اتر پردیش کے پرجوش وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جی، مرکزی کابینہ میں میرے سینئر ساتھی اور اسی پارلیمانی حلقے کے نمائندے جناب راجناتھ سنگھ، جناب جینت چودھری، پارلیمنٹ میں میرے ساتھی جناب پنکج چودھری، نائب وزرائے اعلیٰ جناب کیشو پرساد موریہ اور جناب برجیش پاٹھک، دیگر عوامی نمائندوں اور میرے نوجوان ساتھیو!
مجھے خوشی ہے کہ ہمارے ساتھی جینت چودھری نے ہنرمندی کے فروغ کے اس بڑے پروگرام کے لیے لکھنؤ کا انتخاب کیا۔ آپ نے تالیاں تو بجا دی ہیں، لیکن ابھی میں نے آپ کو یہ نہیں بتایا کہ مجھے خوشی کیوں ہو رہی ہے۔ مجھے خوشی اس لیے ہے کہ اتر پردیش سے رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے یہ میرے لیے فخر اور خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج مجھے ملک بھر سے یہاں آئے اپنے نوجوان ساتھیوں کا استقبال کرنے کا موقع ملا ہے۔
ساتھیو!
آج آپ نے اپنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ اب آپ براہِ راست ملک کی تعمیر کے عمل سے جڑنے جا رہے ہیں۔ آج کا دن میرے لیے بھی بہت اہم ہے۔ آج صبح میں دہلی سے روانہ ہو کر بنگال گیا اور دن کا میرا پہلا پروگرام ایک آئی آئی ٹی میں تھا۔ ملک کی پہلی آئی آئی ٹی کھڑگ پور میں قائم ہوئی تھی اور آج وہ اپنی 75ویں سالگرہ منا رہی تھی۔ جس توانائی، خوابوں، امیدوں اور امنگوں کے ساتھ میں آئی آئی ٹی کے طلبہ سے ملنے گیا تھا، اسی جوش اور ولولے کے ساتھ آج میں آئی ٹی آئی کے طلبہ سے ملنے آیا ہوں۔ میرے لیے آئی آئی ٹی ہو یا آئی ٹی آئی، دونوں یکساں طور پر میرے ملک کا سرمایہ، میری قوم کی طاقت اور ہندوستان کا مستقبل ہیں۔ آئی ٹی آئی میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے آپ نے جو ہنر اور مہارتیں حاصل کی ہیں، وہ اب ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے توانائی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ یہ ترقی یافتہ ہندوستان آپ کے ہاتھوں اور آپ کی مہارتوں سے تعمیر ہوگا۔ ہر ملک اپنے نوجوانوں کی ہنرمندی کے ذریعے ترقی کرتا ہے اور ہمارے ملک نے ہمیشہ ہنر اور دستکاری کا احترام کیا ہے۔
آپ صرف لکھنؤ کو ہی دیکھ لیجیے۔ یہاں چکن کاری کا کتنا کام ہوتا ہے۔ ایک طویل عرصے تک دنیا بھر میں ہندوستان کی پہچان ایسی ہی مہارتوں کے ذریعے رہی ہے۔ باریک ململ، بنارس اور کانچی پورم کا ریشم، کشمیر کی پشمینہ، ہمارے سوتی کپڑے، کلم کاری، دنیا کی بہترین تلواروں میں استعمال ہونے والا فولاد، کانسے اور پنچ دھاتو کے مجسمے اور اس طرح کے سیکڑوں، ہزاروں ہنر ہیں۔ شاید کوئی ایک شخص ان سب کو ایک ساتھ شمار بھی نہ کر سکے۔ یہ سب کبھی ہمارے معاشرے کے بنیادی ستون ہوا کرتے تھے۔
ساتھیو!
