Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم نے پرگتی کے تحت منعقدہ 55ویں میٹنگ کی صدارت کی

وزیر اعظم نے پرگتی کے تحت منعقدہ 55ویں میٹنگ کی صدارت کی


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج قبل ازیں سیوا تیرتھ میں پرگتی کی 55ویں میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ آئی سی ٹی پر مبنی کثیر جہتی پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد فعال حکمرانی کو فروغ دینا اور منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پلیٹ فارم مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ایک ساتھ لاتا ہے تاکہ عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور پروجیکٹوں و فلاحی اسکیموں کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔

میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے سڑک، بجلی، کوئلہ اور ریلوے کے شعبوں سے متعلق پانچ اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا، جن کی مجموعی لاگت 78 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ انہوں نے پردھان منتری اسکلنگ اینڈ ایمپلائبلٹی ٹرانسفارمیشن تھرو اپ گریڈیڈ آئی ٹی آئیز (پی ایم-سیتو) کے نفاذ سمیت صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) کے پورے نظام کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں میں تاخیر کے اثرات صرف لاگت میں اضافے تک محدود نہیں رہتے، بلکہ اس سے عوام، کاروباری اداروں اور معیشت کو ملنے والے فوائد بھی تاخیر سے حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ واضح ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے زیر التوا مسائل کو حقیقت پسندانہ مدت کے اندر حل کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی کاموں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

سڑک کے پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس پر تیزی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اخراجات کے بجائے نتائج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو دہرایا۔ کوئلے کے پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پروجیکٹ پر بروقت عمل درآمد کے ساتھ بازآبادکاری اور متاثرین کی دوبارہ آبادکاری کا کام بھی مقررہ وقت پر اور باوقار طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے۔

بجلی کے پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے غیر مرکزی سطح پر شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے پروجیکٹوں کے لیے اختراعی ماڈل تلاش کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں بھی ممکن ہو، مقامی وسائل کی دستیابی اور بجلی کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پروجیکٹ بجلی کی کھپت کے مراکز کے قریب قائم کیے جانے چاہئیں۔ ان کوششوں کا مقصد قابلِ عتماد اور سستی بجلی کی دستیابی کو بہتر بنانا اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے پر دباؤ کو کم کرنا ہونا چاہیے۔

آئی ٹی آئی کے نظام اور پی ایم-سیتو کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعظم نے وزرائے اعلیٰ اور چیف سکریٹریوں سے اپیل کی کہ وہ آئی ٹی آئی کو مضبوط بنانے اور پی ایم-سیٹو کے تحت صنعتوں کی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتوں کے لیے یہ آئی ٹی آئی کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے، ان کے معیار کو بہتر بنانے میں تعاون دینے اور تربیت کو افرادی قوت کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کا ایک موزوں موقع ہے۔ انہوں نے ریاستوں، آئی ٹی آئی اور صنعتوں کے درمیان قریبی اشتراک پر زور دیا تاکہ ان شراکت داریوں کو نوجوانوں کے لیے بہتر تربیت اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یوز) سے اپیل کی کہ وہ مستقبل میں افرادی قوت کی اپنی ضروریات کا جائزہ لیں اور متعلقہ شعبوں میں تربیت اور بھرتی کے لیے آئی ٹی آئیز کے ساتھ اپنے روابط کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے سرکاری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ عملی تربیت اور شاگردی کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کریں اور آئی ٹی آئی سے تربیت یافتہ فارغ التحصیل طلبہ کو زیادہ تعداد میں بھرتی کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ اس طرح کے اشتراک سے طلبہ کو صنعتوں میں عملی تجربہ حاصل ہوگا اور سرکاری اداروں کو اپنی عملی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت بآسانی دستیاب ہو سکے گی۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہنرمندی کی تربیت کا انتظام صنعتی مراکز اور مختلف شعبوں کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی میں پڑھائے جانے والے ہنر، نصاب اور تربیتی صلاحیتوں کو ہر خطے میں موجود صنعتوں اور مستقبل میں ہونے والی سرمایہ کاری کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جانا چاہیے۔

وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مقامی ضروریات کے مطابق ہنرمندی کی تربیت سے نوجوانوں کو اپنے گھر کے قریب روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی اور مقامی آجروں کے درمیان مضبوط روابط سے گھر کے قریب روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکتا ہے اور مجبوری کے باعث نقل مکانی میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوانوں کو اپنے ہی علاقوں کی اقتصادی ترقی میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔

وزیر اعظم نے آئی ٹی آئی کی تعلیم کے لیے کلاس روم-کمپنی-یریئر (3 سی) کا طریقۂ کار اپنانے پر زور دیا، جس کے تحت کلاس روم میں دی جانے والی تعلیم کو صنعتوں میں عملی تجربے سے جوڑا جائے اور اس کے بعد روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی اور صنعتوں کو باہمی اشتراک سے کام کرنا چاہیے، تاکہ طلبہ کو متعلقہ تکنیکی معلومات، کام کے حقیقی ماحول سے واقفیت اور تربیت سے روزگار تک پہنچنے کا ایک واضح راستہ میسر آ سکے۔

******

 

UNO-8272

ش ح۔ش آ ۔م