Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

کسان تک بھارت زرعی کانفرنس میں وزیرِ اعظم کے خطاب کا اصل متن

PM's address at the Kisan Tak Bharat Agriculture Conference


آپ سب کو بھی دیوالی کے اس مقدس تہوار اور چھٹھی مَیّا کے آنے والے تہوار کی دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ سب کو میرا آداب!

انڈیا ٹوڈے گروپ کے چیئرمین اور ایڈیٹر اِن چیف جناب ارون پوری جی، اس پروگرام میں ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے زرعی سائنس دانوں، زرعی صنعت کاروں، کسان بھائیوں اور دیگر معزز خواتین و حضرات!

سب سے پہلے اس اختراعی کوشش کے لیے میں انڈیا ٹوڈے گروپ کی دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جب ملک میں صفائی ستھرائی کی مہم شروع کی گئی تھی تو انڈیا ٹوڈے گروپ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ اب آپ نے یہ ’کسان میلہ‘ منعقد کیا ہے اور اس کے لیے پورے دو دن مختص کیے ہیں۔ یہ ایک نہایت مثبت پہل ہے۔ میں آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ارون جی کو اس بات کی بھی دوہری مبارک باد دیتا ہوں کہ وہ اتنی عمدہ ہندی بولتے ہیں۔

ساتھیو!

یہ پروگرام ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہےجب پورے ملک میں تہواروں کی رونق ہے۔ دو تین دن پہلے ہم نے دیوالی کا تہوار منایا اور اب چھٹھ مہاپَرو کی چھٹا ہر طرف بکھری ہوئی ہے۔ چھٹھ کا تہوار زرعی زندگی سے گہرا تعلق رکھتا ہے اور ہمارے یہاں تو بیشتر تہوار کاشت کاری اور زراعت سے وابستہ ہیں۔ بیہو، پونگل، اونم، بیساکھی، سرہول، پولا اور اس طرح کے بے شمار تہوار زراعت سے جڑے ہوئے ہیں۔ یعنی کھیتی باڑی ہماری ثقافت، ہماری روایت اور ہماری سماجی زندگی کی بنیاد ہے۔

ساتھیو!

میں نے لال قلعہ کی فصیل سے ’وکست بھارت‘ کے لیے طاقت کے سات اہم ستونوں کا ذکر کیا تھا، جن میں زراعت ایک اہم ستون ہے۔ زراعت کو ترقی دیے بغیر، اسے مزید جدید اور اسمارٹ بنائے بغیر اور کسانوں کو بااختیار بنائے بغیر ’وکست بھارت‘ کی تعمیر ممکن ہی نہیں ہے۔ اسی لیے اس طرح کی کسان کانفرنسوں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

ساتھیو!

زراعت اور ملک کی ترقی کے درمیان کیا تعلق ہے، اسے آپ دو دیگر اہم حقائق کے ذریعے سمجھ سکتے ہیں۔ ابھی افلاس کے حوالے سے عالمی بینک کی ایک تحقیق سامنے آئی ہے، جس پر پوری دنیا میں بحث ہو رہی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ محض 12 سے 13 برسوں کے دوران ہی ہندوستان کے 50 کروڑ غریب افراد نے افلاس کو شکست دی ہے۔ اس تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں غربت میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے۔ یعنی بڑی تعداد میں چھوٹے کسانوں اور کھیت مزدوروں نے غربت کو شکست دی ہے۔ اب اس کے ساتھ ایک اور اتفاق دیکھیے کہ گزشتہ دہائی کے دوران ہندوستان میں زراعت کی شرحِ نمو 4 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔ آزادی کے بعد یہ پہلا عشرہ ہے جب ملک کے زرعی شعبے نے اوسطاً 4 فیصد سے زیادہ کی شرحِ نمو حاصل کی ہے، آزادی کے بعد پہلی مرتبہ۔۔ اور اسی دوران دیہی علاقوں میں بڑی تعداد میں غریب افراد نے غربت کو شکست دی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے خبروں کے زاویوں اور ایجنڈوں میں الجھے لوگوں کو ملک کی یہ کامیابی نظر نہیں آتی۔

ساتھیو!