پہلے ہمارا سماجی نظام ہی ہنر اور مہارتوں کے گرد تشکیل دیا گیا تھا۔ میری پیدائش گجرات میں ہوئی ہے اور میں گجرات کا ایک تجربہ آپ کے ساتھ بانٹنا چاہتا ہوں۔ گجرات میں ’وسوایا‘ (Vasvaya) نام کی ایک اصطلاح ہے۔ اس روایت کے تحت جب بھی کوئی گاؤں آباد ہوتا تھا تو وہاں ایسے ہنرمند افراد بھی آ کر بس جاتے تھے، جن کا کام گاؤں کی زندگی کو رواں دواں رکھتا تھا۔ تبھی کوئی گاؤں صحیح معنوں میں آباد ہو سکتا تھا۔ یہ وہ لوگ تھے جن کی مہارتیں اتنی ضروری تھیں کہ ان کے بغیر گاؤں کی زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
ساتھیو!
قدیم زمانے سے ملک کے ہر خطے میں اسی طرح کے نظام موجود تھے، لیکن بدقسمتی سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس نظام کی اہمیت بتدریج کم ہوتی چلی گئی۔ جب میں گجرات کا وزیراعلیٰ تھا تو ایک مرتبہ میرے سامنے یہ سوال آیا کہ ایسی کتنی قسم کی مہارتیں ہیں جن کے بغیر ہماری زندگی بہت مشکل ہو جائے گی؟ میں نے یہ ذمہ داری اپنے افسران کو سونپی۔ وہ واپس آئے تو ان کے پاس 30 سے 35 زمروں کی فہرست تھی۔ میں نے ان سے کہا کہ اس طرح اس معاملے کو نہ دیکھیں بلکہ ایک دوسرا طریقہ اختیار کریں۔ میں نے ان سے کہا کہ صبح کسی شخص کے بیدار ہونے سے لے کر رات کو سونے تک اور اس کی پیدائش سے لے کر موت تک غور کریں کہ ایک فرد، خاندان اور معاشرے کو کس طرح کی خدمات درکار ہوتی ہیں؟ کون سی خدمات ایسی ہیں جو بالکل ضروری ہیں؟ میں نے ان سے کہا کہ وہ اپنے تجربات کی بنیاد پر ایک فہرست تیار کریں۔ پہلے وہ صرف 30 سے 35 زمروں کی فہرست لے کر آئے تھے، لیکن ایک ہفتے بعد جب انہوں نے اس پر گہرائی سے غور کیا تو تقریباً ایک ہزار پیشوں کی فہرست لے کر واپس آئے۔ انہیں احساس ہوا کہ ہمیں گلدستے بنانے والے، کھلونے تیار کرنے والے، مہندی لگانے والے اور اس طرح کی بے شمار خدمات فراہم کرنے والے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وہ ہنر اور دستکاریاں تھیں جن کے سہارے ہمارا معاشرہ آگے بڑھتا تھا۔ میں نے افسران سے کہا کہ وہ اس پہلو پر توجہ دیں اور اسی کے نتیجے میں گجرات میں ہنرمندی کے فروغ کا ایک جدید نظام وجود میں آیا۔
ساتھیو!
ہندوستان کے ہنر مندی کے نظام کی تباہی کے پیچھے ایک اور وجہ بھی ہے۔ جب حملہ آور ہمارے ملک میں آئے تو ہندوستان ایک سنہری تہذیب تھا، جس کی دنیا بھر میں قدر کی جاتی تھی اور جس سے بہت سے لوگ حسد کرتے تھے۔ ان حملہ آوروں نے کیا کیا؟ ان کا پہلا حملہ ہمارے ہنر اور دستکاری پر ہوا۔ آپ میں سے بہت سے لوگوں نے تاریخ میں پڑھا ہوگا کہ جب ہمارے ماہر دستکار غیر معمولی معیار کی مصنوعات تیار کرتے تھے تو ان کے انگوٹھے کاٹ دیے جاتے تھے۔ ایسا کیوں کیا گیا؟ کیونکہ ان حملہ آوروں کو معلوم تھا کہ ہندوستان کی خوشحالی اور عظمت کی بنیاد اس کے لوگوں کے ہاتھوں میں موجود ہنر ہے۔ وہ جانتے تھے کہ اگر انہوں نے ان مہارتوں کو تباہ کر دیا تو ہندوستان خود کمزور ہو جائے گا۔
