پی ایم انڈیا
نئی دہلی؍30 جنوری ؍وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج سورت کا دورہ کیا۔ انہوں نے سورت ہوائی اڈے کی ٹرمنل عمارت کی توسیع کا سنگِ بنیاد بھی رکھا، جس سے سورت اور جنوبی گجرات کے علاقے میں کنکٹی ویٹی اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ‘‘ کاروبار میں آسانی کے لئے ملک میں بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جانی چاہئے اور سورت ہوائی اڈے کی توسیع اسی سلسلے کی ایک کوشش ہے’’۔ سورت ہوائی اڈے کی ٹرمنل عمارت میں 25،500مربع میٹر کی توسیع کی جا رہی ہے، جس پر 354کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ یہ ایک ماحول دوست دیرپا عمارت ہوگی، جس میں شمسی توانائی اور ایل ای ڈی لائٹوں کا استعمال ہوگا۔ نئے ٹرمنل کا کام مکمل ہونے پر اس میں ایک سال میں 26لاکھ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہو سکے گی، جب کہ اس وقت اس کی صلاحیت صرف 4 لاکھ لوگوں کی آمدورفت سالانہ کی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس فلائٹ کے ذریعے جلد ہی سورت کا رابطہ شارجہ سے قائم کر دیا جائے گا۔ شروع میں فی ہفتہ 2 پروازیں ہوں گی، جسے بعد میں دو گنا کر کے 4 پروازیں فی ہفتہ کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اڑان اسکیم کے تحت مزید ہوائی اڈوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ فضائی کنکٹی ویٹی کو بڑھاوا دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ اپنی اپنی جگہوں سےنسبتاً قریب سے پروازوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا‘‘ ہم اپنے فضائی سفر کو ہر ایک کے لئے قابل رسائی بنانا چاہتے ہیں۔ اڑان نے ہندوستان میں فضائی کنکٹی ویٹی کو بڑھاوا دینے میں زبردست مدد کی ہے۔ اڑا ن کے ذریعے ہندوستان کے ذریعے فضائی نقشے پر 40 ہوائی اڈوں کا اضافہ ہوا ہے۔ حکومت پورے ملک میں اس طرح کے مزید ہوائی اڈوں کو ترقی دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے’’۔
حکومت کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکمل اکثریت رکھنے والی حکومت ہی جرأت مندانہ فیصلے کر سکتی ہے اور قوم کی ترقی کے لئے آزادانہ طور پر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ‘‘ کیونکہ آپ نے ہمیں اکثریت دی ہے، اس لئے ہم سخت فیصلے کرنے کے قابل ہو سکے ہیں’’ اور یہ کہ این ڈی اے حکومت نے پچھلی حکومتوں کے برخلاف متوسط طبقے کے لوگوں کے لئےکام کیا ہے۔
یو پی اے کی حکومت کے ساتھ اپنی حکومت کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ‘‘ اپنی حکومت کے 4 برسوں میں ہم نے 1.30کروڑ مکانات تعمیر کئے ہیں، جب کہ یوپی اے حکومت میں صرف 25لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے تھے’’۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘‘ہمارے پاس اس وقت 400سے زیادہ پاسپورٹ دفاتر ہیں، جبکہ 2014 میں ان دفاتر کی تعداد صرف 80 تھی’’۔
وزیراعظم نے سورت میں پردھان منتری آواس یوجنا سے فیض یاب ہونے والے کچھ افراد کو چابیاں بھی تقسیم کیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کے غریبوں اور متوسط طبقے کے افراد کے رہن سہن کوآسان بنانے کی حکمت عملی پر ایک مشن کے طور پر عمل کر رہی ہے اور ‘‘پچھلے 4برسوں میں حکومت نے شہروں میں رہنے والے غریب لوگوں کے لئے 13 لاکھ سے زیادہ مکانات تعمیر کئے ہیں اور 37لاکھ مکانات زیر تعمیر ہیں’’۔
تحریک آزادی میں سورت کے رول کی یاد دلاتے ہوئے جناب مودی نے امید ظاہر کی کہ شہر 10 برسوں میں پوری دنیا میں سب تیز رفتاری سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک شہر بن کر ابھرے گا اور اس شہر کی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہوگا۔
بعد میں دن کے وقت وزیراعظم نے سورت میں رسیلابین سیونتی لال شاہ وینس ہاسپٹل کی سپراسپشلیٹی کا افتتاح کیا۔انہوں نے اسپتال میں سہولتوں کا معائنہ کیا۔ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح آیوشمان بھارت نے لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کی سستی خدمات فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لوگوں کے لئے زیادہ تعداد میں جنرک دوائیں دستیاب ہیں، جس سے نہ صرف صحت کی دیکھ بھال کا ان کا خرچ کم ہوگا، بلکہ بہت سی قیمتی جانوں کو بھی بچایا جا سکے گا۔
م ن۔ ج ۔ ک ا۔
U-597