Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

کابینہ نے سب طویل مدت کار تک مسلسل خدمات انجام دینے والے منتخب وزیر اعظم ہونے پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی


آج مرکزی کابینہ نے ایک قرارداد منظور کی، جس میں 10 جون 2026 کو ہندوستانی جمہوریت کے سفر کا ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو ملک کے سب سے طویل عرصے تک مسلسل منتخب رہنے والے وزیراعظم بننے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔مسلسل 4,399 دن تک منتخب وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے کر جناب نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 1952 سے 1964 تک مسلسل 4,398 دن اس منصب پر خدمات انجام دی تھیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ موقع ہندوستان کے جمہوری شعور، عوامی اعتماد اور عوامی شمولیت کی طاقت کی علامت ہے۔ یہ اس غیر معمولی عوامی حمایت کا  اظہار بھی ہے جو قوم کو اولین ترجیح دینے کے عزم  کے ساتھ رہنمائی کرنے والے ایک رہنما کو ملک کے عوام نے عطا کی ہے۔

وزیراعظم کو دلی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہے جب ان کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت نے اپنے 12 سال مکمل کیے ہیں۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مسلسل 25 برس تک حکومت کی سربراہی انجام دینے کے تاریخی سنگ میل کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔سرکاری متن میں اس بات پر فخر کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملک کو ایسی قیادت میسر آئی ہے جو حساسیت، تحمل، مضبوط عزم اور فیصلہ کن صلاحیتوں سے آراستہ ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ چھ دہائیوں کے بعد پہلی مرتبہ ملک کے عوام نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو مسلسل تیسری بار حکومت تشکیل دینے کے لیے واضح اکثریت  سے ہمکنار کیا ہے۔

وزیراعظم کی زندگی کو خدمتِ خلق اور قومی تعمیر کے لیے مسلسل وقف رہنے کی علامت قرار دیتے ہوئے قرارداد میں یاد دلایا گیا ہے کہ انہوں نے 2014 میں خود کو ’پردھان سیوک‘ (عوام کا خادم) قرار دیتے ہوئے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے اصول پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ غریبوں کی فلاح و بہبود کو حکمرانی کا مرکزی محور بنایا گیا، دستاویز میں عوام کو بے مثال پیمانے پر فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتوں کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں پکے مکانات، بجلی، صاف پینے کا پانی اور براہ راست مالی فوائد کی منتقلی (ڈی بی ٹی) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 80 کروڑ سے زائد شہریوں کو مفت غذائی اجناس اور 60 کروڑ سے زیادہ غریب افراد کو مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کیے جانے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ قرارداد میں درج ہے کہ ان تمام اقدامات نے مجموعی طور پر قومی خوداعتمادی کو مضبوط کیا اور 25 کروڑ سے زیادہ افراد کو غربت سے باہر نکلنے میں مدد دی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف اہم طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات بھی نمایاں رہے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں پر خصوصی توجہ کے نتیجے میں بھارت دنیا کے تیسرے سب سے بڑے اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام کا حامل ملک بن کر ابھرا، جبکہ مشن چندریان کے ذریعے سائنسی میدان میں بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت مستحکم کی۔دستاویز میں ’خواتین کی قیادت میں ترقی‘کے ایک نئے باب کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے تحت دھوئیں سے پاک باورچی خانوں کی فراہمی، لکھپتی دی دی مہم اور قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے تاریخی 33 فیصد ریزرویشن جیسے جامع اقدامات کو نمایاں کیا گیا ہے۔قرارداد میں کسانوں کو ’وکست بھارت‘ کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے پی ایم کسان سمان ندھی جیسی اسکیموں اور مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کو کسان کریڈٹ کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا گیا ہے، جن کے نتیجے میں زرعی برآمدات 5 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہیں۔

