Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

بنگلورو میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں  کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

بنگلورو میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں  کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن


بنگلور کے میرے بھائیو اور بہنو! آپ سب کو نمسکار!

کرناٹک کی گورنر محترمہ سدھا یادو جی، وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیوکمار جی، ریاستی حکومت کے وزیر جناب کرشنا بائرے گوڑا جی، لوک سبھا میں میرے ساتھی اور بنگلور سے ایک باصلاحیت نوجوان کو ایوان میں بھیجنے والے جناب تیجسوی سوریہ جی، یہاں موجود دیگر معزز خواتین و حضرات!

ہماری گورنر محترمہ سدھا یادو جی کے ساتھ مجھے اسٹیج پر یہ پہلا پروگرام مشترکہ طور پر کرنے کا موقع ملا ہے۔ شاید کرناٹک کے لوگوں کو ابھی ان کا مکمل تعارف نہ ہو، لیکن میں ان کی زندگی کے بارے میں ضرور کچھ کہنا چاہوں گا۔ ملک کی خدمت کیا ہوتی ہے اور ملک کے لیے قربانی اور لگن کا جذبہ کیا ہوتا ہے، یہ ہم محترمہ سدھا جی اور ان کے خاندان کی زندگی سے سیکھ سکتے ہیں۔ جب کارگل کی جنگ ہو رہی تھی، اس وقت ان کے شوہر اس جنگ میں شہید ہو گئے تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے شوہر کی یاد میں مادرِ وطن کی خدمت کا جو عہد کیا تھا، اسے آج تک پورے جذبۂ خدمت کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔ کئی برسوں تک پارلیمنٹ کی رکن رہتے ہوئے،  انہوں نے ملک کے متعدد معاملات میں رہنمائی کی اور آج کرناٹک کی سرزمین سے یہاں کے لوگوں کی خوش حالی، امن اور ترقی کے لیے اپنا تعاون دے رہی ہیں۔ میں محترمہ سدھا جی کو بہت بہت نیک خواہشات  پیش کرتا ہوں۔

سب سے پہلے میں بنگلور کی دیوی انّما تائی اور ناڈ پربھو کیمپے گوڑا جی کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آج کا یہ دن بنگلور اور کرناٹک کے ترقیاتی سفر کو نئی رفتار دینے والا ہے۔ آج یہاں سے رابطے اور توانائی کے تحفظ سے متعلق 15 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے  پروجیکٹوں  کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ میٹرو اور ریل سے  وابستہ  پروجیکٹ سے لے کر توانائی کے تحفظ کے اقدامات تک، یہ تمام   پروجیکٹ کرناٹک کے بنیادی ڈھانچے کو نئی مضبوطی فراہم کریں گے۔

ساتھیو!

کسی بھی ملک کی ترقی کے سفر میں بنیادی ڈھانچے کا بہت اہم رول ہوتا ہے۔ بہتر رابطہ کاری ، ترقی، روزگار اور صنعتوں کے لیے نئے امکانات پیدا کرتی ہے  اور جب ترقی کے یہ مواقع سماج کے ہر طبقے تک پہنچتے ہیں،  تو غربت کے خلاف جدوجہد بھی مضبوط ہوتی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ برسوں میں ملک کے تقریباً 50 کروڑ شہری شدید غربت سے باہر آئے ہیں۔ آج شروع کیے جا رہے یہ منصوبے بھی ترقی کے اسی سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ یہ ترقی یافتہ کرناٹک اور اس کے ذریعے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کو نئی رفتار دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیک سٹی کے طور پر بنگلور کی شناخت مزید مستحکم ہوگی۔ میں ان تمام منصوبوں کے لیے کرناٹک کے عوام کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو!

