وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج فلپائن کے صدر عزت مآب جناب فرڈیننڈ آر مارکوس جونیئر کی دعوت پر منیلا میں23ویں ہندوستان-آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے‘ہمارے مستقبل کی مشترکہ رہنمائی’ کے موضوع کے تحت آسیان کی کامیاب صدارت کرنے اور ہندوستان کے لیے رابطہ کار ملک کی حیثیت سے تعاون فراہم کرنے پر صدر مارکوس کو مبارک باد دی۔
سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آسیان کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو ہندوستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آسیان اور ہندوستان کو خطہ اور اس سے باہر امن، استحکام اور پیش بینی کے قابل ماحول کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک آزاد، کھلے، سب کو ساتھ لے کر چلنے والے اور اصولوں پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطہ پر یقین رکھتا ہے اور خطے کا مستقبل مسابقت کے بجائے باہمی تعاون پر منحصر ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہندوستان آسیان کے اتحاد اور مرکزی حیثیت کے تئیں پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کمیونٹی ویژن سن 2045 اور ترقی یافتہ ہندوستان 2047، ہندوستان اور آسیان کے عوام کی مشترکہ امنگوں کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورت حال کے اس دور میں ہندوستان اور آسیان کے درمیان مشترکہ اقدار، عالمی معاملات کے تئیں یکساں نقطۂ نظر اور گہرے ثقافتی روابط نے اس شراکت داری کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ’ پالیسی نے ہندوستان-آسیان تعلقات کو نئی رفتار دی ہے۔
دنیا کے مستقبل کے لیے ٹیکنالوجی کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور آسیان کو محض ٹیکنالوجی کے صارفین بن کر نہیں رہنا چاہیے، بلکہ انہیں ٹیکنالوجی کی مشترکہ تخلیق کے ساتھ ساتھ اپنے عوام کو ہنرمند بنانے کے لیے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2027 ہندوستان-آسیان تعلقات کے لیے ایک خصوصی سال ہوگا، جب دونوں فریق اپنے تعلقات کے 35 سال اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے 5 سال مکمل ہونے کا جشن منائیں گے۔
وزیر اعظم نے ہندوستان-آسیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کئی تجاویز پیش کیں، جن میں شامل ہیں:
● رابطوں کو فروغ دینے، سائنسی تحقیق، آفات کے انتظام، کوسٹ گارڈ کے درمیان تعاون، سمندری حدود سے متعلق معلومات کے تبادلے اور سمندر میں کام کرنے والے جہاز رانوں کی سلامتی کے لیے آسیان-ہندوستان بحری تعاون کا طویل مدتی منصوبہ،
● خطے میں صلاحیت سازی کے لیے مشترکہ سائبر فارینزکس تربیتی پروگرام،
● جوہری توانائی کے شعبہ میں آسیان-ہندوستان کے درمیان تکنیکی تبادلے،
● آسیان-ہندوستان خلائی ہیکاتھون،
● کان کنی اور اہم معدنیات کے شعبہ میں آسیان-ہندوستان تعاون،
● یوتھ سمٹ، نوجوان ارکان پارلیمنٹ کے تبادلے اور اسٹارٹ اَپ ہیکاتھون کے ذریعے آسیان-ہندوستان نوجوانوں کے روابط کو فروغ دینا،
● نالندہ یونیورسٹی میں آسیان ممالک کے طلبہ کے لیے وظائف میں اضافہ،
● ڈبلیو اے وی ای ایس-ویوز 2027 میں آسیان-ہندوستان تخلیقی شراکت داری پویلین کا قیام، اور
● آسیان ممالک کے سیاحوں کے لیے مفت ای ویزا کی سہولت
وزیر اعظم نے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر فلپائن کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور آسیان کی آئندہ صدارت سنبھالنے والے سنگاپور کے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رہنماؤں نے آفات کے انتظام میں تعاون سے متعلق آسیان-ہندوستان کا مشترکہ اعلامیہ منظور کیا۔ مشترکہ اعلامیہ یہاں [link] دیکھا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم کے ابتدائی کلمات یہاں [link] ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔
*****
ش ح-ظ الف– ت ع
UR No. 7775
Sharing my remarks at the 23rd ASEAN-India Summit in Manila. https://t.co/XDyIFZ56N1
— Narendra Modi (@narendramodi) November 17, 2026