بعد میں انگریز آئے۔ ان کے طریقے زیادہ منظم اور چالاک تھے۔ انہوں نے میکالے کے تعلیمی نظام کے ذریعے ایسا ماڈل مسلط کیا جس میں ہماری ہنر پر مبنی روایات کو محض کاغذوں پر کلرک پیدا کرنے تک محدود کر دیا گیا۔ ایک پورا نظام وجود میں آ گیا جس کا مقصد کلرک تیار کرنا تھا۔ انگریزوں نے ہندوستان کے ہنر کو تباہ کیا اور اپنی صنعتوں کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے ہمارے وسائل لے کر اپنی صنعتوں اور مینوفیکچرنگ کو وسعت دی۔ وقت گزرنے کے ساتھ کاغذی کارروائی کرنے والا کلرک بننا باعثِ فخر سمجھا جانے لگا۔
آج بھی اگر کوئی بچہ آئی ٹی آئی میں داخلہ لیتا ہے تو بہت سے والدین اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو فخر سے یہ بات نہیں بتاتے، بلکہ اسے چھپاتے ہیں۔ انہیں شرمندگی محسوس ہوتی ہے کیونکہ ان کا بچہ کسی یونیورسٹی یا کالج میں نہیں جا رہا ہوتا۔ وہ نیلے رنگ کا اوورآل پہن کر اپنے ہاتھوں سے کام کر رہا ہوتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ ذہنیت پیدا ہوئی ہے۔ میں نے اسے بدلنے کا عزم کیا ہے۔ آئی آئی ٹی سے فارغ التحصیل طلبہ کو جو عزت دی جاتی ہے، وہی عزت میرے آئی ٹی آئی کے طلبہ کو بھی ملنی چاہیے۔ کسی بڑی سے بڑی کمپنی میں ڈگریوں اور سرٹیفکیٹس کے ساتھ گھومنے والے افراد کی تعداد شاید صرف دو یا تین ہو، لیکن اس کمپنی کا کام صرف اسی وقت چلتا ہے جب وہاں آئی ٹی آئی سے تربیت یافتہ 200 سے 300 کارکن اپنی خدمات انجام دے رہے ہوتے ہیں۔
اور اسی لیے، ساتھیو،
ہماری سماجی زندگی میں ذہنیت کی تبدیلی کی بہت ضرورت ہے۔ میں جینت چودھری اور اس پہل سے وابستہ تمام افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے آنے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو میں دیکھ رہا تھا۔ میں نے ان کے انداز اور لباس پر غور کیا۔ یونیورسٹیوں کی تقسیم اسناد کی تقریبات میں وہ فخر اور وقار نظر نہیں آتا جو آج میں اپنے آئی ٹی آئی کے طلبہ میں دیکھ رہا ہوں۔ یہ اعتماد، یہ فخر کچھ خاص ہے۔ ہندوستان کا وزیراعظم بنگال میں ایک پروگرام سے دوڑتا ہوا لکھنؤ آیا ہے تاکہ یہاں کھڑے ہو کر آئی ٹی آئی کے طلبہ کو فخر کے ساتھ سرٹیفکیٹ پیش کر سکے۔
ساتھیو!
