مغربی بنگال کے گورنر جناب آر۔ این۔ روی جی، یہاں کے مقبول وزیر اعلیٰ جناب سوویندو ادھیکاری جی، مرکزی کابینہ میں میرے ساتھی جناب سکنتا مجمدار جی، ریاستی حکومت کے وزیر جناب جگن ناتھ چٹوپادھیائے جی، آئی آئی ٹی کھڑگپور کے معزز جناب ٹی۔ وی۔ نریندرن جی، جناب سمن چکرورتی جی، تقریب میں موجود طلبہ، سابق طلبہ، دیگر معززین، خواتین و حضرات!
سب سے پہلے تو میں آپ سب سے معذرت چاہتا ہوں، کیونکہ مجھے یہاں پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔ موسم کی خرابی کے باعث میں وقت پر نہیں پہنچ سکا۔ پھر وہاں سے سڑک کے راستے جلدی جلدی آیا، لیکن اس کے باوجود دیر ہوگئی۔ آپ کو انتظار بھی کرنا پڑا اور میری وجہ سے جو زحمت ہوئی، اس کے لیے میں آپ سب سے معافی چاہتا ہوں۔
ساتھیو!
آج آئی آئی ٹی کھڑگپور کی پلاٹینم جوبلی تقریب میں میرے سامنے بھارت کا ماضی، بھارت کا حال اور بھارت کا مستقبل، سب کچھ ایک ساتھ جڑا ہوا ہے۔ یہاں ایک نہایت باصلاحیت اور بلند عزائم رکھنے والی نسل موجود ہے۔ آج ہم سب اس ادارے کے 75 سالہ سفر کا جشن منانے اور اس کی وراثت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ اپنے قیام کے 75 برسوں میں آئی آئی ٹی کھڑگپور نے بہت سے سنگِ میل قائم کیے ہیں۔ ان 75 برسوں میں بھارت نے بیل گاڑی سے بلٹ ٹرین تک اور ڈاک کے خطوط سے سماجی ذرائع ابلاغ کے پیغامات تک، بہت سی تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے ہر دور میں ملک کے پہلے آئی آئی ٹی ادارے کی حیثیت سے آئی آئی ٹی کھڑگپور نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں اس موقع پر یہاں کے تمام طلبہ، اساتذہ، پورے عملے اور آئی آئی ٹی کھڑگپور کے تمام سابق طلبہ کو بہت بہت مبارک باد دیتا ہوں۔
ساتھیو!
آئی آئی ٹی کھڑگپور کی زندگی کی کچھ یادیں ایسی ہوتی ہیں، جو عمر بھر ساتھ رہتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہاں کے بہت سے سابق طلبہ کو کئی دہائیوں بعد بھی ’چھیدی‘ کے مقام پر چائے کے ساتھ ہونے والی گفتگو خوب یاد آتی ہوگی۔ دوسرے اداروں میں ہاسٹل ہوتے ہیں، لیکن آپ کے یہاں ہال ہوتے ہیں۔ اور میں جانتا ہوں کہ ہر طالب علم کو اپنے ہال پر کتنا فخر ہوتا ہے۔
ابھی یہاں آنے سے پہلے مجھے دیوالی کی کچھ تصویریں دکھائی گئیں اور آپ لوگوں نے ابھی ابھی دیوالی منائی ہے۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور میں دیوالی کا جوش و خروش کچھ الگ ہی ہوتا ہے۔ یہاں روشنیوں کی سجاوٹ کی اپنی ہی رونق ہوتی ہے، اور مختلف ہالوں کے درمیان اس سجاوٹ کو لے کر ہونے والا مقابلہ اسے مزید خاص بنا دیتا ہے۔ اس بار کون سا ہال جیتا ہے؟ اچھا، دیکھیے، کتنے فخر سے بتا رہے ہیں۔ چلیے، جیتنے والوں کو میری مبارک باد۔ اگر جیتنے والے ہی آپ کے لیے تالیاں نہیں بجائیں گے، تو پھر اور کون بجائے گا!
ساتھیو!
