ایلاریگو ننّا نمسکارگلو!
کرناٹک کی گورنر محترمہ سدھا یادو جی، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے جنرل سکریٹری (سرکاریہ واہ)، ہم سب کے رہنما جناب دتاتریہ ہوسبالے جی، ایس ویاسا کے صدر ایچ آر ناگیندر جی، نائب صدر ڈاکٹر آر ناگ رتنا جی، چانسلر ایچ آر دیانند سوامی جی، وائس چانسلر منجوناتھ این کے جی، رکن پارلیمنٹ سی این منجوناتھ جی، جنوبی کوریا کے شہر میریانگ کے میئر، یہاں موجود دیگر تمام معزز شخصیات، خواتین و حضرات!
آج بنگلورو میں مجھے یوگا کی حیرت انگیز توانائی کو محسوس کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ کرناٹک کی یہ سرزمین صدیوں سے یوگا کا مرکز رہی ہے۔ یوگا سے وابستہ کتنے ہی آچاریوں اور دانشوروں نے یہاں جنم لیا ہے اور یوگا کی روایت کو مالا مال بھی کیا ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ کنڑ سنیما کے عظیم فنکار ڈاکٹر راج کمار جی بھی یہاں آچکے ہیں۔ یہاں ایسے لوگ بھی ہوئے ہیں جو یوگا کی مشق کرتے تھے اور جنہوں نے فن کی دنیا کے ساتھ ساتھ یوگا کی خدمت بھی کی ہے۔
ساتھیو!
کرناٹک کی اس عظیم وراثت کے درمیان، پرشانتی کوٹیرم کے 50 برسوں کا سفر، خدمت اور لگن کی ایک ایسی حیرت انگیز اور بے مثال داستان ہے، جسے ہر ہندوستانی کو جاننا چاہیے۔ کس طرح ایک معمولی سے یوگا مرکز نے اتنی بڑی تحریک کی شکل اختیار کر لی، یہ اپنے آپ میں باعث تحریک ہے۔
ساتھیو!
آج اس موقع پر یہاں کئی نئی سہولتوں کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ ان کوششوں کے لیے بھی میں ایس ویاسا خاندان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں آپ سبھی کو اور پرشانتی کوٹیرم سے وابستہ لاکھوں سادھکوں کو بھی گولڈن جوبلی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ساتھیو!
پرشانتی کوٹیرم کی گولڈن جوبلی کے ساتھ ہی، اس سال ہم قابل احترام ایچ وی شیشادری جی کی صد سالہ یوم پیدائش بھی منا رہے ہیں۔ میں انہیں عقیدت کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ شیشادری جی نے اپنی پوری زندگی ’فرد کی تعمیر سے ملک کی تعمیر‘ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے وقف کر دی۔ وہ جانتے تھے کہ اگر ملک کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانا ہے تو اس کے لیے وقف، باصلاحیت اور نظم و ضبط کے پابند شہریوں کی ضرورت ہے۔ شیشادری جی نے ایسے ہی افراد تیار کرنے کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ میں رہتے ہوئے انہوں نے جو سنگ میل حاصل کیے، آج بھی کروڑوں سویم سیوک ان سے ترغیب حاصل کرتے ہیں۔
ساتھیو!
جب ہم انہیں یاد کرتے ہیں تو سب سے پہلے ان کی سادہ لوح شخصیت کا نقش ہمارے ذہن میں ابھرتا ہے۔ ابھی دتّا جی نے بھی نہایت خوبصورت الفاظ میں ان کی سادگی کا ذکر کیا ہے۔ اتنی بڑی شخصیت، اتنا وسیع تجربہ اور اس کے باوجود اپنے برتاؤ میں اتنی انکساری! خود پس منظر میں رہ کر دوسروں کو آگے بڑھانا، لوگوں کو جوڑنا اور انہیں ملک کی خدمت کے لیے تیار کرنا، یہی ان کی زندگی کا ایک بڑا مشن تھا۔ گفتگو کے دوران وہ اکثر ایک مثال دیا کرتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ ہمیں ایک ماں کے طرزِ عمل سے سیکھنا چاہیے۔ جس طرح ایک ماں اپنے بچے کی خدمت کے لیے پوری پوری رات جاگتی ہے، اس کی دیکھ بھال کرتی ہے اور بے غرض ہو کر اس کے لیے کام کرتی ہے، اسی طرح اگر ہم اس جذبے کو پورے معاشرے تک وسعت دے دیں تو اس سے معاشرے کو کتنا بڑا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ساتھیو!
