Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

ہندوستان  اور سویڈن کے وزرائے  اعظم نے رابندر ناتھ ٹیگور کی مشترکہ ثقافتی میراث کے جشن میں خصوصی تحائف کا تبادلہ کیا


سویڈن کے وزیر اعظم جناب الف کرسٹرسن اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نوبل انعام یافتہ گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور کی میراث کا جشن منانے کے لیے خصوصی یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا۔

وزیر اعظم کرسٹرسن کی طرف سے دیے گئے تحفے میں ایک باکس شامل تھا جس میں گرو دیو رابندر ناتھ ٹیگور کی ہاتھ سے لکھی ہوئی نظموں (ایپی گرامز) کی دو نقول تھیں، جن کے ساتھ ایک مختصر وضاحتی متن اور 1921 میں اوپسالا یونیورسٹی کے دورے کے دوران لی گئی گرو دیو ٹیگور کی ایک تصویر تھی۔ یہ اصل تحریریں، جو حال ہی میں سویڈن کے قومی آرکائیوز سے دریافت ہوئی ہیں، گرو دیو ٹیگور نے 1921 اور 1926 میں سویڈن کے اپنے دوروں کے دوران تیار کی تھیں۔

وزیر اعظم مودی نے وزیر اعظم کرسٹرسن کو رابندر ناتھ ٹیگور کے مجموعہ تصانیف کا ایک سیٹ پیش کیا، جس کے ساتھ شانتی نیکیتن کا خاص طور پر ہاتھ سے تیار کردہ ایک بیگ بھی تھا جس پر وہ نقش و نگار بنے تھے جنہیں گرو دیو نے مقامی کاریگروں کو بااختیار بنانے کے لیے منتخب کیا تھا۔ یہ بیگ ٹیگور کے اس فلسفے کی علامت ہے کہ فن صرف آرٹ گیلریوں تک محدود رہنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ روزمرہ کی اشیاء میں جان ڈالنے اور فکری و عملی چیزوں کے درمیان کے فاصلے کو پاٹنےوالے ایک پُل کی طرح کام کرتا ہے۔

اگرچہ گرو دیو ٹیگور 1913 میں نوبل انعام حاصل کرنے کے لیے سویڈن کا سفر نہیں کر سکے تھے، لیکن جب انہوں نے 1921 میں سویڈن کا دورہ کیا تو شاہ گستاو پنجم نے ان کا استقبال کیا تھا۔ یہ تحائف ہندوستان اور سویڈن کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور فکری ورثے کی علامت ہیں اور رابندر ناتھ ٹیگور کی لازوال میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تحائف کا یہ تبادلہ 1926 میں گرو دیو کے سویڈن کے تاریخی دورے کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا  م۔ن م۔

U-7181