زراعت کرنے والے اور اس سے وابستہ ماہرین جانتے ہیں کہ زراعت سے متعلق پالیسیوں اور طریقۂ کار میں مسلسل تبدیلی کتنی ضروری ہے۔ جن لوگوں نے کئی دہائیوں تک حکومتیں چلائیں، وہ اپنے دور میں صرف اسی بات پر مطمئن ہوگئے کہ ملک کے کسانوں نے اناج کے گودام بھر دیے، لیکن اس کے بعد کسانوں کو کیا ملا؟ اناج کے گودام بھر دینا ہی کافی نہیں ہوتا۔ وقت کے ساتھ دنیا بدلی، بازار بدلے، لوگوں کی ضروریات اور کھانے پینے کی عادات بدلیں، موسم بدلا اور ٹیکنالوجی بھی بدلی۔ ان تبدیلیوں کے ساتھ ہمیں اپنے کسانوں کو نئے سرے سے بااختیار بنانا تھا، لیکن پہلے اس جانب بھی توجہ نہیں دی گئی۔

ساتھیو!

گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک نے اس رفتار سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اقدامات کیے اور اس کے نتائج ہم سب کے سامنے ہیں۔ آج ہندوستان ہر سال چار لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی زرعی مصنوعات برآمد کر رہا ہے اور یہ رقم ہمارے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کر رہی ہے۔ آج ہندوستان دودھ کی پیداوار میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ دالوں کی پیداوار میں ہندوستان پہلے نمبر پر ہے۔ ہندوستان پٹ سن کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔ چاول کی پیداوار میں بھی ہندوستان دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ گیہوں کی پیداوار میں ہندوستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ کپاس، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مچھلی کی پیداوار میں بھی دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور موٹے اناج (ملیٹس)کی پیداوار میں بھی ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ یہ محض چند اعداد و شمار نہیں ہیں، بلکہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہندوستان کے کسانوں کی صلاحیت میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔

ساتھیو!

ہندوستان کے کسانوں کی خوشحالی کے لیے ایک اور بات  نہایت ضروری ہے۔ ان کے لئے یہ لازم ہے کہ وہ محض گیہوں، چاول اور گنے جیسی روایتی فصلوں پر ہی انحصار نہ کریں۔ میں دوبارہ کہتا ہوں، کسان بھائی صرف گیہوں، چاول اور گنے جیسی روایتی فصلوں پر منحصر نہ رہیں۔ اسی لیے حکومت دیگر فصلوں اور زراعت سے وابستہ دوسرے کاموں کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ میں انڈیا ٹوڈے گروپ کو صرف یہ یاد دلانا چاہتا ہوں کہ لفظ ’انقلاب(ریولیوشن)‘سے اسے خاصا لگاؤ ہے۔ اسی لیے اب میں چند انقلابات کا ذکر کر رہا ہوں۔

ساتھیو!

ایک وقت تھا جب ملک نے ’سبز انقلاب‘کے ذریعے غذائی اجناس کی پیداوار میں خود کفالت کی سمت ایک تاریخی قدم اٹھایا تھا۔ اس کے بعد ’سفید انقلاب‘نے ہندوستان کو دنیا کا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک بنا دیا۔ آج میں آپ کو چند مزید اعداد و شمار بتاؤں گا، جو ظاہر کرتے ہیں کہ یہ سفر اب نئی بلندیوں کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان کی دودھ کی پیداوار میں تقریباً 70 فیصد اضافہ ہوا ہے، یعنی 70 فیصد اضافہ۔ انڈوں کی پیداوارمیں بھی تقریباً 90 فیصد اضافہ ہوا ہے، یعنی 90 فیصد۔ جہاں تک ’نیلے انقلاب‘کا تعلق ہے تو گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان میں مچھلی کی پیداوار دوگنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ شہد کی مکھیوں کی پرورش کے شعبے میں ’میٹھے انقلاب‘نے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ شہد کی پیداوار تقریباً 80 ہزار ٹن سے بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ٹن ہوگئی ہے۔ باغبانی کے شعبے میں بھی ہندوستان کی پیداوار اب 280 ملین ٹن سے بڑھ کر 350 ملین ٹن سے زیادہ ہوگئی ہے۔

ساتھیو!