بنگال کی یہ سرزمین وہ سرزمین ہے، جہاں خیالات کو قوت ملی اور جہاں سے قومی تحریکوں نے جنم لیا۔ یہ ادارہ بھی اسی مقام پر قائم ہوا ہے، جہاں کبھی آزادی کے مجاہدین کے لیے حراستی کیمپ ہوا کرتا تھا۔ آپ تصور کیجیے کہ جو مجاہدین آزادی یہاں حراستی کیمپ میں رہے ہوں گے، وہ دن بھر کیا باتیں کرتے ہوں گے؟ کیا سوچتے ہوں گے؟ اس پورے ماحول میں اس وقت کی ان کی زندگی، ان کی سوچ اور ان کی سرگرمیاں آج بھی ایک منتر کی طرح گونجتی ہوں گی، جو آپ سب کے لیے تحریک کا ذریعہ بنتی ہوں گی۔
کئی دہائیاں پہلے، ان ہی حراستی کیمپوں نے ان بھارتیوں کے ناقابلِ تسخیر جوش اور حوصلے کا مشاہدہ کیا تھا، جو اپنی حکومت چاہتے تھے، جو بھارت کو بلندیوں پر دیکھنا چاہتے تھے۔ اور آج اسی سرزمین پر، نئے رنگ و روپ میں آراستہ ہمارا آئی آئی ٹی ادارہ قائم ہے، جہاں ایسے نوجوان تیار ہو رہے ہیں جن کی اختراعات اور جن کے خیالات بھارت کو خود کفیل بنانے کی قوت بن رہے ہیں۔ یہ وہ سرزمین ہے، جہاں کبھی خود حکمرانی کی آرزو تھی، آج اسی مقام پر خود انحصاری کا عزم دکھائی دے رہا ہے۔ تب آزادی کا خواب تھا، آج مستقبل کی تعمیر کا موقع ہے۔ آرزو سے خود کفالت تک کا یہ سفر ہی ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی حقیقی توانائی ہے۔
ساتھیو!
جب آئی آئی ٹی کھڑگپور نے اپنا سفر شروع کیا، تب بھارت کی آزادی کو زیادہ وقت نہیں گزرا تھا۔ ملک میں پہلا عام چناؤ بھی نہیں ہوا تھا۔ اس وقت بھارت کو اپنی صنعتوں اور بنیادی ڈھانچے کے لیے انجینئروں کی ضرورت تھی۔ جیسے جیسے ملک کی سائنسی صلاحیتیں بڑھیں، یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ نے ہمارے خلائی اور جوہری توانائی کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں تعاون کیا۔ پھر اطلاعاتی ٹیکنالوجی کا دور آیا، عالمی معیشت کے نئے مواقع پیدا ہوئے، تو یہاں سے نکلنے والے نوجوانوں نے ملک کی سافٹ ویئر صنعت کو مضبوط کیا۔ دنیا کی بڑی بڑی کمپنیوں کی قیادت میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ یعنی ہر دور میں آپ کے اس ادارے نے ملک کی تعمیر میں آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔
اور اب، جب ہم ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، تو آئی آئی ٹی کھڑگپور کا 75 سالہ تجربہ ملک کی ترقی اور ملک کے اختراعی تشخص کو مضبوط بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کرنے والا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ آج کے بلند عزائم والے بھارت کے خوابوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔
ساتھیو!
ہماری قوت کا تعین اس بات سے ہوتا ہے کہ ہم کتنے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور انہیں چیلنج کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ مجھ سے کئی بار لوگ چیلنجوں کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ میں نے کہا ہے کہ میرے مزاج میں ہی یہ بات شامل ہے کہ میں کسی چیلنج کو چیلنج کیے بغیر رہ ہی نہیں سکتا۔
ساتھیو!
