ایلاریگو نَنّا نمسکارگلو!
کرناٹک کی گورنر محترمہ سدھا یادو جی، وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار جی، کابینہ میں میری ساتھی نرملا سیتارمن جی، ریاستی حکومت میں وزیر بسوراج رائے ریڈی جی، پارلیمنٹ میں میرے ساتھی یدوویر کرشن دتّا چامراج وڈیار جی، تمام سائنس دانوں، محققین، اساتذہ، دیگر معزز شخصیات اور میسورو کے میرے پیارے بھائیو اور بہنو!
سب سے پہلے میں عقیدت و احترام کے ساتھ تائی چامنڈیشوری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میسورو آکر ایک بار پھر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ چند ماہ قبل ہی میں ویویکا اسمارکا کے افتتاح کے موقع پر آپ سب کے درمیان آیا تھا اور آج ہم یہاں کاسموس پلنیٹیریم کو قوم کے نام وقف کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ یہ دونوں مواقع ہندوستان کے اقدار اور ہماری ثقافت کے بارے میں گہرا پیغام دیتے ہیں۔ ویویکا اسمارکا ہمیں اپنے باطن میں جھانکنے اور روحانی علم کی جستجو کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ وہیں کوسموس میں آکر ہماری نظریں آسمان کی جانب اٹھتی ہیں۔ ہم اس وسیع و عریض کائنات کو جاننے اور اس کے رازوں کو سمجھنے کے لیے متحرک ہوتے ہیں۔ یہ اس بات کی مثال ہے کہ ہندوستان میں روحانیت اور سائنس کی روایات ہمیشہ ساتھ ساتھ آگے بڑھی ہیں۔
ساتھیو!
ہمارے آبا و اجداد آسمان کا نہایت باریک بینی سے مطالعہ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ستاروں اور سیاروں کی گردش کو سمجھا، کیلنڈر تیار کیے اور سورج اور چاند گرہن کے اوقات کا حساب لگایا۔ ہندوستان میں آریہ بھٹ، ورہامہیر، بھاسکر اچاریہ اور نیل کنٹھ سومایاجی جیسے متعدد عظیم ماہرینِ فلکیات گزرے ہیں۔ اس وقت آج کی طرح جدید آلات اور ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی۔ اس کے باوجود انہوں نے بڑی بڑی دریافتیں کیں اور مشکل سے مشکل حسابات انجام دیے۔
ساتھیو!
میسورو میں ایسی درس گاہیں اور ادارے قائم کرنے کی روایت رہی ہے، جو علم و تحقیق کی جستجو کو فروغ دیتے ہیں۔ مہاراجہ نالواڑی کرشن راج وڈیار کے دور میں ہی میسور یونیورسٹی قائم کی گئی تھی۔ وڈیار خاندان نے بنگلورو میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان اداروں نے طلبہ اور محققین کی کئی نسلوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں اور آج، جب ہندوستان سائنس کے میدان میں یکے بعد دیگرے نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، تو اس جدید ترین کاسموس پلنیٹیریم کے ذریعے میسورو بھی ہندوستان کے سائنسی سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ کر رہا ہے۔ آج یہ جدید ترین کاسموس پلنیٹیریم نوجوانوں اور اہلِ وطن کے نام وقف کیا جا رہا ہے۔ یہ ہندوستان کا پہلا ایل ای ڈی ڈوم پلنیٹیریم ہے۔ مجھے ابھی ابھی اس میں ایک شو دیکھنے کا موقع بھی ملا۔ یہ اپنے آپ میں ایک حیرت انگیز تجربہ تھا۔ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس، میسور یونیورسٹی، حکومت کے مختلف محکموں اور اس کی تعمیر سے وابستہ تمام افراد کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر پورے ملک کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔
ساتھیو!
ہمارے ملک میں ایک طویل عرصے سے ایک نعرہ گونجتا رہا ہے، جس کا ذکر ابھی نرملا جی نے بھی اپنی تقریر میں کیا، یعنی ’’جے جوان، جے کسان‘‘۔ اٹل جی نے اس میں ’’جے وگیان‘‘ کا اضافہ کیا اور پھر میں نے اس میں ’’جے انوسندھان‘‘ بھی شامل کیا۔ اکیسویں صدی کا ہندوستان اسی وژن کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے اور اس میں ہمارے ملک کے نوجوان بہت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال ہندوستان نے ممبئی میں فلکیات اور فلکی طبیعیات کے بین الاقوامی اولمپیاڈ کا انعقاد کیا تھا۔ اس میں ہمارے نوجوانوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اس سال اسی اولمپیاڈ کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کے لیے ہندوستان کے پانچ طلبہ ویتنام گئے۔ ان میں سے چار نے طلائی تمغے اور ایک نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔
ساتھیو!
