وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے 2026 سے 2033-34 تک کی مدت کے لیے 1,856.67 کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ والی ’کھیلو انڈیا اسپورٹس گڈز مینوفیکچرنگ اسکیم‘ کو منظوری دے دی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ، اختراع اور برآمدات کو فروغ دینا اور کھیلوں کے سازوسامان کے عالمی شعبے میں ہندوستان کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔
مرکزی بجٹ 2026-27 میں اعلان کردہ اس اسکیم کا مقصد سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیق و اختراع، ہنرسازی، معیار کی تصدیق اور بازار کی ترقی کے لیے مخصوص امداد فراہم کرکے ہندوستان میں کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کی بنیاد کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ اسکیم عالمی سطح پر مسابقتی کھیلوں کے سازوسامان کی صنعت کو ترقی دینے اور عالمی سپلائی چین میں ہندوستان کی پوزیشن مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
’کھیلو بھارت نیتی 2025‘، ’میک اِن انڈیا‘ اور ’آتم نربھر بھارت‘ کے وژن سے ہم آہنگ اس اسکیم سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، گھریلو مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے اور ہندوستانی کھیلوں کے سازوسامان کی عالمی مسابقت کو بڑھانے کی توقع ہے۔
کھیلوں کے سازوسامان کی مینو فیکچرنگ کے مربوط ماحولیاتی نظام کی تشکیل:
اس اسکیم میں کلسٹر پر مبنی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے اور مینوفیکچرر، سپلائر، جانچ کی سہولتوں، ڈیزائن اور پروٹوٹائپنگ کےمراکز نیز معاون کاروباری اداروں کو ایک ہی مقام پر جمع کرکے مربوط صنعتی نظام تشکیل دینے کے لیے مخصوص اسپورٹس گڈز مینوفیکچرنگ زون (ایس جی ایم زیڈ)کی ترقی کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ اس زون کو ’بھویہ اسکیم‘اور این آئی سی ڈی سی کے صنعتی پارکوں کے تحت موجودہ صنعتی بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ہم آہنگی سے ترقی دی جائے گی، جس سے مؤثر مینوفیکچرنگ، صنعت کے مختلف شعبوں کے درمیان مضبوط روابط اور کھیلوں کے سازوسامان کی پوری ویلیو چین میں مسابقت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
یہ زون مربوط مینوفیکچرنگ کی سہولیات کے قیام، صنعت کے مختلف شعبوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور عملیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ہوں گے۔ توقع ہے کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور ملک میں کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے مضبوط نظام کی ترقی میں مدد ملے گی۔
سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور گھریلو مینوفیکچرنگ کو وسعت دینا:
اس اسکیم کا ایک اہم مقصد کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور گھریلو مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو مستحکم بنانا ہے۔ ’اینکر انویسٹمنٹ سپورٹ‘کے تحت سرکردہ ملکی و عالمی مینوفیکچرر، برانڈ اور ریٹیل چین کو نامزد اسپورٹس گڈز مینوفیکچرنگ زون میں پیداواری سہولیات قائم کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس سے مضبوط سپلائر اور معاون صنعتی نظام کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی ’ٹرن اوور لنکڈ سپورٹ‘کے تحت پیداوار میں اضافے، پیداواری صلاحیت کی توسیع اور مینوفیکچرنگ کی مسلسل ترقی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
مجموعی طور پر 1,130 کروڑ روپے کی مختص رقم سے انجام پانے والے ان اقدامات سے گھریلو مینوفیکچرنگ کو تقویت ملنے، درآمدات پر انحصار کم ہونے، مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن میں اضافے، نجی سرمایہ کاری کو بڑے پیمانے پر فروغ ملنے، ویلیو چین کے مختلف مراحل میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور عالمی منڈیوں میں ہندوستان کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ایم ایس ایم ای اور موجودہ مینوفیکچرنگ کلسٹرکی مضبوطی:
کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے شعبے میں خورد، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں(ایم ایس ایم ای )کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، اس اسکیم میں موجودہ مینوفیکچرنگ کلسٹر کو مضبوط بنانے اور چھوٹے کاروباری اداروں کی ترقی میں معاونت پر زور دیا گیا ہے۔
کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے موجودہ کلسٹر کو اپ گریڈ کرنے کے لیے امداد فراہم کی جائے گی، جس میں مشترکہ سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی بھی شامل ہے۔
معیار کافروغ اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن :
اسکیم میں ہندوستانی کھیلوں کے سازوسامان کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے واسطے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیار اور کارکردگی کے معیارات کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کھیل فیڈریشن سے سرٹیفکیشن حاصل کرنے اور اس کی تجدید کے لیے مینوفیکچرر کو 105 کروڑ روپے کے مختص بجٹ سے معاونت فراہم کی جائے گی۔
ان اقدامات سے مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے اور ہندوستان میں تیار کردہ کھیلوں کے سازوسامان پر اعتماد کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
تحقیق، ٹیکنالوجی اور اختراع میں سرمایہ کاری
اس اسکیم میں کھیلوں کے سازوسامان کے شعبے میں تحقیق، ڈیزائن اور اختراع کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
کھیلوں کے سازوسامان، مٹیریل سائنس، حفاظتی آلات اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینے کے واسطے ممتاز تعلیمی اور تحقیقی اداروں میں مراکزِ امتیازکے قیام کے لیے معاونت فراہم کی جائے گی۔
انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن کے ساتھ ہم آہنگی سے تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اسٹارٹ اَپ انڈیا پہل کے مطابق، اسٹارٹ اَپس کو خصوصی معاونت فراہم کی جائے گی، جس سے اختراع کو فروغ ملے گا اور کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے نظام میں نئی ٹیکنالوجی، طریق کار اور مصنوعات کی تیاری، جانچ، توثیق اور تجارتی استعمال کو آسان بنایا جا سکے گا۔
مستقبل کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری:
کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے شعبے میں روزگار کے وسیع امکانات کوپیش نظر رکھتے ہوئے، اس اسکیم کے تحت صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنرسازی کے اقدامات میں امداد فراہم کی جائے گی۔
ہنرسازی کے ان اقدامات کو وزارتِ ہنرسازی و انٹر پرینیور شپ اور متعلقہ صنعتی شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا، تاکہ صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان کوششوں سے ہنرمند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے شعبے کی طویل مدتی ترقی میں مدد ملے گی۔
عالمی منڈیوں تک ہندوستانی کھیلوں کے سازوسامان کی رسائی:
اس اسکیم کا مقصد مخصوص برانڈنگ، رسائی اور بازار کی ترقی سے متعلق اقدامات کے ذریعے کھیلوں کے سازوسامان کی بین الاقوامی منڈیوں میں ہندوستان کی موجودگی کو وسعت دینا ہے۔ ’ایکسپورٹ پروموشن مشن‘ سے فائدہ اٹھاکران کوششوں کے ذریعے ہندوستانی کھیلوں کے سازوسامان کو زیادہ نمایاں بنانے، منڈیوں تک رسائی کو مضبوط کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی زیادہ وسیع رسائی میں مدد ملے گی۔
عالمی کھیلوں کے میدان میں ہندوستان کے عزائم کی حمایت:
اعلیٰ معیار اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن یافتہ کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کو فروغ دے کر یہ اسکیم ہندوستان کے کھیلوں کے شعبے کی بدلتی ہوئی ضروریات اور کھلاڑیوں کی ترقی کے پروگراموں میں معاون ثابت ہوگی۔ اس اسکیم کے تحت اختراع، معیاری بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافہ سے ’کھیلو انڈیا‘ اور ’فٹ انڈیا‘ جیسی پہل کو تقویت فراہم ہوگی۔
اس اسکیم سے توقع ہے کہ یہ ہندوستان کو کھیلوں کے سازوسامان کے ڈیزائن، ترقی اور مینوفیکچرنگ کے لیے عالمی سطح پر مسابقتی مرکز کے مقام پر لانے میں معاون ثابت ہوگی۔ مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنا کر، اختراع کو فروغ دے کر اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دے کر یہ اسکیم ترقی، روزگار اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی یہ اسکیم کھیلوں کے میدان میں سرکردہ ملک بننے کے ہندوستان کے عزم کی حمایت کرکے ’آتم نربھر بھارت‘ اور ’وکست بھارت@2047‘ کے وژن کو فروغ دے گی۔
******
(ش ح ۔ م ش ع۔ص ج )
U. No.6836