بات یہ ہے کہ ہم چیلنج کو چیلنج کرتے ہیں یا کتنی جلدی مطمئن ہوکر بیٹھ جاتے ہیں۔ اکثر کچھ لوگ خود ہی اپنی سوچ کی حدیں مقرر کرلیتے ہیں، اس کی حدود طے کردیتے ہیں۔ اسی کو کہا جاتا ہے ’محدود سوچ‘ یا ’محدود اعتقادات‘۔ اور یہ محدود اعتقادات کیا ہیں؟ اپنے خوابوں کو محدود کردینا، اپنی صلاحیتوں کو محدود کردینا، اپنے ملک کی قوت کو محدود کردینا۔ ہم خود ہی طے کرلیتے ہیں کہ کیا ممکن ہے اور کیا ممکن نہیں۔
اور زیادہ تر لوگ یہی کہتے ہیں کہ ’’نہیں یار، یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ جو لوگ مردہ پڑی سوچ کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، وہ زندگی بھی نہیں جی سکتے، دوستو! ہم اپنی سوچ کی حد کو ہی اپنی دنیا کی حد مان کر بیٹھ گئے ہیں۔ یعنی ہماری سوچ جتنی محدود ہے، ہم نے اپنی دنیا کو بھی اتنا ہی محدود سمجھ لیا ہے۔
ساتھیو!
قومیں بھی اپنی صلاحیتوں کو اسی وقت پہچانتی ہیں، جب وہ اپنی سوچ کی حدود کو توڑتی ہیں۔ اور گزشتہ چند برسوں میں بھارت نے یہی کرکے دکھایا ہے۔ بھارت نے پوری قوت کے ساتھ کہا ہے—حدود توڑو، امکانات کے دروازے کھولو۔ میں آج آپ کو اس کی چند مثالیں بھی دیتا ہوں۔
آپ سوچیے، 20 سال پہلے تک ہمارے ملک میں غربت کو ایک مستقل مسئلہ سمجھا جاتا تھا۔ پانچ دہائیاں پہلے لال قلعے سے غربت دور کرنے کے نعرے لگائے جاتے تھے۔ لیکن اس کے بعد جب بھی پالیسی کی سطح پر کچھ کرنے کی بات آتی، تو پورا نظام بس فائلیں بناکر بیٹھ جاتا تھا۔
ساتھیو!
ایسا اس لیے تھا، کیونکہ سب کی سوچ یہی تھی کہ بھائی، غربت دور نہیں ہوسکتی اور اتنی بڑی آبادی ہے، اب تو بس اسی طرح چلتا رہے گا۔ یعنی کوئی یہ حوصلہ بھی نہیں دکھاتا تھا کہ غربت دور کرنے کے لیے درست پالیسیوں کے ساتھ کام کیا جائے۔
ساتھیو!
جب ہم حکومت میں آئے، تب بھی حالات یہی تھے۔ میں نے لال قلعے سے کہا کہ میں غریبوں کے لیے بیت الخلا بنواؤں گا۔ تو پارلیمنٹ میں لوگ مذاق اڑاتے ہوئے کہتے تھے، بتائیے، یہ کیسا وزیر اعظم ہے، جو لال قلعے سے بیت الخلا بنانے کی بات کررہا ہے۔ ایسے لوگوں کی سوچ میں یہ بات ہی نہیں تھی کہ ایک غریب، خاص طور پر غریب ماں بہن کے لیے بیت الخلا کتنی بڑی ضرورت ہے۔ ایسی ہی سوچ کے باعث پورا ملک بہت سی بنیادی سہولتوں سے محروم رہا۔
12 سال میں ہم نے یہی سوچ بدلی۔ ہم نے غریبوں کو بااختیار بنایا۔ ’’بااختیار بنانے کے لیے قوت فراہم کرنا‘‘، اسی بنیادی منتر کے ساتھ میں زندگی گزار رہا ہوں۔ ہم نے انہیں بااختیار بنایا، ان کے معیارِ زندگی کو آسان بنانے کے لیے منصوبے شروع کیے اور اس کا نتیجہ آج ملک دیکھ رہا ہے۔ ابھی آپ نے عالمی بینک کی تازہ رپورٹ کے بارے میں خبریں ضرور پڑھی یا سنی ہوں گی۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ صرف 12 سے 13 سال میں بھارت کے 50 کروڑ لوگ غربت سے باہر نکلے ہیں۔
ساتھیو!
