پی ایم انڈیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 12 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں برکس سربراہی کانفرنس کے موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے صدر عزت مآب جناب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے اگست 2025 میں تیانجن میں اپنی آخری ملاقات کے بعد سے ہندوستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی مستحکم پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو ایک تزویراتی اور طویل مدتی نقطۂ نظر سے دیکھنا چاہیے۔ اختلافات کو تنازعات میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں فریقوں کو تین باہمی اصولوں یعنی باہمی احترام، باہمی حساسیت اور باہمی مفاد سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں امن اور سکون دو طرفہ تعلقات کی مسلسل ترقی کے لیے ایک اہم بنیاد ہے۔ انہوں نے سرحد سے متعلق امور پر موجودہ معاہدوں اور مفاہمتوں کی دونوں فریقوں کی جانب سے پابندی کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرحدی سوال کے منصفانہ، معقول اور باہمی طور پر قابل قبول حل کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا، جس کے لیے ان کے مجموعی دو طرفہ تعلقات کے سیاسی تناظر اور دونوں ممالک کے عوام کے طویل مدتی مفادات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے عوام سے عوام کے روابط میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ثقافتی تبادلوں، کاروباری روابط اور دونوں ممالک کے درمیان زیادہ آمد و رفت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے حوالے سے انہوں نے ایک دوسرے کے خدشات، جن میں ساختی تجارتی عدم توازن اور سپلائی چین سے متعلق مسائل شامل ہیں، کو دور کرنے اور بامعنی اور قابل پیش گوئی منڈی تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ علاقائی اور عالمی امور پر اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں دونوں فریقوں کو مشترکہ بنیاد کو مسلسل وسیع کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے بھارت کی برکس صدارت کے لیے چین کی حمایت اور برکس سربراہی کانفرنس 2026 کی کامیابی میں ان کے تعاون کا خیر مقدم کیا۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 3354