وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے ’’تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات (سی آئی ای) کی تیاری کے نظام کو فروغ دینے کی اسکیم‘‘ کو منظوری دے دی ہے، جس کے لیے 11,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بھاری صنعتوں کی وزارت (ایم ایچ آئی) کے ذریعے نافذ کی جانے والی اس اسکیم کا مقصد تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات اور ان کے اجزا کی ملکی سطح پر تیاری کو ترغیب دینا اور ملک میں ان آلات کی جانچ کے لیے ایک مخصوص مرکز قائم کرنا ہے۔ اس سے خود کفالت کو فروغ ملے گا اور عالمی سی آئی ای بازار میں ہندوستان کی اہم شراکت دار کے طور پر پوزیشن مستحکم ہوگی۔
ہندوستان کی تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات کی صنعت اس وقت چین اور امریکہ کے بعد دنیا کی تیسری سب سے بڑی صنعت ہے۔ مالی سال 25-2024 میں اس کے بازار کی مالیت تقریباً 97,500 کروڑ روپے تھی۔ بنیادی ڈھانچے (سڑکوں اور بندرگاہوں) اور رہائشی تعمیرات کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کے پیش نظر اس صنعت کے حجم میں دو گنا سے زیادہ اضافے کا امکان ہے اور مالی سال 30-2029 تک اس کے بازار کی مالیت تقریباً 2,28,100 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔
تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کے پیش نظر اس اسکیم کا مقصد تکنیکی اعتبار سے جدید آلات، مثلاً جہاز سے ساحل تک سامان منتقل کرنے والی کرینیں (شپ ٹو شور کرینز)، سرنگ کھودنے والی مشینیں ہائیڈرولک کھدائی مشینیں، آف ہائی وے ٹرکس وغیرہ کی تیاری کو ترغیب دینا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ملک میں جدید ترین سہولتوں سے آراستہ تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات کی جانچ کے لیے ایک مخصوص مرکز قائم کرنے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔
یہ اسکیم مالی سال 27-2026 سے آٹھ سال کی مدت کے لیے نافذ کی جائے گی۔ اس میں پیداواری مراکز قائم کرنے کے لیے دو سال (مالی سال 27-2026 سے 28-2027 تک) کی ابتدائی مدت شامل ہے۔ اس کے بعد پانچ سال (مالی سال 29-2028 سے 33-2032 تک) ترغیبات کی ادائیگی کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ آخری سال یعنی مالی سال 34-2033 میں مالی سال 33-2032 کی اضافی فروخت کی بنیاد پر ترغیبات کے تصفیے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
اس اسکیم کے دو اجزا ہیں:
1. فروخت سے منسلک ترغیب: منظور شدہ درخواست دہندگان کو اہل تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات اور ان کے اجزا کی اضافی فروخت کی مالیت پر ترغیبات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے لیے دو زمروں کا تعین کیا گیا ہے، جن میں اہل اصل سازوسامان تیار کرنے والے ادارے (او ای ایم) اور اجزا تیار کرنے والے ادارے شامل ہیں۔ پانچ سال کی مدت کے دوران اضافی فروخت کی مالیت پر ترغیبات کی شرح 13 فیصد سے 8 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔
2. آلات کی جانچ کے مرکز کے لیے مالی امداد: تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات کی جانچ کے لیے ایک مخصوص مرکز قائم کرنے کی غرض سے قابل عمل ہونے کے فرق کی مالی معاونت (وائیبلٹی گیپ فنڈنگ) کی طرز پر زیادہ سے زیادہ 375 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
حکومت ہند کی یہ پہل ملک میں تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق آلات کی تیاری کے نظام کو مضبوط بنانے اور عالمی منڈیوں میں اس کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان آلات کی تیاری میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دے کر یہ اسکیم سپلائی چین کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، روزگار کے مواقع میں اضافہ کرے گی اور آتم نربھر بھارت کو تقویت دے گی۔ یہ پہل وِکست بھارت @2047 کے وژن کے مطابق، تکنیکی اعتبار سے خود کفیل، عالمی سطح پر مسابقتی اور پائیدار صنعتی بنیاد قائم کرنے کے حکومت کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
8222:U-No