اب سے کچھ دیر پہلے ہی بنگلورو  میٹرو کی نئی پنک لائن بنگلورو  کے عوام کے نام وقف کی گئی ہے۔ اس نئی میٹرو لائن سے آئی آئی ایم بنگلورو  اور کئی تعلیمی اداروں تک آمد و رفت کی سہولت مزید بہتر ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ کئی ایسے علاقے بھی میٹرو نیٹ ورک سے جڑ جائیں گے، جو بنگلورو  کے بڑے کاروباری، تکنیکی اور تجارتی مراکز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اس طرح بنگلورو  کے لاکھوں لوگوں کو نہ صرف آمد و رفت میں آسانی ہوگی،  بلکہ ان کے پیسے اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔

ساتھیو!

کل ہی آنجہانی اننت کمار جی کی برسی تھی۔ اس علاقے سے انہیں خصوصی لگاؤ تھا۔ آج اس میٹرو لائن کو دیکھ کر ان کی روح کو بھی خوشی ہوئی ہوگی۔ میں انہیں دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو!

بنگلورو  ہندوستان کی سلیکون ویلی ہے۔ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں اس کا حصہ ایک تہائی سے زیادہ ہے۔ یہ شہر ہندوستان میں اختراع اور اقتصادی ترقی کا ایک بڑا محرک ہے۔ اسی لیے پورے بنگلور و خطے کی تیز رفتار ترقی اور جدید عوامی نقل و حمل کے نظام کی توسیع مرکزی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی سوچ کے ساتھ مرکزی حکومت، نما میٹرو کی توسیع میں تعاون کر رہی ہے۔  2014 میں نمّا میٹرو کا نیٹ ورک محض 17 کلومیٹر تک محدود تھا، لیکن آج اس کا مجموعی نیٹ ورک 100 کلومیٹر سے زیادہ ہو گیا ہے۔ ہم مسلسل سنچری بنا رہے ہیں۔ شیوکمار جی، میں آپ کو بتا رہا تھا، آپ نے ابھی کچھ دن پہلے سنا ہوگا کہ گرینڈ ماسٹرز شطرنج میں ہندوستان نے سنچری مکمل کر لی ہے۔ ہندوستان میں شطرنج کے گرینڈ ماسٹروں کی تعداد 100 ہو گئی ہے اور یہ سب اسی دور میں ممکن ہوا ہے۔

ساتھیو!

دہلی – این سی آر اور ممبئی میٹروپولیٹن خطے کے بعد بنگلورو  ملک کا تیسرا شہر بن گیا ہے، جہاں میٹرو نیٹ ورک نے 100 کلومیٹر کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ نمّا میٹرو کی یہ کامیابی محض ایک  پروجیکٹ تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ زندگی کو آسان بنانے اور سفر کو سہل بنانے کے سلسلے میں ملک کی نئی سوچ کا نتیجہ ہے۔ یہ متوسط طبقے کے کنبوں  کی زندگی بہتر بنانے کے لیے ملک کے عزم کا نتیجہ ہے۔

ساتھیو!

آج بھارتی  ریلوے غلامی کے دور کی پرانی سوچ کو پیچھے چھوڑ رہا ہے۔ ملک کی ریل اب ایک نئی وراثت اور نئی شناخت قائم کر رہی ہے۔ ہمارے ریلوے اسٹیشن، ریل کے انجن اور ڈبے، ہر چیز پر اب ہندوستان کی اپنی چھاپ اور اپنی شناخت نظر آتی ہے۔ وندے بھارت ٹرینیں اور امرت بھارت اسٹیشن، ترقی یافتہ ہندوستان کی جدید ریل خدمات کی ایک جھلک پیش کرتے ہیں۔ کرناٹک کے بھی 60 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں میں چامراج نگر، چکمگلورو، سکلیش پور اور سبرامنیا روڈ اسٹیشن اب امرت بھارت اسٹیشن بن چکے ہیں۔ ان اسٹیشنوں میں حساسیت بھی ہے اور جدیدیت بھی۔ بزرگ شہری ہوں یا معذور افراد، ہر ایک کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ جو سہولتیں پہلے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوتی تھیں، اب وہی سہولتیں ریلوے اسٹیشنوں پر بھی غریب اور متوسط طبقے کے کنبوں  کو فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ساتھیو!