ماں جیسی بے لوث محبت کے جذبے کے ساتھ شیشادری جی معاشرے کی خدمت میں مصروف رہے۔ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے مسلسل ان کی شفقت اور رہنمائی حاصل ہوتی رہی۔ ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کی یادیں اور ان کی باتیں آج بھی میرے لیے بے حد قیمتی ہیں۔
ساتھیو!
شیشادری جی کی ایک اور بات میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ اگر ہم معاشرے کو دونوں ہاتھوں سے دیتے ہیں تو معاشرہ ہمیں لاکھوں ہاتھوں سے لوٹاتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں بارہا اس بات کو حقیقت کا روپ لیتے دیکھا ہے۔ عوام کی خدمت کرتے ہوئے عوام نے ہمیشہ مجھے اپنی دعاؤں اور آشیرواد سے نوازا ہے اور یہی میری زندگی کا بہت بڑا سرمایہ ہے۔
ساتھیو!
شیشادری جی کے خاندان میں بھی ہمیں اسی جذبۂ خدمت کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ ڈاکٹر ناگیندر جی اور ڈاکٹر ناگ رتنا جی اپنے کاموں کے ذریعے ان کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ میں ان کی ہر کوشش کی بھی ستائش کرتا ہوں اور انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ساتھیو!
جب ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا، اس وقت ایک طرف لاکھوں مجاہدینِ آزادی جنگِ آزادی لڑ رہے تھے، تو دوسری طرف سوامی وویکانند جیسے قوم کے عظیم روحانی رہنما بھی تھے، جنہوں نے ہندوستان کے روحانی شعور کو بیدار کیا اور ہندوستان کے نوجوانوں کو یوگا کا راستہ دکھایا۔
ساتھیو!
سوامی وویکانند جی جیسے رشیوں سے حاصل ہونے والی ترغیب نے پرشانتی کوٹیرم جیسے اداروں کو جنم دیا۔ یہاں نہ صرف یوگا کو عوام کے ہر طبقے تک پہنچانے کی مہم چلائی گئی بلکہ جدید سائنس کے پیمانوں پر نئے تحقیقی کام بھی کیے گئے۔ یہاں صرف یوگا کے ماہرین ہی تیار نہیں کیے گئے بلکہ معاشرے کے لیے تربیت کار اور مفکرین بھی تیار کیے گئے۔ یہ اساتذہ، ڈاکٹر اور محققین آج ملک اور دنیا بھر میں یوگا کے ذریعے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ پرشانتی کوٹیرم سے فروغ پانے والا ایس ویاسا، یوگا کی تعلیم، سائنسی تحقیق اور صحت کی خدمات کے شعبوں میں ایک اہم ادارہ بن چکا ہے۔ آپ نے یوگا کے ساتھ ساتھ آیوروید، قدرتی طریقۂ علاج اور جدید طبی سائنس سے متعلق سہولتوں کو یکجا کرکے صحت و تندرستی کا ایک جامع نظام بھی تیار کیا ہے۔ ذہنی دباؤ سے متعلق مسائل اور طرزِ زندگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے یہاں ہونے والی تحقیق سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچا ہے۔ میں ان کوششوں کے لیے پرشانتی کوٹیرم کی ستائش کرتا ہوں۔
ساتھیو!
گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان نے اپنی ثقافت، اپنی شناخت اور اپنے علم و سائنس کو پورے اعتماد کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اور یہ بات میں پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ ہندوستان نے یہ سب کچھ پورے اعتماد کے ساتھ کیا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان کی پہل پر اب پوری دنیا بین الاقوامی یوگا کا دن مناتی ہے۔ یوگا کے دن کے موقع پر آسٹریلیا سے لے کر افریقہ اور امریکہ تک یوگا سے متعلق پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ کروڑوں کی تعداد میں لوگ ان میں حصہ لیتے ہیں۔ آج دنیا کے متعدد ممالک میں یوگا ہمارے اسکولوں، اداروں اور کام کی جگہوں تک پہنچ چکا ہے۔ مثال کے طور پر سعودی عرب میں یوگا کو کھیلوں کی ایک سرگرمی کے طور پر منظوری دی گئی ہے۔ وہاں کی وزارتِ کھیل نے یوگا کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان کی وزارتِ آیوش کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ غیر ملکی شہریوں کی جانب سے یوگا کو فروغ دینے کی مثالیں بھی مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ میرا اپنا تجربہ ہے کہ میں دنیا میں جہاں بھی جاتا ہوں، دوپہر یا رات کے کھانے کے دوران میرے ساتھ بیٹھنے والے غیر ملکی مہمانوں یا متعلقہ ملک کے سربراہانِ مملکت کے ساتھ شاید ہی کوئی ایسی نشست ہوتی ہو جس میں یوگا پر بات نہ ہو۔ پہلے مجھے انہیں یہ سمجھانا پڑتا ہے کہ میں یوگا کا ماہر نہیں بلکہ اس کا ایک مشق کرنے والا ہوں۔ اس کے بعد میں انہیں بتاتا ہوں کہ یوگا سے اس طرح کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ وہ اس بارے میں بہت سے سوالات بھی پوچھتے ہیں۔ میں نے دنیا کے بہت سے رہنماؤں کو یہ کہتے سنا ہے کہ میری اہلیہ سال میں ایک بار ہندوستان جاتی ہیں اور وہاں یوگا سیکھتی ہیں، یا وہ یہاں یوگا سکھاتی ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ میری بیٹی یوگا سیکھتی ہے اور اس نے خود کو یوگا کے لیے وقف کر دیا ہے۔ دنیا کے بڑے بڑے سربراہانِ مملکت کے خاندانوں میں کوئی نہ کوئی فرد ایسا ضرور ملتا ہے جو یوگا سے وابستہ ہے۔ یعنی یوگا کے ذریعے ہندوستان دنیا کے نہ جانے کتنے حصوں تک پہنچ چکا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یوگا ہندوستان کو جاننے کا ایک وسیلہ بن چکا ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ قطر کے شاہی خاندان سمیت دیگر ممالک کے بہت سے غیر ملکی شہری یوگا کے لیے پوری طرح وقف ہیں۔ ایسے متعدد افراد کو ہندوستان نے پدم شری اعزاز سے نواز کر ان کی عزت افزائی بھی کی ہے۔
ساتھیو!
دنیا کے لوگوں کا یوگا سے تعارف بڑھتا ہے تو ہندوستان کو جاننے کے لیے ان کا تجسس بھی بڑھتا ہے۔ ہماری ثقافت اور ہمارے روایتی علم کے تئیں ایک نیا جذبۂ کشش پیدا ہوتا ہے۔ اس سے ہندوستان اور دنیا کے درمیان روابط کا ایک نیا راستہ کھلتا ہے۔ اور یہ سب کچھ ہم سب کی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہو پایا ہے۔ اگر میں آیوروید کی بات کروں تو دنیا کے مختلف ممالک میں آیوروید کے 150 سے زیادہ تربیتی کورسز کو منظوری دی گئی ہے۔ آیوروید کے فروغ میں تعاون کے لیے دنیا کے 28 ممالک کے ساتھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ساتھیو!
ہماری کوشش ہے کہ آیوروید اور یوگا کے فوائد ملک کے ہر شہری تک پہنچیں۔ آج دنیا میں جامع نظامِ صحت کی دیکھ بھال ایک نئی تحریک بن چکا ہے۔ اسی کے نتیجے میں آیوروید اور قدرتی طریقۂ علاج کے تئیں فطری کشش پیدا ہوئی ہے۔
اور ساتھیو!
