Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

وزیر اعظم کا کنیسٹ سے خطاب

وزیر اعظم  کا کنیسٹ سے خطاب


وزیر اعظم جناب بنجامن نیتن یاہو،

کنیسٹ اسپیکر جناب امیر اوہانہ،

قائد حزب اختلاف جناب یائر لیپڈ،

کنیسٹ کے معزز ممبران،

میرے پیارے بہنو اور بھائیو،

شلوم !

نمستے!

معزز ممبران !

اس معزز ایوان کے سامنے پیش ہونا میرے لیے بڑے اعزاز اورفخر کی بات ہے۔ میں یہاں ہندوستان کے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ ایک قدیم تہذیب کے نمائندے کے طور پر دوسری قدیم ثقافت  سے خطاب کر رہا ہوں۔ میں اپنے ساتھ 1.4 بلین ہندوستانیوں کی مبارکباد اور دوستی، احترام اور شراکت داری کا پیغام لایا ہوں۔

محترم اسپیکر، میں آپ کی گرمجوشی سے دعوت کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں کنیسٹ کو ہندوستانی رنگوں سے منور کرنے کے آپ کے شاندار اور خوشگوار انداز کے لیے بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تین سال قبل آپ کا ہندوستان کا دورہ کنیسٹ کے اسپیکر کا پہلا دورہ تھا، اور یہ آپ کی بدولت ہے کہ میں اس معزز ایوان سے خطاب کرنے والا ہندوستان کا پہلا وزیر اعظم بن گیا ہوں۔

نو سال  قبل، مجھے اسرائیل کا دورہ کرنے والا ہندوستان کا  پہلا وزیر اعظم بننے کا شرف حاصل ہوا۔ میں آج  یہاں دوبارہ آکر بے حد خوش ہوں – اس سرزمین پر واپس آنے کے لیے جس کی طرف میں نے ہمیشہ ایک خاص کشش محسوس کی ہے۔ آخر کار، میں اسی دن پیدا ہوا تھا — 17 ستمبر 1950 — جس دن ہندوستان نے اسرائیل کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا تھا!

معزز ممبران !

ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے میں اپنے ساتھ ان لوگوں کے لیے گہری تعزیت لایا ہوں جنہوں نے حماس کے وحشیانہ ‘7 اکتوبر’ کے دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوائیں اور ہر اس خاندان کے لیے جن کی دنیا بکھر گئی۔ ہم آپ کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔ ہم آپ کے دکھ میں شریک ہیں۔ ہندوستان، اب اور مستقبل میں بھی اسرائیل کے ساتھ مضبوطی اور مکمل اعتماد کے ساتھ کھڑا ہے۔

کوئی بھی مقصد معصوم شہریوں کے قتل کا جواز نہیں ہو سکتا۔ دہشت گردی کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ہندوستان  بھی ایک عرصے سے دہشت گردی کا درد جھیل رہا ہے۔ ہمیں11/26 کے ممبئی حملے بھی یاد ہیں، جس میں بے گناہ لوگوں کی جانیں گئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اسرائیلی شہری بھی شامل  تھے۔ آپ کی طرح دہشت گردی کے حوالے سے ہماری پالیسی بغیر کسی دوہرے معیار کے مستقل اور زیرو ٹالرنس رہی ہے۔

دہشت گردی کا مقصد معاشروں کو غیر مستحکم کرنا، ترقی میں رکاوٹ ڈالنا اور اعتماد کو کمزور کرنا ہے۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے مستقل اور مربوط عالمی کارروائی کی ضرورت ہے، کیونکہ دہشت گردی، جہاں کہیں بھی ہوتی ہے، ہر جگہ امن کے لیے خطرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان ان تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جو دیرپا امن اور علاقائی استحکام کو مستحکم کرنے میں معاون ہوں۔