ہمارے نوجوان طلبہ سائنس کے دیگر شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس سال بین الاقوامی اولمپیاڈ میں بھی ہندوستان کے طلبہ نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ ان میں ریاضی، طبیعیات، کیمیا اور حیاتیات جیسے مضامین شامل تھے۔ تمام طلبہ نے طلائی یا نقرئی تمغے جیتے۔ یہ ہندوستان کے لیے ایک ریکارڈ کامیابی رہی ہے۔ یعنی جب ہمارے نوجوانوں کو مواقع ملتے ہیں، انہیں سیکھنے کے لیے ضروری وسائل، ٹیکنالوجی، آلات اور اداروں کا تعاون حاصل ہوتا ہے، تو وہ بڑی کامیابیاں حاصل کرکے دکھاتے ہیں۔ یہ کاسموس پلنیٹیریم بھی اب ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
ساتھیو!
آج ٹیکنالوجی دنیا کو بہت تیزی سے تبدیل کر رہی ہے اور کوئی بھی ملک اس معاملے میں سست رفتاری سے آگے بڑھنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتا۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان نے فلکیات، فلکی طبیعیات اور خلائی شعبے میں غیر معمولی تیزی سے کام کیا ہے۔ ہم نے ملک میں نئی دوربینیں نصب کی ہیں اور خلائی تحقیق کے کئی پیچیدہ شعبوں میں ہندوستان آج دنیا کے چند منتخب ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ چندریان-3 کے ذریعے اسرو نے ہندوستان کو چاند کے جنوبی قطب کے قریب اترنے والا دنیا کا پہلا ملک بنایا۔ آدتیہ-ایل ون کی صورت میں ہندوستان کو خلا میں اپنی پہلی شمسی رصدگاہ حاصل ہوئی ہے۔ گزشتہ برس ہی ہندوستان خلا میں ڈاکنگ اور اَن ڈاکنگ کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بنا ہے۔
ساتھیو!
اسی دوران ایک ہندوستانی شہری بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک بھی پہنچا اور وہاں کئی نئے تجربات کیے۔ اس مشن سے حاصل ہونے والا تجربہ ہمارے اپنے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام، گگن یان کے لیے بھی مفید ثابت ہو رہا ہے۔
ساتھیو!
ہماری حکومت نے خلائی شعبے کو کھول دیا ہے۔ اس سے نجی شعبے کے لیے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ ہندوستان کے اسٹارٹ اَپس کو بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ آج ہمارے نوجوان اپنے راکٹ لانچ کر رہے ہیں، سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچا رہے ہیں اور خلائی شعبے میں ایسے متعدد کام انجام دے رہے ہیں، جو اس سے پہلے ہندوستان میں کبھی نہیں ہوئے تھے۔ یہی نئے ہندوستان کا سائنسی نقطۂ نظر ہے، جہاں نئی دریافتوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، نئی ٹیکنالوجی تیار ہو رہی ہے اور ہمارے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ساتھیو!
