Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم 21 نومبر کو مغربی بنگال اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم جناب نریندر مودی 21 نومبر 2026 کو مغربی بنگال اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے۔ صبح تقریباً 9:45 بجے وزیر اعظم آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے بعد وہ بہار روانہ ہوں گے، جہاں ویشالی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم اتر پردیش روانہ ہوں گے۔ شام تقریباً 5:30 بجے وہ لکھنؤ کے گومتی نگر میں واقع اندرا گاندھی پرتشٹھان میں پانچویں کوشل دیکشانت سماروہ میں شرکت کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کھڑگپور میں

وزیر اعظم آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کے 75 طلبہ سے بھی تبادلۂ خیال کریں گے، جو ادارے کے 75 سالہ سفر کی علامت ہوگا۔

آئی آئی ٹی کھڑگپور کا قیام 1951 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ملک میں قائم ہونے والا پہلا انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھا۔ قومی اہمیت کے ادارے کے طور پر تسلیم شدہ اس ادارے نے ہندوستان میں تکنیکی تعلیم، تحقیق اور اختراع کو آگے بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعظم لکھنؤ میں

وزیر اعظم پانچویں کوشل دیکشانت سماروہ میں شرکت کریں گے۔ تعلیمی سال 2021-22 میں شروع ہونے والا کوشل دیکشانت سماروہ، ہنرمندی کے فروغ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کو تسلیم کرنے اور تربیت سے عملی دنیا میں قدم رکھنے والے ہنرمند نوجوانوں کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے ایک سالانہ قومی پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک اس تقریب میں ہنرمندی کے فروغ کے نظام سے وابستہ آل انڈیا ٹاپرز اور نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والوں کو اعزاز سے نوازا جاتا رہا ہے، جس سے پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنرمندانہ پیشوں کے تئیں فخر، کامیابی اور بلند عزائم کا جذبہ فروغ پا رہا ہے۔

اس سال صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز)، قومی ہنرمندی تربیتی اداروں (این ایس ٹی آئیز) اور تربیت کاروں کے تربیتی اداروں (آئی ٹی او ٹیز) کے 52 قومی سطح کے ٹاپرز کو ان کی غیر معمولی کامیابیوں پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔

***

ش ح۔ ش ت۔ ر ب

U.NO.7982