Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کرناٹک کے بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، انہیں  ملک کے نام وقف کیا، سنگِ بنیاد رکھا اور  ہری جھنڈی دکھائی

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کرناٹک کے بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، انہیں  ملک کے نام وقف کیا، سنگِ بنیاد رکھا اور  ہری جھنڈی دکھائی


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج کرناٹک کے بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، انہیں  ملک کے نام وقف کیا، ان کا سنگِ بنیاد رکھا اور ہری جھنڈی دکھا ئی ۔ اس موقع پر  مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کنڑ زبان میں لوگوں کو مبارک باد پیش کی اور شہر کی نگراں دیوی انّما تائی اور شہر کے بانی ناد پربھو کیمپے گوڑا کو عقیدت کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن رابطہ کاری اور توانائی کے تحفظ سے متعلق منصوبوں کے ذریعے بنگلورو اور کرناٹک کی ترقی کے سفر کو نئی رفتار دینے کا دن ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’میٹرو اور ریل سے متعلق منصوبوں سے لے کر توانائی کے تحفظ کے کاموں تک، یہ تمام منصوبے کرناٹک کے بنیادی ڈھانچے کو نئی مضبوطی فراہم کریں گے۔‘‘

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بنیادی ڈھانچہ اور بہتر رابطہ کاری ترقی، روزگار اور صنعت کے نئے مواقع پیدا کرتے ہیں، جو سماج کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں اور غربت کے خلاف جدوجہد کو مضبوط بناتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں تقریباً 50 کروڑ شہریوں کا انتہائی غربت سے باہر نکلنا اسی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے نئے شروع کیے گئے منصوبوں کے لیے کرناٹک کے عوام کو مبارک باد پیش کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’یہ منصوبے ترقی یافتہ کرناٹک کے ذریعے  وکست بھارت کی تعمیر کے عمل کو نئی رفتار دیں گے اور اس کے ساتھ ہی ایک ٹیکنالوجی سٹی کے طور پر بنگلورو کی شناخت کو مزید مستحکم کریں گے۔‘‘

کچھ دیر پہلے بنگلورو میٹرو کی نئی پنک لائن کو ملک کے نام وقف کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ راہداری آئی آئی ایم بنگلورو، متعدد تعلیمی اداروں اور شہر کے بڑے کاروباری، ٹیکنالوجی اور تجارتی مراکز تک رابطہ کاری کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔ جناب مودی نے کہا، ’’بنگلورو کے لاکھوں لوگوں کو نہ صرف آمد و رفت میں سہولت ملے گی بلکہ وہ اپنے وقت اور پیسے کی بچت بھی کر سکیں گے۔‘‘

علاقے سے گہرا تعلق رکھنے والے آنجہانی اننت کمار کی کل برسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آنجہانی رہنما کو دلی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’آج اس میٹرو لائن کو دیکھ کر ان کی روح کو بھی یقیناً خوشی ہوئی ہوگی۔‘‘

بنگلورو کو ہندوستان کی سلیکان ویلی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ رکھتا ہے اور اختراع و اقتصادی ترقی کا ایک بڑا محرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے بنگلورو خطے کی تیز رفتار ترقی کو ترجیح دی ہے اور نمّا میٹرو کے نیٹ ورک کو 2014 میں محض 17 کلومیٹر سے بڑھا کر آج 100 کلومیٹر سے زیادہ کر دیا ہے۔ اس طرح بنگلورو، دہلی این سی آر اور ممبئی میٹروپولیٹن خطے کے بعد 100 کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک کا سنگِ میل عبور کرنے والا ہندوستان کا تیسرا شہر بن گیا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’نمّا میٹرو کی یہ کامیابی رہن سہن اور سفر کو آسان بنانے کے حوالے سے ملک کی نئی سوچ کا نتیجہ ہے اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی زندگی بہتر بنانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی ریلویز نوآبادیاتی دور کی ذہنیت سے باہر نکل کر ایک نئی روایت قائم کر رہی ہے، جس میں وندے بھارت ٹرینوں اور امرت بھارت اسٹیشنوں کے ذریعے اسٹیشنوں، انجنوں اور ڈبوں کو ہندوستان کی منفرد شناخت دی جا رہی ہے۔ کرناٹک میں 60 سے زیادہ امرت اسٹیشن اس کوشش کا حصہ ہیں، جن میں کامراج نگر، چکمگلورو، سکلیش پور اور سبرامنیا روڈ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسٹیشن جدید سہولتوں کے ساتھ حساسیت کا بھی خیال رکھتے ہیں اور بزرگ شہریوں اور دیویانگ کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جو سہولتیں پہلے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوتی تھیں، اب وہی سہولتیں غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ گزشتہ 10 سے 12 برسوں میں ہندوستان کے ریلوے بجٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور کرناٹک کے حصے میں آنے والی رقم نو گنا بڑھ گئی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ آج ریاست کو چار امرت اسٹیشن اور پٹریوں کو دوہرا کرنے اور برق کاری کے دو منصوبے ملے ہیں۔ اس کے علاوہ، ریاست کو پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین ملنے کے چند ہی روز بعد کرناٹک کو گوا سے جوڑنے والی ایک نئی وندے بھارت ٹرین بھی ملی ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’اس ٹرین کے ذریعے منگلورو سمیت کرناٹک کے پورے ساحلی راستے پر سفر کرنے والے مسافروں کو نیم تیز رفتار ٹرین کا ایک نیا تجربہ حاصل ہوگا۔‘‘

