Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات کے اختتامی اجلاس میں وزیر اعظم کے خطاب کا متن


آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ صاحب، آسام کے مقبول وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما  صاحب، مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی سربانند سونووال صاحب، پویترا مارگریٹا  صاحب، میری بڑی بہن محترمہ اوشا منگیشکر  صاحبہ، بھارت رتن بھوپین ہزاریکا  کے خاندان کے تمام افراد، فنون لطیفہ کی دنیا سے وابستہ تمام معزز شخصیات، خواتین و حضرات! آپ سب کو میرا نمسکار!

میں بھوپین دا کو پرخلوص عقیدت کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اس تاریخی تقریب میں شرکت کرکے مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے۔ آج کا یہ پروگرام آسام اور شمال مشرقی ہندوستان کے ساتھ ہی ہندوستان کے فنون لطیفہ اور ہماری اجتماعی فکر و شعور کا بھی جشن ہے۔ یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ بھارت رتن بھوپین ہزاریکا   کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات کا آغاز گوہاٹی سے ہوا تھا، لیکن ان کا اختتام ملک کے دارالحکومت میں ہورہا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ اس سے پہلے مجاہد آزادی ویر لچت بورفوکن   کے 400ویں یوم پیدائش کے موقع پر بھی  قومی راجدھانی دہلی میں   بہت شاندار تقریب منعقد کی گئی تھی۔ یہ ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کی   نہایت خوبصورت مثال ہے۔

ساتھیو!

بھوپین دا کی صد سالہ جینتی کی تقریبات کے دوران پورے ملک نے اپنے اس عظیم سپوت کو سلام پیش کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میرے لیے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ مجھے صد سالہ تقریبات کے آغاز اور اختتام، دونوں ہی پروگراموں میں شرکت کا موقع ملا ہے۔

بھوپین دا سے میری قربت کی ایک اور خاص وجہ بھی ہے۔ وہ آسام کے عظیم سپوت تو تھے ہی، لیکن وہ گجرات کے داماد بھی تھے۔ آج بھی میں ان کے صاحبزادے جناب جیت سے گجراتی زبان میں ہی بات کرتا ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ جب مجھے ان تقریبات میں مدعو کیا گیا تو مجھے ایک الگ ہی خوشی محسوس ہوئی۔

میں وہ منظر کبھی نہیں بھول سکتا جب 11 ہزار فنکاروں نے ایک ساتھ بیہو رقص پیش کیا تھا۔ اس وقت پوری دنیا نے آسام کی ثقافتی طاقت کا مشاہدہ کیا تھا۔ جب بوڈو برادری کی بہنوں اور بھائیوں نے باگورومبا کا دلکش مظاہرہ  پیش کیا تو دنیا نے ہماری تہذیبی  رنگارنگی کا ایک حیرت انگیز رنگ دیکھا تھا۔ جب چائے کے باغات سے وابستہ ہزاروں فنکاروں نے جھوموئر کے رنگ بکھیرے تو چائے والا تو یقیناً خوش ہوا ہی ہوگا، لیکن اس موقع پر پوری برادری کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے آئیں اور آج آسام کے مختلف اضلاع کے فنکار ایک بار پھر اسی رنگ اور اسی جوش و جذبے کے ساتھ دارالحکومت دہلی آئے ہیں۔

ساتھیو!

میں ہیمنت  بسوا شرما صاحب، ان کی پوری ٹیم اور آسام کے عوام کو ایک اور تاریخی پہل کرنے کے لیے مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔ بھوپین ہزاریک کی یاد میں آسام حکومت نے ایک نیا ایوارڈ شروع کیا ہے اور اس کی اچھی شروعات محترمہ اوشا منگیشکر  صاحبہ کو اعزاز سے نوازنے کے ساتھ ہوئی ہے۔