چند سال پہلے جب آپ نے ابراہیم معاہدے پر دستخط کیے تو ہم نے آپ کی ہمت اور دور اندیشی کو سراہا۔ یہ اس طویل عرصے سے پریشان خطے کے لیے ایک نئی امید کا لمحہ تھا۔ اس کے بعد سے حالات نمایاں طور پر بدل چکے ہیں۔ آگے کا راستہ اور بھی مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم، اس امید کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظور شدہ غزہ امن اقدام آگے بڑھنے کا راستہ پیش کرتا ہے۔ ہندوستان نے اس اقدام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ مسئلہ فلسطین کے حل سمیت خطے کے تمام لوگوں کے لیے ایک منصفانہ اور دیرپا امن کا وعدہ کرتا ہے۔

ہماری ترتمام کوششوں کی  رہنمائی  عقل وفراست ، ہمت اور انسانیت  کے ذریعہ ہو۔ امن کا راستہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ ہندوستان خطے میں بات چیت، امن اور استحکام کی حمایت میں آپ اور دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔

معزز ممبران !

ہندوستان اسرائیل کے عزم، ہمت اور کامیابیوں کا مکمل احترام کرتا ہے۔ جدید قوموں کے طور پر تعلقات قائم کرنے سے بہت پہلے، ہمارے تعلقات دو ہزار سال سے زیادہ پرانے ہیں۔ بک آف  ایسٹر میں ہندوستان کا ذکر ‘ہوڈو’ کے نام سے کیا گیا ہے۔ تلمود میں قدیم زمانہ میں ہندوستان کے ساتھ تجارت کی تفصیلات  درج ہیں۔

یہودی تاجر بحیرہ روم کو بحر ہند سے ملانے والے سمندری راستوں سے سفر کرتے تھے۔ وہ موقع اور عزت کی تلاش میں آئے تھے۔ اور ہندوستان میں، وہ ہم میں سے ایک بن گئے۔

یہودی برادری ہندوستان میں ظلم و ستم اور امتیاز کے بغیر رہ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے مذہب کی حفاظت کی اور معاشرے میں پوری طرح حصہ لیا۔ یہ ریکارڈ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔

معزز ممبران !

مہاراشٹر کے بین اسرائیل، کیرالہ کے کوچینی یہودی، کولکاتہ اورممبئی کے بغدادی یہودیوں اور شمال مشرق کے بینی میناشے نے ہندوستان کو مالا مال کیا ہے۔ میری آبائی ریاست گجرات میں ایک اسکول ہے جس کی بنیادایک اسرائیلی خاندان مسٹر اور مسز بیسٹ  نے  رکھا تھا  یہ ایک بہترین اسکول ہے، اور یقیناً اسے  بیسٹ اسکول کہا جاتا ہے!

ایڈون مائرز نے ہندوستانی فلم ڈویژن کو تشکیل دیا اور ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ایک افسانوی شخصیت بن گئے۔ ڈاکٹر روبن ڈیوڈ نے احمد آباد میں کنکریا چڑیا گھر کی بنیاد رکھی۔ اداکار ڈیوڈ ابراہم چلکر، یا انکل ڈیوڈ ملک بھر میں مشہور ہوئے۔ والٹر کاف مین نے آل انڈیا ریڈیو کی سگنیچر ٹیون بنائی۔ ڈیوڈ ساسون نے متعدد اداروں کی بنیاد رکھی جو آج بھی ہندوستانی سماج کی خدمت کر رہے ہیں۔

اور پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ کے دوران ہر کوئی یقینی طور پر لیفٹیننٹ جنرل جے ایف آر جیکب  کی بہادرانہ شراکت سے واقف ہے۔  ان کی رٹائرمنٹ کے بعد مجھے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ چائے کی بہت سی پارٹیوں میں، ہم نے ہندوستان-اسرائیل تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں، ایسے بے شمار دوسرے ہیں جن کی شراکتیں ہندوستان کے بھرپور طرز زندگی میں گہرائی سے بنے ہوئے ہیں۔

معزز ممبران !