جب ہر طرف اس قدر جوش و خروش کا ماحول ہو تو یوگا کے فروغ اور تشہیر کے ساتھ ساتھ ہم نے ضرورت کے مطابق کئی ضابطوں میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ ہندوستان میں یوگ آسن کو ایک مسابقتی کھیل کے طور پر بھی منظوری دی گئی ہے۔ کھیلو انڈیا اور قومی کھیلوں جیسے مقابلوں میں بھی یوگ آسن کے لیے نئی جگہ بنائی گئی ہے۔ یہ تبدیلیاں ہندوستان کے لیے بہت اہم ہیں۔ ابھی چند روز قبل احمد آباد میں یوگا کا ایک بین الاقوامی مقابلہ منعقد ہوا تھا۔ مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی کہ جب میں ازبکستان گیا تھا تو وہاں کے کھلاڑی پوری دنیا میں پہلے نمبر پر رہے تھے۔ وہاں کے شہریوں میں سے تمام فاتحین اور سونے کا تمغہ جیتنے والوں کو یکجا کیا گیا تھا۔ یعنی میں جہاں بھی جاتا ہوں، جس سے بھی ملتا ہوں، دیکھتا ہوں کہ یوگا ہر جگہ گفتگو کا مرکز بن چکا ہے۔ اس سے یوگا سے وابستہ افراد کے لیے مسابقتی مقابلوں میں حصہ لینے کے راستے بھی کھل گئے ہیں۔
ساتھیو!
حکومت ہند یوگا کی طرح آیوروید کو بھی مسلسل فروغ دے رہی ہے۔ ہمارے ملک میں بہت سی ایسی باتیں ہوتی ہیں جن پر لوگوں کی توجہ نہیں جاتی، حتیٰ کہ اچھے اچھے لوگوں کی بھی توجہ اس جانب نہیں جاتی، اور جو لوگ ان موضوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں، وہ بھی کبھی کبھی ان سے بے خبر رہ جاتے ہیں۔ آزادی کے اتنے برسوں بعد ملک میں پہلی مرتبہ ایک علیحدہ وزارتِ آیوش قائم کی گئی ہے۔ ہم نے آیوروید سے متعلق تحقیق اور آیوروید پر مبنی پیٹنٹس کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ آج اس کے نتائج بھی ہمارے سامنے ہیں۔ ہندوستان سے آیوش اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آیوش کے شعبے سے وابستہ معیشت اب لاکھوں کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ہماری ہلدی، جسے ہندوستانی خاندان نسل در نسل اپنے کھانے پینے اور گھریلو روایات میں استعمال کرتے آئے ہیں، آج دنیا بھر میں اس کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔ آج کل ہندوستان سے ہلدی کی بڑی مقدار میں برآمدات ہو رہی ہیں اور اس کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے ہلدی کی پیداوار، معیار اور برآمدات کو نئی قوت فراہم کرنے کے لیے قومی ہلدی بورڈ بھی قائم کیا ہے۔
ساتھیو!
ہمیں اپنے قدیم علم و سائنس اور جدید تحقیق کے فوائد بھی انسانیت تک پہنچانے ہیں اور نوجوانوں کے لیے ان سے وابستہ مواقع بھی پیدا کرنے ہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ای-آیوش ویزا کی سہولت شروع کی ہے۔ اس سے علاج کے لیے بیرونِ ملک سے ہندوستان آنے والے لوگوں کو آسانی ہو رہی ہے۔ جام نگر میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا روایتی طب کا عالمی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے روایتی طریقۂ علاج کے شعبے میں تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ساتھیو!
