیے رابطے کا ایک نیا راستہ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ، ضروری بنیادی ڈھانچہ تیار ہونے کے بعد اوڈیشہ کی پارادیپ بندرگاہ تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے نئی ریلوے لائنوں، پلوں، مربوط چیک پوسٹوں (آئی سی پیز) اور پٹرولیم پائپ لائنوں کی تعمیر کے ذریعے سرحد پار رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور سرحدی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے ایودھیا اور جنک پور کے درمیان سریو-کملا ایکسپریس ریل سروس کا افتتاح کیا۔ اس ریل سروس سے نہ صرف رابطہ کاری بہتر ہوگی بلکہ رامائن سرکٹ کے ساتھ مذہبی اور ثقافتی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور ہندوستان و نیپال کے تہذیبی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے بدھ مت اور شیو-شکتی مذہبی سیاحتی سرکٹس کو فروغ دینے کے لیے اسی طرح کے دیگر رابطوں کے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مجوزہ رکسول-کھٹمنڈو برقی براڈ گیج ریلوے لائن کے لیے فیلڈ لوکیشن سروے مکمل ہونے کا اعلان کیا اور بتایا کہ دونوں ملک نیپال میں مشرق-مغرب ریلوے کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے ورچوئل طریقے سے بنباسا میں ایک نئی مربوط چیک پوسٹ (آئی سی پی) کا سنگِ بنیاد رکھا اور بھیرواہا، سونولی اور دھودھارا-چنڈانی  میں مربوط چیک پوسٹوں کی تعمیر میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ ہندوستان اور نیپال کے درمیان پہلے ہی تین مربوط چیک پوسٹیں کام کر رہی ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کے دھارچولا اور نیپال کے دارچولا کے درمیان ایک نئے سرحد پار آمدورفت کے قابل پل کا افتتاح کیا۔ اس سے مغربی نیپال اور ہندوستان کے درمیان براہِ راست رابطہ مزید بہتر ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے سرحدی ستونوں کی دیکھ بھال اور مرمت سے متعلق مشترکہ میدانی کام میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خارجہ سکریٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ سرحد سے متعلق زیرِ التواء  معاملات پر کام کریں۔

ہندوستان اور نیپال کے درمیان سرحد پار پٹرولیم بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے موتیہاری-املیکھ گنج پائپ لائن کے دوسرے مرحلے کو نیپال کے عوام کے نام وقف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ورچوئل طریقے سے نیپال کے جھاپا میں پٹرولیم ٹرمینل کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی رکھا اور سلی گوڑی اور جھاپا کے درمیان پٹرولیم پائپ لائن کی تعمیر کا کام جلد شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے ہندوستان اور نیپال کے درمیان گیس پائپ لائنوں کی تعمیر میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں فریقوں نے بجلی کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہندوستان-نیپال کے مشترکہ وژن دستاویز اور طویل مدتی بجلی تجارت کے معاہدے کے مطابق پن بجلی کے شعبے میں دوطرفہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے نیپال کے پن بجلی کے شعبے میں ہندوستانی کمپنیوں کی سرگرم شمولیت کا خیرمقدم کیا اور نیپال میں ہندوستانی کمپنیوں کے ذریعے تعمیر کیے جا رہے مختلف پن بجلی منصوبوں کی تکمیل کا کام تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ورچوئل طریقے سے 669 میگاواٹ کے لوئر ارون پن بجلی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔

دونوں رہنماؤں نے پنچیشور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور آبی وسائل سے متعلق مشترکہ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ پنچیشور کثیر المقاصد منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) کو جلد از جلد حتمی شکل دیں اور منصوبے پر عمل درآمد کا کام شروع کریں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد کے لیے آبی وسائل سے استفادہ کرنے اور سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کی غرض سے سپت کوشی اور سن کوشی کثیر المقاصد منصوبوں کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کے کام میں تیزی لانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں فریقوں نے اناروا (نیپال) سے نیو پورنیہ (ہندوستان) اور دودھودھارا (نیپال) سے بریلی (ہندوستان) تک دو بڑی صلاحیت والی سرحد پار بجلی کی ترسیلی لائنوں کے لیے مشترکہ منصوبہ جاتی ادارے (جے وی) قائم کرنے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نیپال کے لیے ہندوستان کی ترقیاتی امداد اور صلاحیت سازی  میں  تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ہندوستان نیپال میں آئی آئی ٹی کا ایک آف شور کیمپس قائم کرے گا۔ اس سے نیپال کے تعلیمی شعبے کو مزید تقویت ملے گی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ دونوں رہنماؤں نے نئے کاروباری اداروں، ڈیجیٹل اور مالیاتی رابطہ کاری سمیت ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندوستان اور نیپال کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کیا۔

دونوں فریقوں نے اس ضرورت کو تسلیم کیا کہ ایک ملک میں مقیم دوسرے ملک کے شہریوں کے لیے بینکنگ اور ٹیلی مواصلات سمیت مختلف خدمات تک رسائی کو باہمی طور پر آسان بنایا جائے۔

اس دورے کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان درج ذیل مفاہمت ناموں  کا تبادلہ کیا گیا:

  1. گجرات کے گاندھی نگر میں واقع نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی، ہندوستان اور نیپال پولیس کے محکمۂ جرائم کی تحقیقات کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون سے متعلق مفاہمت نامہ۔
  2. راشٹریہ رکشا یونیورسٹی (آر آر یو)، ہندوستان اور نیشنل پولیس اکیڈمی (این پی اے)، نیپال کے درمیان مفاہمت نامہ۔
  3. حکومتِ ہند کے محکمۂ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے تحت نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس اور حکومتِ نیپال کی وزارتِ وفاقی امور اور عمومی انتظامیہ کے تحت نیپال ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج کے درمیان نیپال کے سرکاری ملازمین کے لیے صلاحیت سازی کے تربیتی پروگرام سے متعلق مفاہمت نامہ ۔
  4. آیوروید اور دیگر روایتی طریقہ ہائے علاج کے شعبے میں تعاون سے متعلق حکومتِ ہند اور حکومتِ نیپال کے درمیان مفاہمت نامہ۔
  5. جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے لیے سیٹلائٹ مواصلاتی نیٹ ورک (سیٹ کام) کے قیام سے متعلق حکومتِ ہند کے محکمۂ خلائی تحقیق (اسرو) اور حکومتِ نیپال کی وزارتِ اطلاعات و مواصلات کے درمیان مفاہمت نامہ ۔
  6. پائیدار شہری ترقی کے شعبے میں تکنیکی تعاون سے متعلق حکومتِ ہند اور حکومتِ نیپال کے درمیان مفاہمت نامہ ۔
  • vii. صحت اور طب کے شعبے میں تعاون سے متعلق حکومتِ ہند کی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور حکومتِ نیپال کی وزارتِ صحت و غذائی تحفظ کے درمیان مفاہمت نامہ ۔
  1. مویشی پروری اور ماہی پروری کی ترقی کے شعبے میں تعاون سے متعلق حکومتِ ہند اور حکومتِ نیپال کے درمیان مفاہمت نامہ ۔

نیپال کے وزیر اعظم نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے لیے ہندوستان کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باضابطہ طور پر نیپال کے دورے کی دعوت دی۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نے یہ دعوت قبول کر لی۔ اس دورے کی حتمی تاریخوں کا تعین سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا۔

ہندوستان اور نیپال کی شراکت داری گہرے اعتماد، دوستی، باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر استوار ہے، جو ہر سطح پر قائم ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط روابط کے ساتھ ساتھ قریبی اقتصادی اور ترقیاتی تعاون نے اس شراکت داری کو مزید مستحکم کیا ہے۔ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کی دیرینہ روایت کی تجدید ہوئی ہے اور اسے مزید آگے بڑھانے کے دونوں فریقوں کے عزم کی بھی توثیق ہوئی ہے۔

 

 

 ش ح۔  م م۔  ج ا

U.No. 8144