یہ ایک نوآبادیاتی ذہنیت تھی، جس سے ملک آزادی کے بعد بھی پوری طرح باہر نہیں نکل سکا۔ آزادی کے بعد بھی کلرک کی ملازمتوں کو ترجیح دی جاتی رہی اور ہنر مندی بتدریج پیچھے ہوتی چلی گئی۔ ایک مرتبہ میں نے دادا دھرمادھیکاری کی ایک کتاب پڑھی۔ ایک پوسٹ گریجویٹ نوجوان ان کے پاس ملازمت کی تلاش میں آیا اور اس نے نوکری دلانے میں مدد کی درخواست کی۔ دادا دھرمادھیکاری نے اس سے پوچھا، ’’تمہیں کیا کام کرنا آتا ہے؟‘‘ اس شخص نے جواب دیا، ’’میں پوسٹ گریجویٹ ہوں۔‘‘ دادا جی نے دوبارہ پوچھا، ’’لیکن حقیقت میں تم کیا کام کر سکتے ہو؟‘‘ نوجوان نے کہا، ’’میرے پاس گولڈ میڈل ہے، سرٹیفکیٹ ہیں، میں پوسٹ گریجویٹ ہوں۔‘‘ دادا جی نے پھر پوچھا، ’’کیا تم گاڑی چلا سکتے ہو؟‘‘ اس نے کہا، ’’نہیں۔‘‘ ’’کیا تم کھانا بنا سکتے ہو؟‘‘ اس نے جواب دیا، ’’نہیں۔‘‘ پھر تم کیا کر سکتے ہو؟ نوجوان بار بار یہی کہتا رہا کہ وہ پوسٹ گریجویٹ ہے۔ ایک وقت تھا جب صرف کاغذی سرٹیفکیٹس کی قدر ہوتی تھی۔
لیکن اب وقت بدل رہا ہے اور آج میں آپ کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں۔ آپ نے آج میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہونے والی بحثیں دیکھی ہوں گی۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں نے 2023 میں پارلیمنٹ میں مشورہ دیا تھا کہ لوگ حکومت ہند کے سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یو) میں سرمایہ کاری کریں اور خوشحال بنیں۔ اس وقت لوگوں نے میرا مذاق اڑایا تھا، لیکن تاریخ نے ثابت کیا کہ جن لوگوں نے سرمایہ کاری کی، انہیں اس کا خاصا فائدہ ہوا۔
میں نے ایک سال پہلے ایک اور بات کہی تھی۔ میں نے ملک کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ اگر انتہائی ضروری نہ ہو تو ایک سال تک سونا نہ خریدیں۔ مجھے خوشی ہے کہ جس طرح کبھی لال بہادر شاستری کی اپیل پر لوگوں نے ملک کے لیے ایک وقت کا کھانا چھوڑ دیا تھا، اسی طرح ہمارے شہریوں نے بھی میری بات سنی۔ یہی اس قوم کا کردار ہے۔ مجھ جیسے ایک عام شخص نے لوگوں سے کم سونا خریدنے کی درخواست کی اور انہوں نے ایسا کیا۔ سونے کی قیمتیں گر گئیں۔ آج لوگ مجھے بتاتے ہیں کہ انہوں نے میرے مشورے پر عمل کیا اور پیسے بچائے۔
آج میں آپ سے ایک اور بات کہنا چاہتا ہوں۔ اسے لکھ لیجیے۔ وقت بدل رہا ہے۔ ہنر اور دستکاری کی مہارت رکھنے والے افراد کی مانگ ان لوگوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھنے والی ہے جن کے پاس صرف کاغذی سرٹیفکیٹ ہیں اور جو کوٹ، پتلون اور ٹائی پہنتے ہیں۔ حقیقی ہنر رکھنے والوں کی مانگ زیادہ ہوگی۔
جب بھی میں سعودی عرب، دبئی، ابوظہبی، قطر یا کویت جاتا ہوں تو وہاں کے شاہی خاندانوں کے افراد مجھ سے ایک بات ضرور کہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہاں نظر آنے والے شاندار جدید شہر صرف ان کے پیسوں سے نہیں بلکہ ہندوستانی کارکنوں کی محنت اور مہارت سے تعمیر ہوئے ہیں۔ دبئی کی شان و شوکت، ابوظہبی کی چمکتی ہوئی فلک بوس عمارتیں اور سعودی عرب کی ترقی، یہ سب ہندوستانی دستکاروں کے ہنر اور محنت کا نتیجہ ہیں۔ ہر شاہی خاندان ہندوستان کی انسانی صلاحیتوں کی تعریف کرتا ہے۔
آج دنیا بھر کی حکومتیں ہمارے ساتھ معاہدے کرتے ہوئے بار بار کہتی ہیں کہ انہیں ہر سال 90 ہزار، یا ایک لاکھ 50 ہزار، یا ایک لاکھ افراد کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا ہندوستانی ہنر مندوں کی متلاشی ہے۔ اور وہ صرف یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ نہیں مانگ رہے، بلکہ وہ آئی ٹی آئی سے تربیت حاصل کرنے والے افراد چاہتے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس ہنر اور مہارت ہے، ان کی مانگ پوری دنیا میں بڑھ رہی ہے۔ اسی لیے میں کہتا ہوں، ساتھیو، اگلے 20 سال۔۔۔ اور میں فلم کی بات نہیں کر رہا ہوں۔۔۔ اگلے 20 سال ترقی یافتہ ہندوستان کے ہیں۔
ساتھیو!