جب ہم ان تمام انقلابات کو ایک وسیع وژن کے ساتھ جوڑتے ہیں تو اس سے ملک کے کسانوں کے لیے آمدنی کے متعدد ذرائع پیدا ہوتے ہیں اور یہ مستقبل کی زراعت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ میں آپ کو ایک اور مثال دیتا ہوں۔ ایک اور انقلاب، یعنی شمسی توانائی کا انقلاب۔ اس انقلاب نے ملک کے اَنّ داتا کو توانائی داتا بنا دیا ہے۔ پی ایم کُسم یوجنا کے تحت اب تک تقریباً 12 لاکھ شمسی پمپ فراہم کیے جاچکے ہیں۔ اس سے کسانوں کا بجلی کا بل بھی کم ہو رہا ہے اور کسان اپنے کھیتوں میں شمسی توانائی کے پلانٹ لگا کر بجلی سے آمدنی بھی حاصل کرنے لگے ہیں۔ ہم نے زراعت میں پیداوارکے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت اور کسانوں کے منافع پر بھی توجہ دی ہے۔

ساتھیو!

حال ہی میں حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے میرے 25 سال مکمل ہوئے ہیں۔ جب میں گجرات کا وزیر اعلیٰ تھا، تب بھی زراعت اور کسانوں کو جدید بنانے کے لیے مسلسل کام کرتا تھا۔ اس وقت میں نے وہاں بڑے پیمانے پر زرعی میلوں کا آغاز کیا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ مئی اور جون کے مہینوں میں 40 سے 45 ڈگری درجۂ حرارت کے باوجود سیکڑوں زرعی سائنس داں، زرعی ماہرین اور ترقی پسند کسان مل کر کسان رتھ تیار کرتے تھے اور اس پر سوار ہوکر مختلف علاقوں کا دورہ کرتے تھے۔ ہم گاؤں ہی نہیں بلکہ کھیتوں میں بھی جاتے تھے اور کسانوں کے کھیتوں میں پہنچ کر ان سے بات چیت کرتے تھے۔ اس علاقے کی مٹی کیسی ہے، پانی کی دستیابی کتنی ہے، وہاں کون سی فصل بہتر ہوسکتی ہے، کس طرح کی کاشت کاری کی ضرورت ہے، ان تمام موضوعات پر کسانوں کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کیا جاتا تھا۔ ہماری کوشش تھی کہ سائنس دانوں کی تجربہ گاہوں میں موجود علم براہِ راست کسانوں کے کھیتوں تک پہنچے۔ یعنی ہم ’لیب ٹو لینڈ‘کا تصور لے کر آگے بڑھے اور اس سے گجرات کے کسانوں کو بہت فائدہ ہوا

ساتھیو!

گجرات کے دورِ حکومت کا وہ تجربہ مرکزی حکومت میں آنے کے بعد میرے لیے بہت کارآمد ثابت ہوا ہے۔ سال 2014 میں ملک میں مٹی کی جانچ کرنے والی چند سو تجربہ گاہیں تھیں۔ آج ان کی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 400 سے زیادہ ہوچکی ہے۔ جس طرح طبی سائنس کے شعبے میں پیتھالوجی کی لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں۔ اسی طرح آج مٹی کی جانچ کے لیے بھی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ آج ملک میں 750 سے زیادہ زرعی سائنس مراکز موجود ہیں۔ ہم جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کو بھی ترجیح دے رہے ہیں۔ فُٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز یعنی کھرپکا اور منہ پکا جیسی بیماریوں سے جانوروں کے تحفظ کے لیے 8 کروڑ سے زیادہ کسانوں کے مویشیوں کو مفت ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ کووڈ کے دوران ہم نے مفت ٹیکے لگائے، اس پر تو سب کی توجہ ہے، لیکن یہ مودی ہے جو جانوروں کو بھی مفت ٹیکے لگواتا ہے۔

ساتھیو!

