Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن


عزت مآب، ایس سی او کے سکریٹری جنرل، بھارت کے ثقافت کے وزیر، بھارت سرکار کے دیگر وزرا، ایس سی او ممالک کے تمام وزرا، سفیران، ہائی کمشنرز، معززین، ممتاز اس کالرز، نامور فن کار، معزز مہمانان، خواتین و حضرات۔

یہ پہلا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) تہذیبی مکالمہ فورم ہے۔ میں بھارت تشریف لانے والے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتا ہوں اور آپ سب کا تہہ دل سے استقبال کرتا ہوں۔ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں جنگ اور بدامنی پر بحث و مباحثہ غالب ہے، ہم بھارت میں تہذیبی روابط پر مکالمہ کر رہے ہیں۔ یہ اس لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ عالمی امن کے لیے سب سے مضبوط ضمانت ثقافتی ہم آہنگی ہی ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے، آج کے اس پروگرام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

ساتھیو،

چند ماہ قبل شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن نے اپنے قیام کے 25 برس مکمل کیے ہیں۔ گذشتہ برسوں کے دوران، ایس سی او نے سلامتی، معیشت اور رابطے کے شعبوں میں تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دیا ہے۔ ایسے میں، ثقافتی اور تہذیبی تعاون مختلف ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ فورم نئے خیالات کو جنم دے گا، ثقافتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا، اور ہمارے مشترکہ تہذیبی تجربات دنیا کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

ساتھیو!

اس وقت ہم دہلی کے پرانے قلعے میں موجود ہیں، جو بھارت کا ایک شاندار ثقافتی ورثہ ہے۔ اس کی تاریخ جتنی پرکشش ہے، اتنی ہی دل کش داستانیں بھی اس کا حصہ ہیں۔ آپ نے شاید اس کے بارے میں یہاں پڑھا اور سنا بھی ہوگا۔ ماہرین کے مطابق، اس قلعے کی تاریخ ہزاروں سال قبل مہابھارت کے دور تک جاتی ہے۔ اتنے قدیم مقام پر شاندار ثقافتی پرفارمنس، وید منتروں کا توانائی سے بھرپور پاٹھ، بدھ فلسفے کی پیش کش اور ہنومان جی کی یاترا میں بھارت کی ثقافت کے جلوے بھی نظر آ رہے تھے اور انسانیت کے لیے محبت اور اتحاد کا پیغام بھی نمایاں تھا۔

یہ جذبات، یہ افکار، یہ تعلیمات جتنی قدیم ہیں، اتنی ہی عالمگیر بھی ہیں۔ جغرافیائی-سیاسی سرحدوں سے ماورا، یہ ہمیں بآسانی ایک دوسرے سے جوڑ دیتی ہیں۔ یہی اس سربراہی اجلاس کا مقصد بھی ہے اور یہی آج وقت کا تقاضا بھی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ سب اس تقریب سے لطف اندوز بھی ہوں گے اور اسے تاریخی بنا کر ایک نئی روایت کی بنیاد بھی رکھیں گے؛ ایک ایسی روایت جس کے لیے مستقبل آپ سب کو یاد کرے گا۔

آج دنیا بھر میں بین الاقوامی تعاون اور عوام سے عوام کے روابط پر بہت بحث ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسا نقطہ نظر ہے جسے ہمارے آباؤ اجداد نے صدیوں تک پروان چڑھایا تھا۔ تقریباًًً پانچ ہزار سال قبل وادی سندھ کی تہذیب اور میسوپوٹیمیا کے درمیان تجارتی تعلقات قائم تھے۔ بعد ازاں، دیگر تجارتی راستوں نے ان روابط کو مزید وسعت دی۔ بھارت، چین، وسطی ایشیا اور یوریشیا کے کئی علاقے ان قدیم تجارتی نیٹ ورکس سے منسلک تھے۔ ان راستوں پر تاجروں کے ساتھ ساتھ علما، مسافروں اور بدھ بھکشوؤں کی آمد و رفت جاری رہتی تھی۔ ان سفروں کے ذریعے خیالات، زبانوں اور روایات کا تبادلہ ہوا۔ گندھارا اور وسطی ایشیا سے ہوتے ہوئے بدھ مت کے نظریات چین تک پہنچے۔ کوچا اور دنہوانگ جیسے مقامات اس سفر کے اہم مراکز بنے۔ چین سے فاہیان، ہْوین سانگ اور اِتسنگ جیسے نامور علما بھارت تشریف لائے۔ انھوں نے یہاں کی علمی روایات کا گہرا مطالعہ کیا اور انھیں اپنے وطن تک پہنچایا۔ نالندہ جیسی جامعات بھی اس علمی تبادلے کے مراکز بنیں۔ وسطی ایشیا کے کوچا میں پیدا ہونے والے کماراجیوا جیسے علما نے بدھ مت کے متون کا چینی زبان میں ترجمہ کیا۔ اسی طرح، انسانیت اور تہذیب مسلسل ترقی کرتی رہی۔ میرا ماننا ہے کہ سلطنتوں نے بلاشبہ دنیا کے نقشے بدلے ہیں، لیکن تہذیبی مکالموں نے دنیا کے خیالات کو تبدیل کیا ہے اور نظریاتی خوش حالی کو تقویت بخشی ہے۔ لہٰذا، ایس سی او تہذیبی سمٹ محض ایک رسمی پلیٹ فارم نہیں ہے، بلکہ یہ دنیا کو نئی سمت دینے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