یہ کوئی معمولی تبدیلی نہیں ہے، یہ اس سوچ کا نتیجہ ہے، جو کہتی ہے—حدود توڑو۔
ساتھیو!
میں آپ کو ایک اور مثال دیتا ہوں۔ جب میں نے سیمی کنڈکٹر مشن شروع کیا، تو بہت سے سوال اٹھائے گئے۔ کہا جاتا تھا کہ اب اس مشن کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ملک بھی سیمی کنڈکٹر بنا رہا ہے، وہ ملک بھی بنا رہا ہے، اور 50 سال سے سیمی کنڈکٹر تیار ہورہے ہیں۔ اب ہم سیمی کنڈکٹر بناکر کیا حاصل کرلیں گے؟ یہی سب کہا جاتا تھا۔ یہ سوچ کی محدودیت تھی۔
ساتھیو!
آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ 50 سال پہلے بھارت میں ایک کمپنی آئی تھی، جو یہاں سیمی کنڈکٹر تیار کرنے آئی تھی، لیکن اسے سرخ جھنڈی دکھا کر واپس بھیج دیا گیا۔ میں جانتا ہوں، اس بات پر کوئی تالیاں نہیں بجائے گا، کیونکہ یہ سرخ جھنڈی دکھانے کا کام تھا۔ اور اسی لیے جب میں نے سیمی کنڈکٹر مشن کی بات کی، تو پھر کہا گیا کہ اب تو بہت دیر ہوچکی ہے۔
ساتھیو!
میں نے بھی ٹھان رکھی تھی۔ میں نے کہا، پہلے دیر ہوگئی تو کیا، کیا بھارت اب بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہے گا؟ ہم نے آغاز کیا۔ میں نے خود افسران کے ساتھ منصوبہ بندی شروع کروائی اور آج آپ دیکھیے، صرف 4 سال کے اندر ملک میں سیمی کنڈکٹر کی بہت سی سہولتیں شروع ہوگئی ہیں۔ بھارت آج چِپس برآمد کرنے لگا ہے۔ آج آپ کے سابق طلبہ ایسی کئی سہولتوں کو چلارہے ہیں۔ ان کی قیادت اور ان کے عملی نفاذ میں وہ اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
اور آپ یقین مانیے، دوستو، آپ کے لیے تو مواقع ہی مواقع ہیں۔ چِپ سے لے کر جہاز تک، سب کچھ یہیں ہوگا، آپ جیسے نوجوانوں کے ہاتھوں ہوگا۔ لیکن سوچیے، اگر ہم یہی مان کر بیٹھ جاتے کہ وہاں تو یہ کام ہوچکا ہے، اب ہم سیمی کنڈکٹر کیوں بنائیں، تو پھر کچھ بھی نہیں ہوتا۔
ساتھیو!
میں خلائی شعبے کی ایک اور مضبوط مثال پیش کروں گا۔ ہمارے ملک میں خلائی تحقیق کے لیے ایک محدود نظام تھا، جس کا مرکز اسرو تھا اور وہاں داخلے پر بڑی حد تک پابندیاں تھیں۔ کوئی بھی راکٹ چھوڑنا ہو یا کوئی بھی مشن شروع کرنا ہو، ہر کام کا اپنا الگ نظام تھا۔ اسرو سے باہر جو نوجوان تھے، ان کے لیے تو داخلے کا موقع ہی نہیں تھا، مواقع کی بات تو بہت دور تھی۔
میں نے وزارت سے کہا کہ اس شعبے میں ہمارے نوجوان اختراع کاروں کو موقع ملنا ہی چاہیے۔ ہم نے بھارت کے خلائی شعبے کو بھارت کے نوجوانوں کے لیے کھول دیا۔ اور آج آپ دیکھیے، آئی آئی ٹی کھڑگپور سے فارغ التحصیل ایک طالب علم پون نے اسکائی روٹ ایرو اسپیس قائم کرکے بھارت کو پہلا نجی راکٹ روانہ کرنے کا اعزاز دلایا ہے۔ آج ایسے بہت سے خلائی نئے کاروباری ادارے بھارت کے خلائی پروگرام کو نئی رفتار سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ کبھی یہ کام ناممکن لگتے تھے، لیکن آج یہ سب ممکن ہے، یہ سب حقیقت ہے۔ اور میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ آپ کے سابق طلبہ نے ناممکن کو ممکن بنانے میں بہت بڑا تعاون دیا ہے۔
ساتھیو!