اکثر پرانی سوچ رکھنے والے کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ ہمارے دیہات میں جدید اور بھاری بھرکم ٹیکنالوجی کا استعمال ممکن ہی نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کو نمو ڈرون دیدیوں نے غلط ثابت کردیا ہے۔ ایک مرتبہ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام ڈرون دیدیوں سے بات کر رہا تھا۔ ایک گاؤں میں، غالباً جھارکھنڈ کی ایک بیٹی سے میری بات ہو رہی تھی۔ اس نے مجھے بتایا کہ اب تو میرا رتبہ ہی بدل گیا ہے۔ میں نے پوچھا، کیوں؟ اس نے کہا کہ پورا گاؤں مجھے پائلٹ کہتا ہے اور میرے گھر میں بھی میرے دیور مجھے پائلٹ بھابھی کہہ کر پکارتے ہیں۔ یعنی اس سے خود اعتمادی اور عزتِ نفس میں کتنا اضافہ ہوتا ہے!اس وقت نمو ڈرون دیدیاں کھاد اور کیڑے مار ادویات کے چھڑکاؤ میں ڈرون کا استعمال کر رہی ہیں۔ اب اس کے استعمال کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔

ساتھیو!

آج کا ہندوستان زراعت میں انجینئرنگ کے کردار کو بھی وسعت دے رہا ہے۔ ہمارے زرعی سائنس داں، انجینئر اور نوجوان مل کر ایسے آلات اور مشینیں تیار کر رہے ہیں، جو کھیتی باڑی کے اخراجات کم کر رہی ہیں۔ کہیں ایسی مشینیں بنائی جا رہی ہیں جو بوائی اور کٹائی کے کام کو آسان بنا رہی ہیں۔ یہاں موجود صنعت کاروں، خصوصاً ان لوگوں سے جو کسانوں کے لیے مشینیں اور آلات تیار کرتے ہیں، نیز اسٹارٹ اَپ سے وابستہ افراد سے بھی میں اپیل کروں گا کہ اب آپ جو بھی آلات تیار کریں، وہ شمسی توانائی سے چلنے والے ہوں، کیونکہ ہم ہر کھیت تک شمسی توانائی پہنچانے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ جس طرح آج دنیا برقی گاڑیوں کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسی طرح میں چاہتا ہوں کہ زراعت میں استعمال ہونے والے ہر طرح کے آلات شمسی توانائی سے چلنے والے بنائے جائیں۔ اس سمت میں میں خود بھی کافی کوششیں کر رہا ہوں۔ لیکن میں تمام ایم ایس ایم ایز اور چھوٹی صنعتوں سے کہوں گا کہ آپ اس پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ یہ انقلاب کا ایک بہت بڑا شعبہ بننے والا ہے۔ صرف یہی نہیں اب ایسے آلات بھی تیار ہو رہے ہیں جو سینسر پر مبنی اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔تاکہ کسانوں کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں اور چھوٹے سے چھوٹے کسان بھی انہیں خرید سکیں۔ اب مٹی کی جانچ کے لیے موبائل فون پر ہی ایسی سہولت فراہم کی جا رہی ہے کہ آپ اپنے موبائل فون پر مٹی کا تھوڑا سا نمونہ ڈالیں اور فوراً رپورٹ حاصل کرلیں کہ آپ کی مٹی کس فصل کے لیے موزوں ہے، آپ کو کتنی اور کس قسم کی کھاد کی ضرورت ہے۔ یعنی کتنی تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔ آج ہندوستان میں زرعی انجینئرنگ سے لے کر زرعی اسٹارٹ اَپس تک بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ہمیں اپنے اَنّ داتا کو زرعی صنعت کار بنانا ہے۔ جہاں پیداوار ہوتی ہے، وہیں اس کی قدر افزائی (ویلیو ایڈیشن) کیسے کی جائے۔ اس پر اب ملک میں تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