ساتھیو،

جب علم ایک مقام سے دوسرے مقام تک سفر کرتا ہے تو اسے بیان کرنے کا طریقہ بدل سکتا ہے، لیکن اس کا اثر اور اس کی اہمیت کبھی نہیں بدلتی۔ علم جس بھی صورت میں ہو، ہمیشہ روشنی ہی پھیلاتا ہے۔ اس کی ایک نہایت اہم مثال بھارت کا پنچتنتر ہے۔ اس کی کہانیاں فارسی اور پھر عربی زبانوں تک پہنچیں۔ کلیلہ و دمنھ کی شکل میں ان کہانیوں نے ایک نئی صورت اختیار کی اور صدیوں تک امر ہو گئیں۔ اسی طرح، جب بھارت سے رامائن جنوب مشرقی ایشیا تک پہنچی تو اس نے انھی آدرشوں کو تقویت دی۔ کمبوڈیا میں ریمکر کی شکل میں رام کتھا نے وہاں کی مقامی ثقافت، پرفارمنگ آرٹس اور ادب میں اپنی ایک منفرد جگہ بنائی ہے۔

ساتھیو!

یہ بین ثقافتی تبادلہ سائنس اور ریاضی کے شعبے میں بھی اِتنا ہی اہم رہا ہے۔ بھارت کے عظیم ریاضی دان برہم گپت کے افکار بغداد تک پہنچے، جہاں الخوارزمی جیسے علما نے ریاضی کے علم کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ساتھیو،

فنِ تعمیر اور موسیقی میں بھی اس مشترکہ سفر کے متعدد شواہد دستیاب ہیں۔ وسطی ایشیا کی مقام اور بھارت کی راگ کی روایات کے مابین گہرا ثقافتی ربط پایا جاتا ہے۔ صوفیانہ افکار اور موسیقی کی روایات نے بھارت میں قوالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ وسطی ایشیا کے سمرقند اور ہرات کی باغبانی کی روایات نے بھارت میں چارباغ طرز کو متاثر کیا۔ اس تبادلے کو آج بھی آزادانہ طور پر جاری رکھنے کے لیے اس سربراہی اجلاس طرح کے اقدامات کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

ساتھیو،

آج ہمارے پاس پہلے سے کہیں زیادہ مواقع دستیاب ہیں۔ اکیسویں صدی کی ٹیکنالوجی نے دنیا میں ثقافتی رابطے کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ جن راستوں پر کبھی ہمارے آباؤ اجداد کو مہینوں کا سفر طے کرنا پڑتا تھا، آج انھی ممالک کے لوگ چند سیکنڈ میں ایک دوسرے سے مربوط ہو سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے علم کے تبادلے، ثقافتی لین دین اور بین الاقوامی تعاون کو مزید آسان بنا دیا ہے۔ ایس سی او کے رکن ممالک کو ان نئی امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ساتھیو،

آپ تمام معزز مہمانوں کے درمیان آج اس ضمن میں میرے چند تجاویز بھی ہیں۔ ہمارے ممالک کے عجائب گھروں، کتب خانوں اور آرکائیوز میں ہزاروں برسوں کا اَن مول ورثہ محفوظ ہے۔ قدیم مخطوطات، نایاب کتب، تاریخی دستاویزات اور فن پارے ہمارے باہمی تعلق کے کئی پہلوؤں کو نمایاں کرتے ہیں۔ آج ٹیکنالوجی کی مدد سے اس ورثے کو نئی نسل تک پہنچانے کے بہترین مواقع میسر آئے ہیں۔ ہم قدیم متون کی ڈیجیٹلائزیشن اور ترجمے میں تعاون کر سکتے ہیں۔ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے ہم اپنی اس مشترکہ تاریخ کے نئے پہلوؤں کو منظرِ عام پر لا سکتے ہیں۔ اس سے دنیا کے کسی بھی حصے میں بیٹھا ایک نوجوان دوسرے ملک کے ثقافتی ورثے کو کہیں بہتر طریقے سے سمجھ سکے گا۔