21ویں صدی میں ہندوستان صرف اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے جب ہنر اور مہارت کا احترام کیا جائے۔ اسی لیے گزشتہ برسوں میں ہماری حکومت نے ’شرمیو جیتے‘ کے جذبے سے کئی اقدامات کیے ہیں۔ ہم نے سب سے پہلے ہنرمندی کے فروغ کے لیے ایک الگ وزارت قائم کی۔ پہلے تقسیم اسناد کی تقریبات صرف کالجوں اور یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے لیے منعقد کی جاتی تھیں۔ لوگ بڑی بڑی ٹوپیاں اور گاؤن پہنتے تھے۔ میں نے کہا، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اگر شاندار تقسیم اسناد کی تقریبات منعقد ہونی چاہئیں تو وہ میرے آئی ٹی آئی کے طلبہ کے لیے بھی ہونی چاہئیں۔ میں ان کی انگلیوں میں ہندوستان کا مستقبل دیکھتا ہوں۔ میں ان کی مہارتوں میں ہندوستان کی طاقت دیکھتا ہوں۔ جب ہم نے نئی قومی تعلیمی پالیسی تیار کی تو اس میں بھی ہنرمندی کے فروغ پر خصوصی زور دیا۔
ساتھیو!
آج کے جدید دور میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں بہت کچھ کہا جا رہا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اے آئی یہ کر دے گا، وہ کر دے گا۔ اے آئی کسی کی ملازمت چھین لے گا تو کسی کا روزگار ختم کر دے گا۔ لیکن اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیجیے کہ کوئی بھی ہنرمند شخص کا روزگار نہیں چھین سکتا۔ کووڈ کے دوران ہم نے دیکھا کہ حالات کتنے مشکل ہو گئے تھے۔ لوگ بے بس ہو گئے تھے۔ جن لوگوں کی خدمات پر معاشرے کا انحصار تھا، وہ موت کے خوف سے اپنے گاؤں واپس چلے گئے تھے۔ تب لوگوں کو احساس ہوا کہ وہ چاہے کتنے ہی دولت مند کیوں نہ ہوں، ہنرمند افرادی قوت کے بغیر ان کا کام نہیں چل سکتا۔ اس دور میں زندگی کے بہت سے شعبوں کو ہنرمند کارکنوں نے ہی سنبھالے رکھا۔
ساتھیو!
جب آپ کوئی ہنر سیکھتے ہیں تو آپ صرف مشینوں کے ساتھ کام نہیں کرتے بلکہ لوگوں کی زندگیوں کو آسان بناتے ہیں۔ آپ ملک کی طاقت میں اضافہ کرتے ہیں۔ ایک وقت تھا جب ہندوستان موبائل فون درآمد کرتا تھا۔ آج ہندوستان کے بیٹے اور بیٹیاں یہ فون تیار کر رہے ہیں اور ہندوستان میں بنے موبائل فون دنیا بھر کے ممالک کو بھیجے جا رہے ہیں۔ آپ ہی کی بدولت ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی لیے آج آئی ٹی آئی کو اتنی اہمیت دی جا رہی ہے۔ 2014 سے ہماری حکومت نے ایک دہائی کے اندر تقریباً 5 ہزار نئے آئی ٹی آئی قائم کیے ہیں۔ آئی ٹی آئی میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد میں پانچ لاکھ سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں لڑکیوں کی تعداد ڈھائی گنا سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔
ساتھیو!
