پی ایم انڈیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی14 اپریل 2026 کو اتراکھنڈ اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری کے ایلیویٹڈ سیکشن پر وائلڈ لائف کوریڈور کا جائزہ لینے کے لیے صبح تقریباً11:15 بجے اتر پردیش کے سہارن پور کا دورہ کریں گے۔ صبح تقریباً11:40 بجے ، وزیر اعظم دہرادون کے قریب جے ماں دات کالی مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ اس کے بعد تقریباً12:30 بجے وزیر اعظم دہرادون میں عوامی اجتماع میں دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
درمیانی رسائی سے محفوظ213 کلومیٹر طویل چھ لین والی دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری 12,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کی گئی ہے۔ یہ کوریڈور دہلی ، اتر پردیش اور اتراکھنڈ ریاستوں سے گزرتا ہے اور اس سے دہلی اور دہرادون کے درمیان سفر کا وقت موجودہ چھ گھنٹے سے گھٹ کر تقریباً ڈھائی گھنٹے ہو جائے گا ۔
پروجیکٹ کے تکمیل میں 10 انٹرچینج ، تین ریلوے اوور برج (آر او بی) ، چار بڑے پل اور 12 سڑک کے کنارے سہولیات کی تعمیر بھی شامل ہے۔ کوریڈور ایک ایڈوانسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (اے ٹی ایم ایس) سے لیس ہے جس سے مسافروں کو محفوظ اور زیادہ موثر سفر کا تجربہ فراہم ہوسکے گا۔
خطے میں ماحولیات کے تئیں حساسیت، بھرپور حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوریڈور کو متعدد خصوصیات کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا مقصد انسان اور جانوروں کے تصادم کے واقعات کو نمایاں طور پر کم کرنا ہے۔ جنگلی جانوروں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے واسطے اس پروجیکٹ میں جنگلی حیات کے تحفظ کی کئی مخصوص خصوصیات شامل ہیں۔ ان میں12 کلومیٹر طویل وائلڈ لائف ایلیویٹڈ کوریڈور شامل ہے، جو ایشیا میں سب سے طویل ایلیویٹڈ راہداریوں میں سے ایک ہے۔ اس راہداری میں جانوروں کے آٹھ پاس ، 200 میٹر کے دو ہاتھی انڈر پاس اور دات کالی مندر کے قریب370 میٹر لمبی سرنگ بھی شامل ہے۔
دہلی-دہرادون اقتصادی راہداری بڑے سیاحتی اور اقتصادی مراکز کے درمیان رابطے کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں تجارت اور ترقی کے نئے راستے کھول کر علاقائی اقتصادی ترقی کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ پروجیکٹ جدید ترین بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس میں ماحولیاتی پائیداری اور شہریوں کے لیے بہتر معیار زندگی کے ساتھ تیز رفتار رابطے کو مربوط کیا گیا ہے۔
*********
ش ح۔م ش ع۔ش ت
Urdu No-5785