اس سلسلے میں ایک اتفاق بھی ملاحظہ کریں کہ میرے گاؤں میں دو بیٹیاں تانا اور ریری تھیں، جن کا اکبر کے دور میں موسیقی کی دنیا میں بہت بڑا نام تھا۔ جب میں گجرات کا وزیر اعلیٰ  منتخب ہوا  تو میں نے تانا- ریری موسیقی تقریب کا آغاز کیا۔ اس وقت میں نے یہ روایت بھی شروع کی کہ ایسے فنکاروں کو مشترکہ طور پر ایوارڈ دیا جائے جن کی جوڑی کو ایک ساتھ پہچانا جاتا ہے۔ پہلا ایوارڈ اوشا دیدی اور لتا دیدی کو دیا گیا تھا اور اس وقت اوشا دیدی میرے گاؤں بھی آئی تھیں۔ آج بھی ایک نئے ایوارڈ کا آغاز ہورہا ہے اور مجھے ایک بار پھر اوشا دیدی کو سلام پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ اوشا دیدی کو دیا جانے والا یہ اعزاز بھوپین دا کی وراثت اور موسیقی کی دنیا، دونوں کا اعزاز ہے۔ آسام اور ملک کی کئی نسلیں بھوپین دا اور اوشا دیدی کے گیت سنتے ہوئے بڑی ہوئی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آج لتا دیدی اور آشا دیدی بھی جہاں کہیں ہوں گی، ہمیں ڈھیروں آشیرواد  دے رہی ہوں گی۔

ساتھیو!

اکثر جب ہم کسی شخصیت کی عظمت کا ذکر کرتے ہیں تو اس کے نام، کام اور کامیابیوں کو دیکھتے ہیں، لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی پہچان ان سب سے کہیں بڑھ کر ہوتی ہے۔ بھوپین دا بھی ایسی ہی نادر شخصیت کے مالک تھے۔ وہ گاتے تھے تو موسیقی کی دھنوں میں روح پھونکنے کے لیے، لکھتے تھے تو الفاظ کو نئی زندگی دینے کے لیے اور موسیقی ترتیب دیتے تھے تو معاشرے کو جوڑنے کے لیے۔

میرا خیال ہے کہ بھوپین دا نے صرف گیت نہیں لکھے بلکہ اپنے گیتوں میں ایک پورا عہد رقم کیا ہے۔ انہوں نے گنگا اور برہم پتر کے وسیع میدانوں کو اپنے گیتوں میں سمویا، ہندوستان کے مختلف معاشروں کو آپس میں جوڑا، لوک گیتوں کو نئی نسل کے لیے پرویا اور انہیں زبان کی حدود سے باہر نکالا۔ ہندوستانی ورثے کے تئیں ان کی وابستگی غیر معمولی تھی اور اسی وابستگی کے ذریعے انہوں نے ہندوستان کی اگلی نسل کو ہماری ثقافتی وراثت سونپی۔

ساتھیو!

بھوپین دا جتنے جدید خیالات کے مالک تھے، اتنے ہی اپنی مٹی سے بھی  لگاؤ رکھتے تھے۔ ان کی صلاحیتیں عالمی سطح کی تھیں، لیکن ان کا دل ہندوستانی تھا۔ اسی لیے گزشتہ سال میں نے گوہاٹی میں بھی کہا تھا کہ بھوپین دا نے ہندوستان کے جذبات کو اپنی آواز دی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے خوابوں کو اپنے گیتوں میں پرویا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ان کی اس وراثت کو حکومت ہند نے بھارت رتن کی شکل میں ملک کے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا ہے۔

ساتھیو!