ہندوستان ہمیشہ سے ’’انسانیت اولین ترجیح‘‘ کے اصول کو لے کر آگے بڑھا ہے۔ ہندوستان کا خلائی مشن بھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف رہا ہے۔ مثال کے طور پر، ہمارے ماہی گیر بھائیوں کے لیے اسرو نے ایک سیٹلائٹ مواصلاتی نظام تیار کیا ہے۔ اس نظام کی مدد سے سمندری طوفان کے دوران ان کشتیوں تک بروقت انتباہ پہنچایا جا سکتا ہے، جن میں ریسیور نصب ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کشتیوں کی بحفاظت ساحل پر واپسی کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا سکتی ہے۔
ساتھیو،
آپ میں سے بہت سے لوگ ٹرین کی لائیو لوکیشن چیک کرتے ہوں گے۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ ریل گاڑی کہاں تک پہنچی ہے اور اسٹیشن پر کب تک پہنچے گی۔ یہ معلومات ہندوستانی ریلوے اور اسرو کے تیار کردہ حقیقی وقت میں ریل گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے نظام سے حاصل ہوتی ہیں۔ اسی طرح وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا میں بھی مصنوعی سیاروں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں کھیتوں سے حاصل ہونے والی معلومات اور مصنوعی سیاروں کے اعداد و شمار کی مدد سے فصل کی پیداوار کا تخمینہ لگایا جاتا ہے۔ اسی تخمینے کی بنیاد پر کسانوں کے بیمے کے دعووں کا تعین کیا جا رہا ہے۔ یعنی آج ہمارے مصنوعی سیارے خلا کی بلندیاں چھو رہے ہیں، وہیں ان کا استعمال زمین پر لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی ہو رہا ہے۔
ساتھیو،
سماج کے لیے سائنس، یہی ہماری سوچ ہے۔ ہم ملک میں تحقیق اور اختراع کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں۔ ملک کی 10 ہزار سے زیادہ اٹل ٹنکرنگ تجربہ گاہوں سے اب تک ایک کروڑ سے زیادہ طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔ ان تجربہ گاہوں میں بچوں کو اپنے خیالات پر کام کرنے، نئے تجربات کرنے اور اختراع کے مواقع مل رہے ہیں۔
ساتھیو،
تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے طلبہ اور محققین کو دنیا کی بہترین تحقیقی سرگرمیوں تک رسائی حاصل ہو۔ اسی مقصد سے ہم نے ’ایک ملک، ایک رکنیت‘ (ون نیشن، ون سبسکرپشن) کا آغاز کیا۔ اب ملک کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کو دنیا کے ممتاز سائنسی رسائل تک رسائی حاصل کرنے میں بہت مدد مل رہی ہے۔ ہم نے انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن قائم کیا ہے۔ اس کے ذریعے ہم زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیوں کو نئی تحقیق کرنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ساتھیو،
گزشتہ سال ہم نے ایک لاکھ کروڑ روپے کی تحقیق، ترقی اور اختراع کی اسکیم بھی شروع کی ہے، تاکہ ہمارے ملک کے محققین کو وافر مالی وسائل فراہم ہوتے رہیں۔ اس سے نئی ٹیکنالوجی کو تجربہ گاہوں سے نکال کر عملی استعمال تک پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔
ساتھیو،
آج ملک میں سائنس اور تحقیق کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل پا رہا ہے۔ سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے نوجوانوں کے ذہنوں میں تجسس کا ہونا بہت ضروری ہے اور اس تجسس کو بیدار کرنے میں سیاروں کے مطالعاتی مراکز اور سائنس مراکز کا اہم کردار ہے۔ میری ’کاسموس‘ سے وابستہ تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ آپ اس علاقے کے اسکولوں اور کالجوں کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ طلبہ کے یہاں آنے کا پروگرام بنائیں اور انہیں یہاں لانے کا انتظام کریں۔ جو بچے کائنات کے بارے میں جاننے کے لیے یہاں آئیں گے، ممکن ہے کہ ان میں سے کچھ ایک دن یہاں واپس آئیں اور ہمیں بتائیں کہ انہوں نے کائنات کے بارے میں کون سی نئی دریافت کی ہے۔ اور یہی اس ’کاسموس‘ پلینیٹیریم کی سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔ اسی یقین کے ساتھ، میں آپ سب کو اس کے آئندہ سفر کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ آپ سب کو میری جانب سے ڈھیروں مبارک باد۔ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔
********
ش ح۔ م ع ن۔ ن ع، ع و ۔م الف
U-NO-7609
The new COSMOS Planetarium in Mysuru brings the wonders of the universe closer to young minds. https://t.co/AhdAkpkSGF
— Narendra Modi (@narendramodi) November 13, 2026
भारत में आर्यभट्ट, वराहमिहिर, भास्कराचार्य और नीलकंठ सोमयाजी जैसे अनेक महान astronomers हुए। आज जैसे advanced instruments और technology उस समय नहीं थे। इसके बावजूद उन्होंने बड़ी-बड़ी खोजें कीं, मुश्किल calculations किए: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
आज जब भारत science के क्षेत्र में एक के बाद एक नई उपलब्धियां हासिल कर रहा है, तब इस अत्याधुनिक COSMOS Planetarium के रूप में मैसूरु भी भारत की scientific journey में एक नया chapter जोड़ रहा है: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
हमारी सरकार ने space sector को open किया। इससे private sector के लिए नई संभावनाएं बनी हैं। भारत के startups को भी अपनी क्षमता दिखाने का अवसर मिला है: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026