آج 140 کروڑ ہم وطن ایک مشترکہ مقصد کے ساتھ مسلسل محنت کر رہے ہیں اور یہ مقصد ہے—وکست بھارت کی تعمیر! اس مہم کو عالمی بینک کی تازہ رپورٹ سے نئی تقویت ملی ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی، یہ تعداد بہت بڑی ہے، تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی شدید غربت سے باہر آئے ہیں۔ اب ان کروڑوں خاندانوں کے سامنے بہتر زندگی کے نئے مواقع موجود ہیں۔ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور اپنے خاندان کی صحت پر توجہ دینے کے امکانات بڑھے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ صحت مند طرزِ زندگی ہر خاندان کی ترجیح بنے۔ اس میں یوگا بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ یوگا سے بیماریوں سے نجات ملتی ہے اور یوگا سے خواہشات و آسائشوں کی غلامی سے بھی چھٹکارا حاصل ہوتا ہے۔ یہی نہیں، یہ صفر خرچ میں صحت کے لیے دستیاب سب سے بڑا اور مؤثر علاج ہے۔ پرشانتی کوٹیرم اس مہم کا حصہ ہے اور اس کی جانب سے بھی کئی نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس ادارے کا تعاون بھی حاصل رہتا ہے اور اس کی خدمات سے اس کام میں بہت مدد ملتی ہے۔ اس لیے میری خواہش ہے کہ آپ ابھی سے نئے اہداف کے حصول کے لیے لائحۂ عمل تیار کریں۔ اب میں یہاں آیا ہوں تو ڈاکٹر ناگیندر جی کو کچھ کام سونپ کر جاؤں گا۔ ڈاکٹر ناگیندر جی نے چند روز پہلے اپنے خط میں مجھے یہ بھی لکھا ہے کہ وہ خود کو پہلے سے زیادہ جوان محسوس کر رہے ہیں۔ اس لیے ان توانائی سے پرشانتی کوٹیرم کو بھی فائدہ پہنچے گا اور ملک کو بھی۔ لیکن میری خواہش ہے کہ جب پرشانتی کوٹیرم اپنی 75ویں سالگرہ منائے تو اس وقت تک ملک وکست بھارت بن چکا ہو۔ لہٰذا آپ ابھی سے وکست بھارت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آئندہ 25 برسوں کے لیے اپنا منصوبہ تیار کریں اور خود کو اس کام کے لیے وقف کر دیں، تاکہ آپ کے طے کردہ راستے سے بھی ملک کو قوت حاصل ہو اور وکست بھارت کے سفر میں پرشانتی کوٹیرم کے 75 سالہ سفر کے ساتھ اس کے اگلے 25 برسوں کا سفر بھی معاون ثابت ہو۔ آپ سب اس سمت غور کریں۔ اسی یقین کے ساتھ میں ایک بار پھر آپ سب کو گولڈن جوبلی تقریب کی مبارک باد دیتا ہوں۔ میں قابل احترام شیشادری جی کے قدموں میں بھی ایک بار پھر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ آپ سب کا بہت بہت شکریہ!
***
ش ح۔ع و ۔م الف
U. No- 7589
Delighted to join the Golden Jubilee celebrations of Prashanti Kutiram in Bengaluru. Its efforts to integrate modern science with India's spiritual wisdom are commendable. https://t.co/CRe0lrSZZl
— Narendra Modi (@narendramodi) November 13, 2026
प्रशांति कुटीरम की Golden Jubilee के साथ ही... इस वर्ष हम श्रद्धेय एच. वी. शेषाद्रि जी की जन्मशताब्दी भी मना रहे हैं। मैं उन्हें श्रद्धापूर्वक नमन करता हूं। शेषाद्रि जी ने अपना पूरा जीवन ‘व्यक्ति निर्माण से राष्ट्र निर्माण’ के मिशन को आगे बढ़ाने में लगाया: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
जब देश गुलामी की बेड़ियों में जकड़ा हुआ था तब एक ओर लाखों स्वतंत्रता सेनानी, आज़ादी की लड़ाई लड़ रहे थे... तो दूसरी ओर, स्वामी विवेकानंद जैसे राष्ट्र ऋषि भी थे जिन्होंने भारत की आध्यात्मिक चेतना को जागृत किया। भारत के युवाओं को योग का मार्ग दिखाया: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
पिछले 12 वर्षों में भारत, अपनी संस्कृति, अपनी पहचान और अपने ज्ञान-विज्ञान को पूरे आत्मविश्वास के साथ दुनिया के सामने रख रहा है। इसी का परिणाम है भारत की पहल पर अब पूरा विश्व अंतर्राष्ट्रीय योग दिवस मनाता है: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
भारत में योगासन को प्रतिस्पर्धी खेल के रूप में भी मान्यता दी गई है। खेलो इंडिया और नेशनल गेम्स जैसे आयोजनों में भी योगासन के लिए नई जगह बनी है। ये बदलाव भारत के लिए बहुत महत्वपूर्ण है। इससे योग से जुड़े लोगों के लिए प्रतिस्पर्धी प्रतियोगिताओं में हिस्सा लेने के भी रास्ते खुल गए हैं: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026
हमने आयुर्वेद से जुड़ी research और आयुर्वेद आधारित patents को प्रोत्साहन दिया और आज इसका भी परिणाम हमारे सामने है। भारत से आयुष और herbal उत्पादों का निर्यात लगातार बढ़ रहा है: PM @narendramodi
— PMO India (@PMOIndia) November 13, 2026