گزشتہ برسوں میں چھوٹے کسانوں نے حکومت کے ساتھ مل کر10 ہزار ایف پی اوز یعنی کسانوں کی پیداواری تنظیموں کا ایک بڑا نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ یہ نیٹ ورک چھوٹے کسانوں کے گروپوں کو بھی قدر افزائی کرنے والے اداروں میں تبدیل کر رہا ہے اور انہیں غذائی اجناس کی پروسیسنگ کے کاروبار سے جوڑ رہا ہے۔ مجھے گجرات کے دورِ حکومت کا ایک واقعہ ہمیشہ یاد رہتا ہے۔ گجرات میں جیوتی گرام یوجنا شروع کی گئی۔ ہم نے زراعت کے لیے بجلی کے فیڈرز الگ کیے اور گھریلو استعمال کے لیے بجلی کے فیڈرز الگ کیے۔ اس کے بعد کسانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کرنے لگے۔ اس سے کسانوں کو بہت سہولت ہوئی۔ گاندھی نگر کے قریب چند گاؤں ہیں جہاں زیادہ تر کسان مرچ کی کاشت کرتے ہیں۔ لیکن کسانوں کے سامنے ایک مسئلہ ہمیشہ رہتا ہے کہ اگر فصل زیادہ ہوجائے تو قیمتیں گر جاتی ہیں اور اگر فصل کم ہو تو آمدنی کم ہوتی ہے۔ اس طرح انہیں دونوں صورتوں میں نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اب اگر مرچ کی پیداوار بہت زیادہ ہوجائے تو وہ فروخت نہیں ہوتی، ایسے میں کسان کیا کریں؟ لیکن جیوتی گرام یوجنا کے تحت بجلی کی سہولت ملنے کے بعد انہوں نے مرچ کو خشک کرکے سرخ مرچ میں تبدیل کرنا، اس کا پاؤڈر تیار کرنا اور پھر اس کی پیکنگ کرنا شروع کردیا۔ اس کے بعد کسی ماڈل کے ذریعے اس کی تصاویر بنوا کر اشتہارات کے ذریعے تشہیر کرکے وہ بڑی مقدار میں مرچ پاؤڈر فروخت کرنے لگے اور عزت افزائی کے ذریعے اچھی خاصی آمدنی حاصل کرنے والے بن گئے۔ یعنی جس مرچ کی کبھی مناسب قیمت بھی نہیں ملتی تھی وہ ان کسانوں کے اپنے برانڈ کے نام سے فروخت ہونے لگی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز پر توجہ دی جاتی ہے تو کتنے بڑے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی چھوٹے کسانوں کو برآمدی منڈیوں سے جوڑنے کی کوششیں بھی بہت تیزی سے جاری ہیں۔

ساتھیو!

ہماری پالیسی اور ہماری نیت بالکل واضح ہے۔ کسان پر کاشت کاری کا بوجھ نہ پڑے یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسانوں کو سستی کھاد فراہم کرنے کے لیے گزشتہ 12 برسوں میں ملک نے 16 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ ساتھیو! یہ بہت بڑی رقم ہے، 16 لاکھ کروڑ روپے تو دنیا کے کئی ممالک کا بجٹ بھی نہیں ہوتا۔ ایران اور خلیجی ممالک میں جاری جنگ کے دوران ڈی اے پی کھاد کی جو بوری 5 ہزار روپے کی ہے، وہ ہندوستان کے کسانوں کو صرف 1300 روپے میں فراہم کی جا رہی ہے۔ یوریا کی جو بوری بین الاقوامی بازار میں 3 ہزار روپے کی ہے، وہ ہندوستانی کسانوں کو 300 روپے سے بھی کم قیمت پر دی جا رہی ہے۔

ساتھیو!

میں ایک اور موضوع کا ذکر کروں گا اور اس موضوع پر میں پہلے بھی بات کر چکا ہوں۔ آج میں جو بات آپ کے نیٹ ورک کے لیے کہہ رہا ہوں وہ خصوصی(ایکسکلسیو) خبر ہے۔

ساتھیو!

جب مغربی ایشیا میں جنگ کا بحران شدت اختیار کر رہا تھا، تو خام تیل کی قیمتیں چند ہی ہفتوں میں 70 ڈالر سے بڑھ کر 122 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں۔ اس وقت ہندوستان کے سامنے بھی ایک بڑا چیلنج تھا۔ ہندوستان کے سامنے مجبوری تھی کہ ڈیزل کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے۔ یعنی ایک لیٹر ڈیزل پر 50 روپے بڑھانے کی ضرورت پیش آ گئی تھی۔ ایسے وقت میں حکومت نے اپنے کسانوں کے مفاد میں فیصلہ کیا۔ ہم نے طے کیا کہ بین الاقوامی بازار کے اتار چڑھاؤ کا پورا بوجھ ملک کے شہریوں اور کسانوں پر نہیں ڈالا جائے گا۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں صرف 7 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔ جبکہ 50 روپے بڑھانے کی ضرورت تھی اور باقی 43 روپے فی لیٹر کا بوجھ خود برداشت کیا۔ ہمارے آس پاس کے ممالک میں بھی اس وقت ڈیزل کی قیمتوں میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ ہوگیا تھا، لیکن ہندوستان میں ایسا نہیں ہوا۔ اس وقت سے لے کر آج تک حکومت ہر ماہ 14 ہزار کروڑ روپے کا نقصان برداشت کر رہی ہے، ہر ماہ۔ لیکن ہم نے ملک کے کسانوں پر اس کی آنچ نہیں آنے دی۔ جب ملک کے کسانوں کا مفاد سب سے مقدم ہو اور شہریوں کو دیوتا سمجھنے کا جذبہ ہو تو اسی طرح کے حساس فیصلے کیے جاتے ہیں۔

ساتھیو!