آئی ٹی آئی میں تربیت کے معیار، اساتذہ کی صلاحیت اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا بھی ہماری اہم ترجیحات میں شامل رہا ہے۔ پہلے آئی ٹی آئی کا نیٹ ورک پیچھے رہ گیا تھا۔ ہنرمندی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے نام پر وہی پرانے روایتی کورس پڑھائے جا رہے تھے۔ آج آئی ٹی آئی میں نئے دور کی 30 سے زیادہ مہارتوں پر مبنی کورس پڑھائے جا رہے ہیں۔ جیسا کہ جین زی کے نمائندوں نے بتایا، ان کورسز میں اب ایئروناٹیکل اسٹرکچرز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اسسٹنٹس، سائبر سکیورٹی اسسٹنٹس، ڈرون ٹیکنیشنز، گرین ہائیڈروجن ٹیکنیشنز، صنعتی روبوٹکس، الیکٹرک گاڑیاں، اینیمیشن اور اسپیشل ایفیکٹس، سیمی کنڈکٹر ٹیکنیشنز سمیت کئی دیگر کورس شامل ہیں۔ یہ تمام کورس موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ہیں۔
کوئی اسپتال کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، ڈاکٹر کتنے ہی اعلیٰ تعلیم یافتہ کیوں نہ ہوں، اگر وہاں مشینیں چلانے کے لیے آئی ٹی آئی سے تربیت یافتہ ٹیکنیشنز موجود نہ ہوں تو ایک بھی مریض کا علاج نہیں ہو سکتا۔ یہی آپ کی طاقت ہے۔ میں یہاں آپ کو آپ کی طاقت کا احساس دلانے آیا ہوں۔ میں آپ کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے آیا ہوں، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ مستقبل میں آئی ٹی آئی ایک شاندار باب رقم کرنے والے ہیں۔
اور ساتھیو!
یہ سب کچھ صرف ہندوستان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نہیں، بلکہ پوری دنیا کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔ آپ ہر روز سنتے ہیں کہ ہندوستان کسی ایک ملک کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر رہا ہے تو کسی دوسرے ملک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) پر بات چیت کر رہا ہے۔ ان تمام اقدامات سے آپ جیسے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ساتھیو!
ہماری کوشش ہے کہ آئی ٹی آئی کے نصاب کو جدید بنایا جائے، مشینری کو اپ گریڈ کیا جائے، تربیت دینے والے اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے اور تربیت کو صنعتوں سے براہِ راست جوڑا جائے۔ اسی مقصد سے پی ایم سیتو اسکیم کے تحت 60 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ اس سے آپ سب نوجوانوں کو بہت فائدہ پہنچنے والا ہے۔
ساتھیو!
جیسے جیسے ہندوستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ہنرمند کارکنوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ آپ نے ابھی سنا کہ گزشتہ 12 سے 13 برسوں میں 50 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے۔ میری نظر میں آزادی کے بعد ہندوستان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک یہی ہے کہ 50 کروڑ لوگ غربت سے باہر نکلے ہیں۔ ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا راستہ بھی اسی کامیابی سے ہو کر گزرتا ہے۔ حکومت نے سہولتیں فراہم کیں، غریبوں کو بااختیار بنایا اور ان میں یہ اعتماد پیدا کیا کہ وہ غربت سے باہر نکل سکتے ہیں۔ اس عظیم مہم کے دوران ہنرمند کارکنوں کے لیے بھی لاکھوں مواقع پیدا ہوئے۔ جب غریب خاندانوں کے لیے چار کروڑ مکانات تعمیر کیے گئے تو الیکٹریشنز اور بڑھئیوں کو کام ملا۔ جب پائپ لائنیں بچھائی گئیں اور پہلی مرتبہ گاؤں گاؤں بجلی پہنچی تو آپ جیسے نوجوانوں نے ہی ان منصوبوں کو کامیاب بنایا۔
ساتھیو!