بھوپین ہزاریکا  صاحب ایک  بڑے قوم پرست اور سچے محب وطن تھے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ ایک اچھا ہندوستانی بننے کے لیے ہر آسامی باشندے کا ایک اچھا آہومیا ہونا بھی ضروری ہے۔ ’’آمی  آہومیا ،  آمی بھال بھاروتیا ۔‘‘

سال1962 میں جنگ کے ماحول کے دوران انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے اپیل کی تھی کہ ’’بُکو ہُم ہُم کرے، مور آئی۔‘‘ یعنی جب ملک کا چاند تاریکی کے گھنے اندھیروں میں چھپ جائے تو نوجوان اپنی مادر وطن کے لیے سب کچھ قربان کرنے کو تیار رہیں۔ دریاؤں سے ان کی محبت اولاد جیسی تھی اور ان کا لگاؤ اس قدر گہرا تھا کہ وہ برہم پتر سے شکایت بھی کر بیٹھتے تھے اور اس سے جھگڑنے لگتے تھے۔ وہ سوال کرتے تھے کہ ناانصافی، استحصال اور امتیاز دیکھنے کے باوجود یہ دریا خاموشی سے کیوں بہتا رہتا ہے؟  ’’وسیع کناروں پر بے شمار لوگوں کی آہ و فغاں سننے کے باوجود، اے بوڑھے لوہت! تم خاموشی اور بے آواز کیوں بہتے رہتے ہو؟‘‘

ساتھیو!

اسی جذبے کے ساتھ نوجوان بھوپین ہزاریکا نے ایک نئے آسام اور نئے ہندوستان کی تعمیر کا عزم کیا تھا۔ وہ کہتے تھے، ’’میں انقلاب کے دور کی ایک چنگاری ہوں، نیا آسام بناؤں گا، نیا ہندوستان بناؤں گا۔‘‘ اور آج ہم اپنی آنکھوں سے نئے ہندوستان کی تعمیر ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ آج ملک کی نوجوان طاقت نئے کاروباری ادارے قائم کر رہی ہے، خلا میں راکٹ بھیج رہی ہے اور زراعت، مالیات، کھیل اور سائنس کے شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

ساتھیو!

بھوپین دا نے پوری انسانیت کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خوبصورت گیت گایا تھا، جو انسانیت کو تحریک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم سب زندگی کی ایک ہی کشتی کے مسافر ہیں۔ ’’ہم سب ایک ہی کشتی کے مسافر ہیں، ہم سب اس ایک ہی کشتی کے ساتھی ہیں۔‘‘  آج وہ کشتی ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے منتر کے ساتھ حقیقت کا روپ اختیار کرچکی ہے۔ آج ہر ہندوستانی کی محنت اور اس کی شراکت ملک کی ترقی کی پتوار بن گئی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ کوئی پیچھے نہ رہ جائے، سب ساتھ چلیں اور سب مل کر آگے بڑھیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ابھی ہم نے عالمی بینک کی رپورٹ میں دیکھا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران 50 کروڑ ہندوستانی شدید غربت سے باہر آئے ہیں۔ آسام میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے۔ یہ سب ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے منتر کی طاقت ہے۔

ساتھیو!

بھوپین دا کا ایک اور گیت ہے، ’’مانوہے مانوہور بابے‘‘۔ اس گیت میں انہوں نے ایک سوال اٹھایا ہے کہ اگر انسان ہی انسان کے دکھ درد کے بارے میں نہیں سوچے گا تو پھر کون سوچے گا؟ ذرا سوچیے! کتنا سادہ سوال ہے، لیکن اس میں کتنا بڑا پیغام پوشیدہ ہے۔ جب ہم اپنی پالیسیوں اور اپنے طور طریقوں میں انسانیت کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں تو معاشرے وجود میں آتے ہیں اور دلوں کو جوڑنے والے پل تعمیر ہوتے ہیں۔

گزشتہ 12 برسوں سے ہماری بھی یہی کوشش رہی ہے۔ آسام ہو، پورا شمال مشرقی ہندوستان ہو یا آٹھ لکشمی، حکومت نے انسانی ہمدردی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہوئے پوری خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کیا ہے۔ ہماری مسلسل کوشش ہے کہ شمال مشرقی ہندوستان کا ہر خاندان باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور مثبت توانائی کے ساتھ آگے بڑھے۔