ملک کے مفاد سے متعلق اتنی ساری باتوں کے درمیان آج تک کے لوگ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ کوئی منفی سرخی تو ملی ہی نہیں، اس لیے اب سرخیوں کے لیے بھی کچھ بات ہونی چاہیے۔ اب تک میں ملک کی بات کر رہا تھاتو شاید میڈیا کی توجہ اتنی نہیں گئی ہوگی۔ اس لیے اب تنازعے کی بات کرتا ہوں۔

ساتھیو!

آج کل کچھ لوگ آئین کو اپنی جیب سے نکالتے ہیں۔ ملک کتنا سمجھدار ہے! وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ملک کا آئین اور ملک کا جمہوری نظام ان کی جیب میں ہے۔ حکومت میں نہ رہتے ہوئے بھی انہیں اقتدار کا ایک الگ ہی نشہ ہے۔ لیکن جب یہ لوگ خود اقتدار میں تھے تو ان کے کارنامے کیسے تھے۔اس کے لیے میں آپ کو ایک چھوٹا سا واقعہ سناتا ہوں۔

ساتھیو!

آپ کو یاد ہوگا کہ ایک زمانے میں میڈیا کے لوگ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاستوں کی درجہ بندی کیا کرتے تھے۔ معیشت سے متعلق ایسی ہی ایک درجہ بندی میں گجرات پہلے نمبر پر آیا تھا اور اس وقت میں گجرات کا وزیرِ اعلیٰ تھا۔ جس ادارے نے گجرات کو پہلے نمبر کی درجہ بندی دی تھی۔ اس کا نام ملک کے سابق وزیرِ اعظم کے نام پر تھا۔ اتنا اشارہ کافی ہے۔ باقی آپ اس کا نام خود ہی تلاش کرلیں گے۔ یہ درجہ بندی ملک کے ممتاز ماہرینِ معاشیات کی تحقیق کی بنیاد پر کی گئی تھی۔ لیکن اس وقت دہلی کے اقتدار پر قابض لوگوں کو گجرات کا یہ اعزاز راس نہیں آیا اور انہوں نے تحقیق کرنے والوں کو باقاعدہ حکم دیا کہ ایسا نہیں چلے گا۔ اب کوئی بھی رپورٹ شائع کرنے سے پہلے ہم سے منظوری لینی ہوگی۔

ساتھیو!

اس وقت یہ صورتِ حال تھی اور آج وہی لوگ رواداری اور جمہوریت کے بارے میں دوسروں کو نصیحت کرتے پھرتے ہیں اور یہ واقعہ کب کا ہے؟ اس کے بعد کیا ہوا تھا؟ آپ تحقیق کرکے یہ سب کچھ معلوم کر ہی لیں گے۔ اب میں اپنی بات ختم کرنے کی جانب بڑھتا ہوں۔

ساتھیو!