ایران اور خلیجی خطے کے آس پاس جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس صورت حال نے توانائی کے تحفظ کی اہمیت کو واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت ہندوستان نے اس مشکل دور کا مضبوطی سے مقابلہ کیا ہے۔ اس عرصے میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا، خام تیل کے ذخیرے بڑھائے گئے، شمسی، آبی اور  بادی توانائی کو فروغ دیا گیا، ریلوے کی تقریباً مکمل برقی کاری کی گئی اور میٹرو نیٹ ورک کو وسعت دی گئی۔ وزیر اعظم نے کرناٹک کے تین نئے منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ ان میں منگلورو ایل پی جی منصوبہ شامل ہے، جس سے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 80 ہزار میٹرک ٹن کا اضافہ ہوگا؛ دیوان گونتھی مارکیٹنگ ٹرمینل، جس سے پٹرول، ڈیزل اور ہوابازی کے ایندھن کی فراہمی کا نظام بہتر ہوگا؛ اور بنگلورو کا سی بی جی پلانٹ، جو روزانہ 13 ٹن بایو گیس تیار کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’اس سے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں بہتری آئے گی اور قدرتی گیس کی درآمد پر خرچ ہونے والی رقم کی بھی بچت ہوگی۔‘‘

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قابلِ اعتماد بجلی کی پیداوار ضروری ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان چِپ سے جہاز سازی تک اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) و ڈیٹا سینٹروں سے لے کر کوانٹم کمپیوٹنگ تک، نئی ٹیکنالوجیز میں عالمی قیادت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صاف توانائی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ملک میں جوہری بجلی گھروں کی تعداد اور صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’آج ہندوستان کی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت 300 گیگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔‘‘

مرکزی حکومت کی اسکیموں کے ذریعے ہندوستانی شہریوں کو بجلی کے صارفین سے بجلی پیدا کرنے والے افراد میں تبدیل کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک بھر میں 60 لاکھ سے زیادہ گھرانوں نے پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت مرکزی حکومت کی تقریباً 80 ہزار روپے فی خاندان کی امداد سے چھتوں پر شمسی توانائی کے پلانٹ نصب کیے ہیں۔ ان میں کرناٹک کے 40 ہزار سے زیادہ خاندان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایم کُسم یوجنا کے تحت کرناٹک کے کسانوں کے لیے 8 لاکھ سے زیادہ شمسی پمپوں کے ذریعے آب پاشی کا انتظام کیا جا رہا ہے، جس سے بجلی کے اخراجات کم ہوں گے اور آمدنی و روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا،‘‘اس کا مطلب ہے کہ کرناٹک کے اَنّ داتا اب اُرجا داتا بھی بن رہے ہیں۔‘‘

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ 2014 کے بعد ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے عزم کے تحت قومی سطح پر ٹھوس اقدامات، عوامی شراکت داری اور ٹیکس دہندگان کے پیسے کے مناسب استعمال سے متوسط طبقے کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور ایک نیا ’آسائشی طبقہ‘ وجود میں آیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ طبقہ گھریلو استعمال کی اشیا، دو پہیہ گاڑیوں، معیاری تعلیم، بہتر غذائیت، صحت کی سہولتوں اور سیاحت کے نئے تجربات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بڑھتی ہوئی توقعات گاڑیوں، الیکٹرانکس، سیاحت اور خدمات کے شعبوں میں صنعتوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں، جس سے نیا متوسط طبقہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کا ایک اہم محرک بن رہا ہے۔ جناب مودی نے کہا، ’’یہ نیا متوسط طبقہ کرناٹک اور بنگلورو میں بھی بڑی تعداد میں موجود ہے اور اس کے مفادات مرکزی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت متوسط طبقے کی بچت بڑھانے اور ان کے ہاتھوں میں زیادہ قابلِ خرچ آمدنی پہنچانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کئی اقدامات کا ذکر کیا، جن میں سالانہ 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کرنا، بزرگ شہریوں اور کرایہ سے آمدنی حاصل کرنے والوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹی ڈی ایس کے ضوابط میں ترمیم کرنا اور جی ایس ٹی کی نئی نسل کی اصلاحات کے ذریعے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کرنا شامل ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ذاتی صحت بیمہ اور  لائف انشورنس پر جی ایس ٹی ختم کرکے ہم نے بیمہ کو مزید سستا بنایا ہے۔‘‘

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے کہا کہ کرناٹک میں آج شروع کیے گئے منصوبے ملک کی ترقی کے سفر کو مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے ریاست کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے متوسط طبقے کے خاندانوں کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ جناب مودی نے کہا، ’’ہماری کوشش ہے کہ متوسط طبقے کی بچت میں اضافہ ہو، ان کی قوتِ خرید مضبوط ہو اور وہ اپنے خاندان کے خوابوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی شراکت دار بنیں۔‘‘

******

UN-7602

ش ح۔ع ح۔  م ذ