ساتھیو،

ہماری کئی عظیم تخلیقات آج بھی محدود زبانوں میں دستیاب ہیں۔ اے آئی کی مدد سے ان کے ترجمے کو نئی رفتار دی جا سکتی ہے۔ آج ہمارے پاس پہلے سے زیادہ وسائل موجود ہیں، لہٰذا ہمیں ان کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے۔

ساتھیو،

ثقافتی تبادلے کے ایسے بے شمار دیگر مواقع موجود ہیں جن پر ہمیں توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ مثال کے طور پر، ہمارے ممالک کے عجائب گھر اور ثقافتی ادارے مشترکہ نمائشوں کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے مابین اس کالرز اور محققین کے تبادلے کے پروگراموں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ثقافتی سیاحت بھی ہمارے باہمی تعاون کا ایک اہم شعبہ بن سکتی ہے۔ سلک روٹس اور بدھ مت کے ورثے سے منسلک کئی تاریخی مقامات ہمارے ممالک میں موجود ہیں۔ ہم ان مقامات کو مربوط کر کے ورثے کے سرکٹس اور ثقافتی راستے تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اسی طرح، مشترکہ ثقافتی تہواروں اور فن کاروں کے تبادلے کے ذریعے ہماری فن کارانہ اور ثقافتی روایات نئے لوگوں تک پہنچ سکتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ایسی کاوشوں سے ہمارے شہریوں کو ایک دوسرے کی ثقافت کو مزید قریب سے جاننے اور سمجھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

ساتھیو،

آج ہم جس تہذیبی مکالمے کو فروغ دے رہے ہیں، آنے والے عشروں میں اسے نئی بلندیوں تک پہنچانے کی ذمہ داری ہمارے نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ آج کی نوجوان نسل ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے اور وہ دنیا کو بہتر انداز میں سمجھنے کی خواہاں ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایک دوسرے کی زبانوں، ادب اور ثقافتی روایات سے جڑنے کے مزید مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔ ہمارے نوجوان فن کار، مصنفین اور فلم ساز، ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر تخلیقی پلیٹ فارمز کے ذریعے ہماری مشترکہ وراثت کو نئی نسل تک منتقل کر سکتے ہیں۔ ہمیں مقامی فن کاروں اور کاریگروں کو بھی ان کوششوں سے منسلک کرنا ہوگا۔

ساتھیو!

بھارت میں جب ہم کوئی پوجا یا رسم ادا کرتے ہیں، تو آخر میں یہ دعا ضرور کرتے ہیں کہ مخلوقات میں خیر سگالی ہو اور دنیا کا بھلا ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری ثقافت نے ہمیں ’وسودھیو کٹمبکم‘ کا درس دیا ہے، یعنی یہ پوری دنیا ہی ہمارا خاندان ہے۔ اسی لیے، ہمارے یہاں اپنے بھلے کی خواہش عالمی بہبود کے جذبے میں ہی رچی بسی رہتی ہے۔ ہم باہمی خیر سگالی کو ہی عالمی بہبود کی بنیاد سمجھتے ہیں۔

ساتھیو!

باہمی خیر سگالی کے لیے سب سے اہم چیز باہمی اعتماد ہے! اور یہ باہمی اعتماد تب پیدا ہوتا ہے جب ہم اپنے درمیان کچھ مشترک محسوس کرتے ہیں۔ اسی لیے، آج ضرورت اس بات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہے کہ ہمارے درمیان کیا کچھ مشترک ہے۔ میں بھارت کے تجربات کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ جب ہم یہ وسیع النظری اپناتے ہیں تو ہماری کثیر جہتی ہی ہماری یکجہتی کی بنیاد بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت میں اتنی مختلف زبانوں، طرزِ زندگیوں اور روایات کے باوجود ہم گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔ بھارت میں ہم تنوع کو قبول کرتے ہیں اور اس کا جشن مناتے ہیں۔ یہ تحریک ہمیں ان ویدوں سے ملتی ہے جن کی تلاوت ہم نے ابھی ابتدا میں سنی تھی۔

ساتھیو،

ہمارے ویدوں میں کہا گیا ہے: ”سنگچھدھوم سموددھوم سم وو منانسی جانتام“ یعنی، ہم سب ساتھ چلیں، آپس میں مکالمہ کریں اور ہمارے خیالات میں ہم آہنگی ہو۔ اسی جذبے کے ساتھ، میں ایک بار پھر، پہلے ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کے انعقاد پر، جو اپنی نوعیت کا پہلا ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، آپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں آپ تمام شرکا کے لیے کام یاب اور بامعنی مباحثوں کی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

آپ سب کابہت بہت شکریہ۔

نمسکار۔

***

(ش ح – ع ا)

U.No. 8013