یقینی طورپر گزشتہ برسوں میں ملک کے کسانوں نے بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے اب ہمیں اپنی کوششوں کو مزید وسعت دینی ہے۔ ہمیں ایک ایسا مستقبل تشکیل دینا ہے جہاں کسان خوشحال ہوں، گاؤں خوشحال ہوں اور زراعت جدید ہونے کے ساتھ ساتھ منافع بخش بھی ہو۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کا یہ تبادلۂ خیال ملک کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ یہاں سے جو بہتر تجاویز اور حل سامنے آئے ہیں، حکومت بھی ان پر کام کرے گی۔اور جب میں آپ کے درمیان آیا ہوں تو آپ سب سے ایک گزارش ضرور کرنا چاہوں گا۔ ابھی شروعات میں انجنا جی اپنی تعارفی گفتگو میں کہہ رہی تھیں کہ کسان کا تعلق دو چیزوں سے ہے، اَنّ داتا اور دھرتی ماتا۔ میں اپنے کسان بھائیوں اور بہنوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ہم اپنی اس مادرِ وطن کی حفاظت کر رہے ہیں؟ ذرا اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر خود سے پوچھیے! جس طرح ہم کیمیکلز کا استعمال کرکے دھرتی ماں کو تباہ کر رہے ہیں، ہم اسی ماں کی اولاد ہیں۔ ہم اپنی اس ماں کو اپنی آنکھوں کے سامنے تباہ کر رہے ہیں۔ اگر ہم نے وقت رہتے بیدار ہوکر اپنی دھرتی ماتا کو بچانے کی کوشش نہیں کی تو ممکن ہے کہ جو ماں آج ہمارا پیٹ پال رہی ہے، وہ ایک دن ہمارے ہاتھوں سے ہمیں محروم کردے۔ ایسی صورتِ حال پیدا ہوجائے گی۔ اسی لیے حکومت نے قدرتی کاشت کاری (نیچرل فارمنگ)پر زور دیا ہے۔ جن لوگوں نے قدرتی کاشت کاری کے تجربات کیے ہیں، انہیں بہت کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک گائے 30 ایکڑ زمین میں قدرتی کاشت کاری کے لیے کافی مقدار میں کھاد فراہم کرسکتی ہے، اس میں کسی کیمیکل کی ضرورت نہیں پڑتی۔آج آپ کی اس بحث میں بھی یقیناً ایسے بہت سے موضوعات سامنے آئے ہوں گے۔ اسی لیے میں تمام کسانوں سے اپیل کروں گا کہ ہم کیمیکل سے پاک، یعنی کیمیائی مادوں سے آزاد کاشت کاری کی طرف بڑھیں۔ میں آپ سے نامیاتی کاشت کاری  کی بات نہیں کر رہا ہوں، بلکہ قدرتی کاشت کاری (نیچرل فارمنگ) کی بات کر رہا ہوں اور یہ ہر کسان آسانی سے کرسکتا ہے۔ ہم کیمیکلز سے پاک کاشت کاری اپنا کر اپنی زمین کو بچانے کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کا ایک مسئلہ یہ ہے کہ جب تک وہ خود کسی چیز کو دیکھ نہیں لیتے، اسے قبول نہیں کرتے۔ آپ کتنی ہی طویل تقریریں کرلیں، کسان کسی کی بات آسانی سے نہیں مانتا۔ وہ خود دیکھے گا، تبھی یقین کرے گا۔ ورنہ اس کے ذہن میں تو یہی چلتا رہتا ہے کہ پیلا پاؤڈر ڈالنا ہے، سبز بوتل ڈالنی ہے، سبز ڈبہ ڈالنا ہے، لال ڈبہ لانا ہے۔ پڑوسی دو ڈبے لایا ہے تو میں بھی دو ڈبے لاؤں گا، وہ چار بوریاں لایا ہے تو میں بھی چار بوریاں لاؤں گا۔ وہ اسی چکر میں لگا رہتا ہے۔یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ترقی پسند کسانوں کی تو خصوصی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کسان بھائیوں کو اس سے بچائیں، انہیں اس طرزِ عمل سے باہر نکالیں اور کیمیکل سے پاک قدرتی کاشت کاری اپنائیں۔ اس طرح سب سے پہلا کام ہم اپنی دھرتی ماتا کی حفاظت کا کریں گے۔ یہ ماں ہمیں سب کچھ دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہمیں کبھی کسی چیز کی کمی محسوس نہیں ہونے دے گی، بشرطیکہ ہم اس ماں کی حفاظت کریں۔ ہم دھرتی ماتا کی اولاد ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس ذمہ داری کو ایک بیٹے اور بیٹی کی حیثیت سے، دھرتی ماتا کی اولاد ہونے کے ناطے نبھائیں۔اسی یقین کے ساتھ آپ سب کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انڈیا ٹوڈے گروپ کو میری جانب سے دلی مبارک باد۔ آپ نے ایک ایسا کام کیا ہے جو آنے والے دنوں میں ملک کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔

بہت بہت شکریہ۔

******

UN-7576

ش ح۔م ح۔  م ش