جب 20ویں صدی کے وسط میں بہت سے ہندوستانی یہودی اسرائیل ہجرت کرگئے تو ہندوستان سے اسرائیل کی طرف لوگوں کی نقل و حرکت بھی ہوئی۔ آج، ہندوستانی نژاد یہودیوں کی ایک متحرک کمیونٹی یہاں آباد ہے۔ انہوں نے جدید اسرائیل کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالا ہے—لیبارٹریوں اور ہسپتالوں میں، کلاس رومز میں، اور یہاں تک کہ میدان جنگ میں۔ وہ پختہ یقین رکھتے ہیں کہ اسرائیل ان کا آبائی وطن ہے اور ہندوستان ان کی مادر وطن ہے۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔

معزز ممبران !

اس سرزمین سے ہندوستان کا تعلق خون اور قربانی سے لکھا  گیاہے۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران اس خطے میں چار ہزار سے زیادہ ہندوستانی فوجیوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ ستمبر 1918 میں حیفاپر کیولری چارج فوجی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔

میجر ٹھاکر دلپت سنگھ کو حیفا کے ہیرو کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو اس مشترکہ تاریخ کی علامت ہے۔ اپنے آخری دورے کے دوران میں حیفا میموریل پر ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرکے بہت متاثر ہوا تھا۔

معزز ممبران !

گزشتہ ماہ، دنیا نے ہولوکاسٹ کے عالمی دن کی یاد منائی۔ ہولوکاسٹ انسانی تاریخ کے سیاہ ترین باب میں سے ایک ہے۔ پھر بھی، ان ہنگامہ خیز سالوں کے دوران، انسانیت کے کچھ کام بھی ہوئے۔ نواں نگر، گجرات کے مہاراجہ، جسے جام صاحب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے یہودی بچوں کو پناہ دی، جن میں پولینڈ کے وہ بچے بھی شامل تھے، جن کے پاس جانے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں بچی تھی۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں موشاؤ  نیواتم میں جام صاحب کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی گئی۔

شکریہ، میں اس اعزاز اور یاد کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

معزز ممبران !

ہندوستان کی آزادی کے بعد، بہت سے ہندوستانی رہنماؤں نے اسرائیل کے لوگوں کے ساتھ ایک مضبوط تعلق محسوس کیا۔ یہ بات 1950 کی دہائی میں ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہونے والی بات چیت سے ظاہر ہوتی ہے، جس میں انہوں نے صحرا میں زراعت کی ترقی کے لیے اسرائیل کی کوششوں کی تعریف کی تھی۔ اسرائیل کی کبوتز تحریک نے ہمارے لیڈروں جیسے آچاریہ ونوبا بھاوے اور لوک نائک جے پرکاش نارائن کو متاثر کیا۔ سب سے پہلے میری آبائی ریاست گجرات میں اور اب پورے ہندوستان میں، میں نے دیکھا ہے کہ کس طرح ‘فی قطرہ، زیادہ فصل’ کے طریقہ کار نے زراعت میں شاندار نتائج برآمد کیے ہیں۔

میرا اپنا اسرائیل کا پہلا دورہ 2006 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر تھا۔ بعد میں 2017 میں وزیر اعظم کے طور پر میرے اسرائیل کے دورے کے دوران، دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کیا۔ اس کے بعد سے، ہمارے تعاون کا دائرہ کار اور پیمانے دونوں میں توسیع ہوئی ہے۔ اور ہم کئی شعبوں میں اس تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

معزز ممبران !