آج بہت سے نئے شعبوں میں مختلف مہارتوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ میں آپ کو ایک اور مثال دیتا ہوں۔ چند ماہ قبل جب مغربی ایشیا میں جنگ شروع ہوئی تو گیس کی سپلائی متاثر ہوئی۔ ایل پی جی کی دستیابی کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے اور غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ افراتفری پھیلانے کے شوقین لوگ سرگرم ہو گئے۔ انہوں نے کہنا شروع کر دیا کہ گیس ختم ہو جائے گی، چولہے جلنا بند ہو جائیں گے، لوگ بھوکے رہ جائیں گے اور پیٹرول پمپوں پر قطاریں لگ جائیں گی۔ آپ پرانی اخباری رپورٹیں دیکھ سکتے ہیں کہ اس وقت کیا کیا پیش گوئیاں کی گئی تھیں، لیکن ان میں سے کچھ بھی نہیں ہوا۔
اسی دوران آبنائے ہرمز کا بحران بھی سامنے آیا تو ہم ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھ سکتے تھے۔ ہمیں اقدامات کرنے تھے۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ شہری علاقوں میں روزانہ کم از کم ایک لاکھ پی این جی گیس کنکشن فراہم کیے جائیں۔ ہم چاہتے تھے کہ پائپ لائنوں کے ذریعے گھروں تک گیس پہنچائی جائے تاکہ مستقبل میں سپلائی میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ کا مقابلہ کیا جا سکے۔ میں نے خود اس پروگرام کا جائزہ لیا، کیونکہ میرا ہدف روزانہ ایک لاکھ کنکشن فراہم کرنا تھا۔ لیکن جب بھی میں جائزہ اجلاس کرتا تو اعداد و شمار صرف 15 ہزار، 20 ہزار، 22 ہزار یا 23 ہزار تک ہی پہنچتے تھے۔ ہم ایک لاکھ کے ہدف تک نہیں پہنچ پا رہے تھے۔ حکومت رقم خرچ کرنے کے لیے تیار تھی۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ مجھے کیا جواب ملا؟ افسران نے بتایا کہ انہوں نے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کر لی ہے، لیکن انہیں کافی تعداد میں پلمبر نہیں مل رہے۔ پلمبروں کی کمی تھی۔
ذرا اپنی طاقت کو دیکھیے۔ ملک کو پلمبروں کی شدید ضرورت تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر آپ کے پاس ہنر ہے تو آپ کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ آج ہمیں شمسی توانائی کے شعبے میں بڑی تعداد میں ہنرمند کارکنوں کی ضرورت ہے۔ ہندوستان میں کھیلوں کی ایک بالکل نئی معیشت ابھر رہی ہے۔ ہمیں کھیلوں کا سامان اور کھیل و فٹنس سے متعلق دیگر مصنوعات تیار کرنے والوں کی ضرورت ہے۔ دوسرے لفظوں میں، آپ کے لیے مواقع آسمان کی وسعتوں کی طرح پھیل رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ساتھیو!
آج ہندوستان دنیا کا ہنرمندی کا دارالحکومت (اسکل کیپٹل) بننے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے اور آپ سب اس خواب کے مرکز میں ہیں۔ میں صرف ہندوستان کی بات نہیں کر رہا ہوں، بلکہ پوری دنیا کی بات کر رہا ہوں اور یہ بات آپ کی صلاحیتوں کے بھروسے پورے اعتماد کے ساتھ کہہ رہا ہوں۔
میں تمام نوجوانوں اور اتر پردیش کے لیے ایک اچھی خبر بھی لایا ہوں۔ اگلے سال 2027 میں ہندوستان ورلڈ اسکلز ایشیا مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ ایشیا بھر سے نوجوان یہاں آئیں گے اور یہ مقابلہ اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہوگا۔ اتر پردیش کئی ممالک کے نوجوانوں کی میزبانی کرے گا۔ میں اس کے لیے بھی اتر پردیش کو پیشگی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
ساتھیو!
آج اتر پردیش ملک کی ترقی کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ایک وقت تھا جب یہاں نوجوانوں کے لیے مواقع بہت محدود تھے۔ یوگی جی، موریہ جی، برجیش جی، پنکج چودھری جی اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں اور ڈبل انجن حکومت کے ذریعے حالات مکمل طور پر بدل گئے ہیں۔ آج اتر پردیش کے لوگ فخر سے کہتے ہیں کہ یوپی ایکسپریس وے والا صوبہ ہے۔ یوپی میں کئی بین الاقوامی ہوائی اڈے ہیں۔ یہاں بڑی بڑی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ سیاحت کے شعبے کو فروغ مل رہا ہے۔ موبائل فون تیار کرنے کے بڑے کارخانے کام کر رہے ہیں۔ اتر پردیش میں سیمی کنڈکٹر پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ آپریشن سندور کے دوران خاصی توجہ حاصل کرنے اور ہمارے دشمنوں کی نیندیں اڑانے والا برہموس میزائل بھی اتر پردیش میں تیار کیا جا رہا ہے۔ ترقیاتی سرگرمیوں کے ان تمام اقدامات سے آپ جیسے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ساتھیو!