ملک کو آپ سب سے بہت امیدیں ہیں۔ آنے والی دو دہائیاں آپ کی زندگی کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز برسوں میں سے ہوں گی۔ 2047 تک آپ میں سے بہت سے لوگ قیادت کے عہدوں پر ہوں گے۔ یہ برس بھارت کی ترقی کے لیے بھی سب سے فیصلہ کن ہوں گے۔ اسی لیے آپ کی ہر کامیابی ملک کے لیے اہم ہوگی۔
ایسے میں آپ کو ہمیشہ خود سے یہ سوال پوچھنا ہے کہ ملک کے سامنے ایسا کون سا چیلنج ہے، جسے حل کرنے میں آپ اپنا تعاون دینا چاہیں گے؟ میرا منتر یاد رکھیے گا، دوستو—ملک مقدم۔ جب آپ اسی سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے، تو یقیناً یہ آپ کے لیے بھی نئے مواقع لے کر آئے گی اور ملک کو بھی اس سے بہت فائدہ ہوگا۔
ساتھیو!
آپ نے گزشتہ 75 برسوں میں شاندار کام کیا ہے۔ اب آپ کو اس پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے کہ جب آئی آئی ٹی کھڑگپور اپنی 100ویں سالگرہ منائے، تو یہ جشن ترقی یافتہ بھارت میں منایا جائے۔ 1947 میں اسی سرزمین پر جن آزادی کے مجاہدین کو قید رکھا گیا تھا، انہوں نے عزم کیا تھا کہ وہ آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ اور 20 برسوں میں انہوں نے آزادی حاصل کرلی۔ آج اسی مقام سے ہم یہ عزم کریں کہ اگلے 20 برسوں میں ترقی یافتہ بھارت بناکر رہیں گے۔ ہم یہ کرکے رہیں گے۔ اس کے لیے ہم پوری جانفشانی سے جُٹیں گے اور بہت محنت کریں گے۔ اور آج جب میں بنگال کی سرزمین پر آیا ہوں، تو سوامی وویکانند جی کے الفاظ کے ساتھ اپنی بات ختم کروں گا: ’’اٹھو، جاگو اور اس وقت تک مت رکو، جب تک مقصد حاصل نہ ہوجائے۔‘‘ ایک بار پھر اس خاص موقع پر آپ سب کو میری ڈھیروں مبارک باد۔
بہت بہت شکریہ۔
سلام۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8026
There are no limits to what young minds can achieve. Speaking at the Platinum Jubilee celebrations of IIT Kharagpur. @IITKgp https://t.co/VkB3UO2Rkn
— Narendra Modi (@narendramodi) November 21, 2026
आज जब हम विकसित भारत के लक्ष्य के साथ आगे बढ़ रहे हैं तो IIT खड़गपुर का 75 वर्षों का अनुभव देश के विकास में, देश के innovation profile में बहुत बड़ी भूमिका निभाने वाला है: PM @narendramodi at Platinum Jubilee celebrations of @IITKgp
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026
राष्ट्र भी अपनी क्षमताओं को तभी पहचानते हैं जब वे अपनी सोच की सीमाओं को तोड़ते हैं। पिछले कुछ वर्षों में भारत ने यही करके दिखाया है। भारत ने डंके की चोट पर कहा... Break the Limits. Unlock the Possibilities: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026
Nation First... जब आप इस mindset से आगे बढ़ेंगे तो निश्चित ही, ये आपके लिए भी नए अवसर लेकर आएगा और देश को भी बहुत लाभ होगा: PM @narendramodi at @IITKgp Platinum Jubilee celebrations
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026