 گزشتہ کچھ  برسوں میں، ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت رہا ہے۔ جلد ہی، ہم عالمی سطح پر سرفہرست تین معیشتوں میں شامل ہو جائیں گے۔ مزید برآں، اسرائیل جدت اور تکنیکی قیادت کا ایک طاقتور مرکز ہے۔ یہ ایک  دانشمندانہ شراکت داری کے لیے ایک فطری بنیاد بناتا ہے۔

ہم تجارت کو بڑھانے، سرمایہ کاری کے بہاؤ کو مضبوط بنانے اور مشترکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ گزشتہ سال دستخط کیے گئے دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ ہمارے کاروباروں کے لیے قابل اعتماد اور قابلِ موقع ماحول فراہم کرے گا۔

 گزشتہ کچھ  برسوں  میں ہندوستان نے دوسرے ممالک کے ساتھ کئی اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں آپ کے مغرب میں یوروپی یونین اور برطانیہ کے ساتھ اور آپ کے مشرق میں یواے ای اور عمان کے ساتھ معاہدے شامل ہیں۔

حالیہ برسوں میں ہماری دو طرفہ اشیا کی تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ لیکن یہ مواقع کی مکمل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا۔ اسی لیے ہماری ٹیمیں ایک پرجوش آزاد تجارتی معاہدے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔ یہ ہمارے تجارتی تعلقات میں وسیع غیر استعمال شدہ صلاحیت کو کھول دے گا۔

ہم مختلف فریم ورک کے تحت بھی مل کر کام کریں گے،  جس میں  انڈیا-ویسٹ ایشیا-یوروپ اکنامک کوریڈور اور انڈیا، اسرائیل، یو اے ای اور امریکہ کے درمیان I2 یو2 فریم ورک شامل ہیں۔ ہماری شراکت داری کا ایک اور اہم ستون دفاع اور سلامتی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں، ہم نے دفاعی تعاون پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ آج کی غیر یقینی دنیا میں،  ہندوستان  اور اسرائیل جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری بہت ضروری ہے۔

معزز ممبران !

اسرائیل کو اکثر ‘اسٹارٹ اپ نیشن’ کہا جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں، ہم اپنے نوجوانوں کی اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ 2018 میں وزیر اعظم جناب نیتن یاہو اور میں نے ہندوستان میں ‘آئی کریئیٹ ’ ٹیکنالوجی بزنس انکیوبیٹر کا افتتاح کیا تھا۔ تب سے، اس نے تقریباً 900 ایسے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کیا ہے۔

 گزشتہ ہفتہ ، ہم نے دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ جمہوری اے آئی امپیکٹ سمٹ کا انعقاد کیا، جس میں 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ہمارا آرزو مند جذبہ قدرتی طور پر اسرائیل کے اختراعی ماحولیاتی نظام کے ساتھ گونجتی ہے۔ میں کوانٹم ٹیکنالوجی، سیمی کنڈکٹرز اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں وسیع ہم آہنگی دیکھتا ہوں۔ ہم ڈجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ سرحد پار مالی روابط استوار کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔

معزز ممبران !

میں نے ذکر کیا کہ ہمیں صحرا میں اسرائیل کا زرعی معجزہ کتنا متاثر کن ملا۔ درست آبپاشی اور پانی کے انتظام میں اسرائیل کی مہارت نے پہلے ہی ہندوستان کے زرعی طریقوں کو بدل دیا ہے۔

ہم نے مل کر ہندوستان بھر میں 43 سنٹر آف ایکسیلنس قائم کیے ہیں، جنہوں نے 500,000 سے زیادہ کسانوں کو تربیت فراہم کی ہے۔ اب، ہمیں اسے 100 مراکز تک پھیلانے کا ایک  کثیر المقاصد  ہدف طے کرنا چاہیے، تاکہ لاکھوں کسان اور ماہی گیر مستفید ہو سکیں۔

معزز ممبران !

ہندوستان-اسرائیل شراکت داری کا مرکز ہمارے لوگوں کے درمیان باہمی تعلق ہے۔ 2006 میں جب میں نے پہلی بار اسرائیل کا دورہ کیا تو اسرائیل میں صرف چند یوگا مراکز تھے۔ آج، ایسا لگتا ہے کہ تقریباً ہر محلے میں یوگا کی مشق کی جاتی ہے!