قرارداد میں ’ملک مقدم‘کے جذبے کے تحت کئی دہائیوں سے التوا کا شکار اہم اصلاحات کو فیصلہ کن انداز میں نافذ کرنے کے عزم کو سراہا گیا ہے۔ اس ضمن میں دفعہ 370 کی منسوخی، اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کا نفاذ، ایک عہدہ ایک پنشن (او آر او پی)، شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، بھارتیہ نیائے سنہتا کے نفاذ اور محنت سے متعلق قوانین کو یکجا کرکے نئے لیبر کوڈز کی تشکیل جیسے تاریخی اقدامات کو نمایاں کامیابیوں کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔دستاویز میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کو نمایاں طور پر اہمیت دی گئی، جس کا ثبوت دہشت گردی کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائیوں کی صورت میں سامنے آیا، جن میں سرجیکل اسٹرائیکس، سرحد پار فضائی حملے، آپریشن سندور اور غیر منصفانہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے اقدامات شامل ہیں۔قرارداد میں نکسل ازم کے خاتمے کی سمت میں نمایاں پیش رفت، شمال مشرقی خطے میں مستقل امن معاہدوں پر دستخط، اور بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے حل کو بھی حکومت کی قابل ذکر کامیابیوں میں شمار کیا گیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’میک اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ مہمات کے نتیجے میں ملک کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو نمایاں فروغ حاصل ہوا، جس کے باعث دفاعی پیداوار سے لے کر مصنوعی ذہانت (اے آئی) تک مختلف شعبوں میں بھارت نے نئی پیش رفت حاصل کی۔اس کے ساتھ ہی، دستاویز میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ کامیاب جی-20 صدارت،یوگا کا بین الاقوامی دن اور انٹرنیشنل سولر الائنس نیز مشن لائف جیسے اقدامات کے ذریعے عالمی سطح پر بھارت کے کردار کو مزید مضبوطی حاصل ہوئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’وکاس اور وراثت‘کو یکجا کرتے ہوئے ملک میں ثقافتی احیاء کی ایک نئی لہر پیدا ہوئی، جس کی علامت نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر اور کرتویہ پتھ کی ترقی ہے۔ اس عمل کی بنیاد عوامی شمولیت کے اس جذبے پر مبنی رہی جس نے کورونا وبا جیسے عالمی بحرانوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے میں بھی اہم رول ادا کیا تھا۔

قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ گزشتہ ب12 برسوں کے دوران سیاسی استحکام، متحرک طرزِ حکمرانی اور دور اندیش پالیسیوں نے بھارت کو دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت میں تبدیل کر دیا ہے۔ اسی پس منظر میں مرکزی کابینہ نے  تہ دل سے قدردانی کے اظہار اور مستقبل کے عزم کی توثیق کے لیے درج ذیل قراردادیں باضابطہ طور پر منظور کی ہیں۔

مرکزی کابینہ کی جانب سے باضابطہ طور پر منظور کی گئی قراردادیں

  • اس تاریخی کامیابی پر عزت مأب وزیراعظم جناب نریندر مودی کو دلی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جاتا ہے۔
  • غریبوں کی فلاح و بہبود اور معاشرے کے محروم و پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی قیادت میں انجام دیے گئے اقدامات پر اپنے گہرے تشکر کا اظہار کیاجاتا ہے۔
  • معزز وزیراعظم کی ان پالیسیوں کو سراہا جاتا ہے، جن کی بدولت ان کی قیادت میں بھارت کے 25 کروڑ سے زائد غریب افراد غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
  • قوم کی خدمت کے لیے ان کی بے مثال وابستگی، انتھک محنت اور مسلسل کاوشوں پر اظہارِ تشکر کیا جاتا ہے۔
  • جامع و ہمہ گیر ترقی اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے ان کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا جاتا ہے۔
  • قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور بھارت کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیاجاتا ہے۔
  • ’وکست بھارت‘کی تعمیر کے لیے ان کے دور اندیش عزم اور قائدانہ کردار سے اپنے مکمل تعاون اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا جاتا ہے۔

منظور کی گئی قرارداد کے اختتام پر وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی بہترین صحت، درازیٔ عمر اور مسلسل کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جاتاہے۔ قرارداد میں اس امر پر مکمل اور غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے کہ جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ایک خود کفیل، محفوظ، خوشحال اور عظیم قوم کے طور پر نئی بلندیوں کو مسلسل چھوتا رہے گا، اور سال 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے اپنے ہدف کی جانب مضبوطی اور اعتماد کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھے گا۔

کابینہ کی قرارداد کوانگریزی میں دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

کابینہ کی قرارداد کوہندی میں دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

*****

ش ح۔ ش ب  ۔ ص ج

U. No-8204