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اتر پردیش پہلے کیسا ہوا کرتا تھا۔ چند روز قبل میں اپنے پارلیمانی حلقے کاشی میں تھا۔ وہاں ایک کارخانے کے افتتاح کے دوران ایک نوجوان خاتون نے مجھے بتایا کہ اب وہ رات 11 بجے تک کام کرتی ہے اور خود محفوظ طریقے سے گھر واپس آ جاتی ہے۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اتر پردیش کے لوگ سمجھتے ہیں کہ کبھی سورج غروب ہونے کے بعد کسی بیٹی کا گھر سے باہر ہونا کیا معنی رکھتا تھا۔ اس خاتون نے مجھے بتایا کہ وہ رات 11 بجے کارخانے میں کام ختم کرنے کے بعد اکیلے گھر جاتی ہے۔ یوگی جی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے تحفظ کا یہ ماحول پیدا کیا ہے۔ تحفظ کا احساس اور خوشحالی کے امکانات پر اعتماد ہی ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کرے گا۔
اسی لیے میں ملک کے ہر نوجوان سے کہتا ہوں کہ آپ کے سامنے پورا آسمان موجود ہے۔ بڑے خواب دیکھیے، اپنی مہارتوں کو فروغ دیجیے اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی پوری توانائی صرف کر دیجیے۔ کبھی یہ محسوس نہ کیجیے کہ آپ اکیلے ہیں۔ جب بھی آپ کو لگے کہ آپ تنہا ہیں تو یاد رکھیے کہ میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔
اسی اعتماد کے ساتھ جب آپ سب زندگی کے ایک نئے مرحلے میں قدم رکھ رہے ہیں تو اپنے والدین کے تمام خوابوں کو پورا کیجیے۔ آپ نے جو کچھ حاصل کیا ہے، اسے معاشرے کو مضبوط بنانے کے لیے وقف کر دیجیے۔ آپ ترقی کریں گے، ملک ترقی کرے گا اور آپ کے خاندان فخر محسوس کریں گے۔ اسی جذبے کے ساتھ میں اس خاص موقع پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ابھی میں ٹیلی ویژن پر ملک بھر کے آئی ٹی آئی اداروں میں جمع ہوئے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو دیکھ رہا تھا۔ میں ان سب کو مبارکباد دیتا ہوں اور اپنی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
میرے ساتھ دہرائیے:
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
بھارت ماتا کی جے!
آپ سب کا بہت بہت شکریہ!
نوٹ: وزیراعظم کے خطاب کا یہ مفہومی ترجمہ ہے۔ اصل خطاب ہندی زبان میں دیا گیا تھا۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
U :8085
Celebrating the hard work and achievements of India's skilled youth at the Kaushal Deekshant Samaroh in Lucknow. https://t.co/HJ8DAt1bpY
— Narendra Modi (@narendramodi) November 21, 2026
21वीं सदी का भारत कौशल को, स्किल को सम्मान देकर ही आगे बढ़ सकता है। इसलिए, बीते वर्षों में हमारी सरकार ने श्रमेव जयते की भावना से एक के बाद एक कई कदम उठाए हैं: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026
जब आप कोई हुनर सीखते हैं, तो आप केवल मशीनों पर काम नहीं करते। आप लोगों की जिंदगी को आसान बनाते हैं। आप देश का सामर्थ्य बढ़ाते हैं: PM @narendramodi during Kaushal Deekshant Samaroh in Lucknow
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026
आज भारत, विश्व की स्किल कैपिटल बनने की तरफ आगे बढ़ रहा है: PM @narendramodi at Kaushal Deekshant Samaroh in Lucknow
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026
मैं देश के हर युवा से कहता हूं कि आपके सामने इस समय पूरा आसमान है…बड़े सपने देखिए, अपने कौशल का विकास करिए और अपने सपनों को पूरा करने के लिए पूरी ताकत लगा दीजिए: PM @narendramodi at Kaushal Deekshant Samaroh in Lucknow
— PMO India (@PMOIndia) November 21, 2026