مجھے اس بات پر بہت خوشی ہے کہ گزشتہ برسوں میں آسام کے ہزاروں لوگوں نے تشدد کا راستہ چھوڑ دیا ہے اور انسانیت، ترقی اور اعتماد کا نیا راستہ اختیار کیا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ آج ہم شمال مشرقی ہندوستان کی ہر ریاست، آٹھ لکشمی کی ہر شکل اور پورے شمال مشرق کے کونے کونے تک ترقی کے جو کام کررہے ہیں، ان میں سے ہر کام بھوپین دا کے آشیرواد اور ان کی تحریک کا نتیجہ ہے۔

ساتھیو!

ہم سب ہندوستانیوں نے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا عزم لے کر سفر شروع کیا ہے۔ ہماری زبان الگ ہوسکتی ہے، رہن سہن، کھانے پینے کے طور طریقے اور طرز زندگی مختلف ہوسکتے ہیں، بہت سی چیزیں الگ ہوسکتی ہیں، لیکن ہمارا عزم ایک ہے۔ اور یہ عزم ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا ہے۔

ہاں، ایسی باتیں ان لوگوں کو پسند نہیں آتیں جو اختلافات اور تنازعات میں اقتدار کے خواب دیکھتے ہیں، جو ہندوستان کو بھی ٹکڑوں میں دیکھتے ہیں اور جو ملک کی کامیابیوں سے ناراض رہنے والے پھوپھا بن کر گھومتے رہتے ہیں۔ میں تو کہوں گا کہ ایسے ناراض پھوپھاؤں کو بھوپین دا کے گیت بار بار سننے چاہئیں۔ شاید اس سے انہیں کچھ عقل آجائے۔

ساتھیو!

مجھے ایک اور بات پر فخر ہے۔ بھوپین دا نے کاشی میں تعلیم حاصل کی تھی اور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اسی کاشی کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ وہ ابلاغ عامہ کے شعبے میں پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے ہندوستانیوں میں سے ایک تھے۔ اگرچہ بھوپین دا کی صد سالہ جینتی کی تقریبات کا آج اختتام ہورہا ہے، لیکن ان کی وراثت ہمیشہ زندہ رہے گی۔ اس لیے ہمیں ان کی یادوں سے تحریک حاصل کرتے ہوئے نئے عزم کو عملی شکل دینی چاہیے۔ بھوپین دا کے گیت ہماری تعلیم کا حصہ بنیں اور نئی نسل تک پہنچیں۔ ان کی تخلیقات کو محفوظ رکھا جائے، ان کے خیالات پر تحقیق ہو اور ملک کی مختلف زبانوں میں ان کے ادب کو فروغ دیا جائے، یہ بہت ضروری ہے۔

ساتھیو!

بھوپین دا نے نئے آسام کا خواب دیکھا تھا۔ میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ گزشتہ دہائی میں آسام بے مثال امکانات والی ریاست بن کر ابھرا ہے۔ اور میں نے چند سال پہلے کہا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک کا بچہ بچہ یہ کہنا شروع کردے گا کہ اے فار آسام۔

جدید آمد و رفت کی سہولتوں سے لے کر ٹیکنالوجی کے نئے مراکز تک، بھوپین دا کے نام پر برہم پتر پر تعمیر کیے گئے عظیم الشان پل سے لے کر گوہاٹی میں مقبول گوپی ناتھ بوردولوئی   کے نام سے بنائے گئے جدید ہوائی اڈے تک، آسام کی ایک نئی تصویر سامنے آرہی ہے۔ آسام کی ترقی کی یہ رفتار مزید تیز ہونے والی ہے۔

اسی یقین کے ساتھ ایک بار پھر آپ سب کو اور خاص طور پر محترمہ اوشا منگیشکر  صاحبہ کو میری دلی مبارک باد اور نیک خواہشات۔

بہت بہت شکریہ۔

 

ش ح ۔ م ش ع۔ ج

uno-8462