گزشتہ 10 سے 12 برسوں میں ہندوستان کے ریلوے بجٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران، جیسا کہ ابھی تیجسوی جی نے بتایا، کرناٹک کے ریلوے بجٹ میں بھی 9 گنا اضافہ ہوا ہے۔ آج بھی کرناٹک کو ریلوے کے چار امرت اسٹیشن، پٹریوں کو دوہرا کرنے اور بجلی کاری کے دو منصوبے دیے گئے ہیں۔ کچھ دن پہلے کرناٹک کو ریاست کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین ملی تھی اور آج اسے گوا سے جوڑنے والی وندے بھارت ٹرین بھی ملی ہے۔ اس ٹرین سے کرناٹک، منگلورو سمیت پورے ساحلی راستے پر سفر کرنے والے لوگوں کو نیم تیز رفتار ٹرین میں سفر کا ایک نیا تجربہ حاصل ہوگا۔

ساتھیو!

وکست بھارت کی تعمیر میں کنکٹی وٹی کے ساتھ ساتھ توانائی کی یقینی فراہمی کا بھی اہم رول  ہے۔ ایران اور خلیجی ممالک کے آس پاس جاری جنگ نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ توانائی کا تحفظ کتنا ضروری ہے۔ ہندوستان کے لیے بھی یہ ایک چیلنج بھرا وقت رہا ہے، لیکن گزشتہ دہائی میں توانائی کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات نے ہمیں اس بحران کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے میں مدد دی ہے۔ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کے ساتھ ایل پی جی کی پیداوار کی صلاحیت بڑھائی، خام تیل کے ذخیرے کا نظام تیار کیا، شمسی، آبی اور ہوائی توانائی کے شعبوں کو وسعت دی، ریلوے کی تقریباً سو فیصد بجلی کاری کی اور میٹرو جیسے عوامی نقل و حمل کے نظام کو مستحکم  بنایا۔ آج کرناٹک میں بھی، جن تین  پروجیکٹوں  کا سنگِ بنیاد رکھا گیا اور افتتاح کیا گیا ہے، وہ ہندوستان کے توانائی کے تحفظ کو مزید مستحکم  بنائیں گے۔ منگلورو کا ایل پی جی  پروجیکٹ ملک میں ایل پی جی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 80 ہزار میٹرک ٹن کا اضافہ کرے گا۔ دیونگونڈی مارکیٹنگ ٹرمینل، پیٹرول، ڈیزل اور ہوابازی کے ایندھن کی فراہمی کو زیادہ منظم اور قابلِ اعتماد بنائے گا۔ وہیں بنگلورو  کا سی بی جی پلانٹ،  روزانہ تقریباً 13 ٹن بایو گیس تیار کرے گا۔ اس سے کچرے سےنمٹنےکے بندوبست  میں مدد ملے گی اور قدرتی گیس کی درآمد پر خرچ ہونے والی رقم کی بھی بچت ہوگی۔

ساتھیو!

توانائی کے تحفظ کا ایک اہم پہلو بجلی کی پیداوار ہے۔ آج ہندوستان چِپ سے لے کر جہاز تک،  اے آئی، ڈیٹا سینٹرس سے لے کر کوانٹم کمپیوٹنگ تک، نئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں قیادت حاصل کرنے کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں بجلی کی وافر دستیابی یقینی بنانے کی سمت میں بھی مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ آج ہندوستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت 300 گیگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔ صاف ستھری توانائی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہندوستان اپنے نیوکلیائی  پلانٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔

ساتھیو!