مجھے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں بھی آیوروید میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ میں مزید اسرائیلی نوجوانوں کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ یہاں وہ ہمارے معاشرے کی متحرکیت کو دیکھیں گے اور تجربہ کریں گے کہ مجموعی صحت جسم اور دماغ کے لیے کیا کر سکتی ہے۔

مجھے اس معزز ایوان کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے اسرائیل کے لیے ایک پارلیمانی دوستی گروپ قائم کیا ہے۔ میں آپ سب کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان مزید تبادلوں کا منتظر ہوں۔

میں اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ اسرائیل میں ہندوستانی دیکھ بھال کرنے والے اور ہنر مند کارکنان خاندانوں اور برادریوں میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے 7 اکتوبر سمیت بحران کے وقت میں غیر معمولی ہمت اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔

جیسا کہ یہودی تعلیمات ہمیں یاد دلاتی ہیں‘‘جس نے ایک جان بچائی اس نے پوری دنیا کو بچایا۔’’ ان کی خدمت ہمارے تعاون کے پیچھے انسانی رشتوں کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند شعبوں میں کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔

معزز ممبران !

ہم دونوں قدیم تہذیبیں ہیں۔ اور یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ ہماری تہذیبی روایات بھی فلسفیانہ مماثلت کو ظاہر کرتی ہیں۔ اسرائیل میں ٹیکن اولام کا اصول دنیا کو بہتر بنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہندوستان میں وسودیو کٹمبکم نے اعلان کیا کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے۔ یہ دونوں نظریات ذمہ داری کو سرحدوں سے آگے بڑھاتے ہیں اور معاشروں سے ہمدردی اور اخلاقی جرأت کے ساتھ کام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

یہودیت ہلاکہ پر زور دیتا ہے، جو قانون اور رواج کے ذریعے روزمرہ کے طرز عمل کی رہنمائی کرتا ہے۔ ہندو فلسفہ دھرم کی بات کرتا ہے، اخلاقی نظام جو فرض اور صحیح طرز عمل کو تشکیل دیتا ہے۔ دونوں روایات میں اخلاقی زندگی عمل کے ذریعے بسر کی گئی ہے اور ایمان کا اظہار اخلاق سے کیا گیا ہے۔

ہمارے تہوار بھی ایک خوبصورت مماثلت رکھتے ہیں۔ آپ موم بتیوں کی  مدھر چمک کے ساتھ ہنوکا مناتے ہیں۔ اسی وقت، ہم دیوالی، روشنیوں کا تہوار، چراغوں کی ٹمٹماتی روشنی کے ساتھ مناتے ہیں۔ جلد ہی، ہندوستان خوشی اور رنگت سے بھرا ہولی کا تہوار منائے گا۔ اور اسی وقت، اسرائیل بھی پوریم کو جوش و خروش اور خوشی کے ساتھ منائے گا۔

معزز ممبران!

ہمارے مشترکہ نظریات وہ گہری بنیادیں ہیں جو ہماری جدید شراکت داری کو تقویت دیتی ہیں۔ ہم ایسی جمہوریتیں ہیں جن کی تشکیل تاریخ سے ہوتی ہے اور مستقبل پر توجہ مرکوز ہوتی ہے۔ ہماری شراکت داری مشترکہ تجربات اور مشترکہ خواہشات پر مبنی ہے۔ ہماری مضبوط شراکت داری نہ صرف قومی مفادات کو پورا کرتی ہے بلکہ عالمی استحکام اور خوشحالی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

آئیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہندوستان اور اسرائیل کی دوستی غیر یقینی صورتحال سے گھری دنیا میں طاقت کا ذریعہ بنی رہے۔

 ایم یسرائیل چائی

جے ہند

شکریہ

*****

ش ح – ظ الف ع د

UR No. 3066