مرکزی حکومت کی اسکیموں کی بدولت آج ہندوستان کے شہری بجلی کے صارف ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے پیدا کنندہ بھی بن رہے ہیں۔ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا  کے تحت ملک کے 60 لاکھ سے زیادہ خاندانوں نے اپنی چھتوں پر شمسی بجلی گھر نصب کیے ہیں۔ ان میں کرناٹک کے بھی 40 ہزار سے زیادہ کنبے  شامل ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ہر کنبے  کو تقریباً 80 ہزار روپے کی مالی مدد دی گئی ہے۔ اسی طرح پی ایم کُسم  یوجنا  کے تحت کرناٹک میں کسانوں کو 8 لاکھ سے زیادہ شمسی پمپوں کے ذریعے آبپاشی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ یعنی کرناٹک کے اَنّ داتا بھی اب توانائی پیدا کرنے والے بن رہے ہیں۔ ان اسکیموں سے بجلی کے اخراجات کم ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی آمدنی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

ساتھیو!

جب ملک ایک مشن کے ساتھ آگے بڑھتا ہے، جب ہر شہری ترقی کے عمل سے جڑتا ہے اور جب ٹیکس دہندگان سے حاصل ہونے والی رقم کو ترقی کے لیے صحیح طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے،  تو اس کے نتائج بھی خوش گوار اور بامعنی ہوتے ہیں۔ 2014 میں ہم نے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے عزم کے ساتھ کام شروع کیا تھا۔ آج انہی کوششوں کے نتیجے میں ملک میں متوسط طبقے کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور ایک نیا امنگوں سے بھرپور طبقہ وجود میں آ رہا ہے۔ یہ ایسا طبقہ ہے،  جس کی خواہشات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ یہ اپنے گھر میں ریفریجریٹر اور واشنگ مشین چاہتا ہے، اپنے کنبے  کے لیے اسکوٹر اور موٹر سائیکل خریدنا چاہتا ہے اور اپنے بچوں کو بہتر تعلیم، غذائیت اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتا ہے۔ یہ طبقہ سیاحت پر خرچ کرنا اور نئے تجربات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اسی طرح بڑھتی ہوئی خواہشات ملک میں نئی  مانگ  پیدا کر رہی ہیں۔ موٹر گاڑیوں سے لے کر الیکٹرانکس تک، سیاحت سے لے کر خدمات کے شعبے تک، نئی صنعتیں، کارخانے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اس طرح یہ نیا متوسط طبقہ ہندوستانی معیشت کی ترقی کا ایک بڑا محرک بن رہا ہے۔ کرناٹک اور بنگلورو  میں بھی اس نئے متوسط طبقے کی بڑی تعداد موجود ہے اور اس کے مفادات کا تحفظ مرکزی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ساتھیو!

مرکزی حکومت متوسط طبقے کی بچت بڑھانے اور اس کے ہاتھ میں زیادہ رقم پہنچانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ہم نے 12 لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا ہے۔ ٹی ڈی ایس کے ضابطوں میں تبدیلی کرکے بزرگ شہریوں اور کرایے سے آمدنی حاصل کرنے والوں کو راحت دی ہے۔ نئی نسل کے جی ایس ٹی اصلاحات کے ذریعے روزمرہ استعمال کی اشیاء سستی کی ہیں۔ ذاتی صحت اور زندگی کے بیمے پر جی ایس ٹی ختم کرکے بیمے کو مزید قابل استطاعت بنایا ہے۔

ساتھیو!

ہماری کوشش ہے کہ متوسط طبقے کی بچت میں اضافہ ہو، اس کی قوتِ خرید مضبوط ہو اور وہ ا پنے کنبے  کے خواب پورے کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اپنا تعاون ادا کرے۔ آج کرناٹک میں منعقد ہونے والا یہ پروگرام بھی ترقی کے اسی سفر کو نئی رفتار دینے والا ہے۔ آپ سب کو ان نئے پروجیکٹوں  کے لیے بہت بہت مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ سب کا بہت بہت شکریہ!

******

ش ح۔ ش ب۔ ق ر

U.no-7601