وزیر اعظم 13 اور 14 نومبر کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے۔ تقریباً صبح 10:45 بجے وزیر اعظم پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ تقریباً دوپہر 12:45 بجے وزیر اعظم تاواریکیرے سے آئی آئی ایم بنگلورو میٹرو اسٹیشن تک میٹرو کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے اور خود بھی اس میں سفر کریں گے۔ تقریباً دوپہر 1:15 بجے وزیر اعظم بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
اس کے بعد وزیر اعظم میسورو روانہ ہوں گے، جہاں تقریباً سہ پہر 3:30 بجے بھارت ون میں شجرکاری پروگرام میں شرکت کریں گے۔ تقریباً شام 4 بجے وزیر اعظم کوسموس-میسورو پلانیٹیریم کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعظم14 نومبر کو گجرات کے ضلع بناس کانٹھا میں امبا جی مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ امبا جی مندر 51 مقدس شکتی پیٹھوں میں سے ایک ہے۔
بنگلورو میں وزیر اعظم کے پروگرام
وزیر اعظم سوامی وویکانند یوگا انوسندھان سنستھان(ایس-وی وائی اے ایس اے) کے رہائشی صدر دفتر کے احاطے پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ گولڈن جوبلی ایڈمنسٹریٹوبلاک کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کیرالہ کے ترواننت پورم میں ایس-ویاسا کے آف کیمپس کا افتتاح بھی کریں گے۔
’وکست بھارت 2047 کی جانب‘ کے موضوع پر 13 سے 23 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی یہ گولڈن جوبلی تقریبات ادارہ سازی اور خدمات کے پانچ دہائیوں کی تکمیل کی علامت ہیں۔ پرشانتی کٹیرم کا قیام 1975 میں جدید سائنس کو ہندوستان کے روحانی علم و دانش سے ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے عمل میں آیا تھا۔ یہ ادارہ ایس-وی وائی اے ایس اے کا مرکز ہے، جسے 2002 میں ڈیمڈ -ٹو- بی یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تھا۔ یہ یونیورسٹی یوگا کے شعبے میں تعلیم اور تحقیق کے لیے وقف ہے۔
اس پروگرام میں بنگلورو میں 1926 میں پیدا ہونے والے ممتاز مفکر، مصنف اور تنظیم کار جناب ہونگاسندرا وینکٹارامیا شیشادری جی کا صد سالہ یومِ پیدائش بھی منایا جائے گا۔ وہ 1946 میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ ہوئے اور 1987 سے 2000 تک اس کے سرکاریہ واہ کے عہدے پر فائز رہے۔ وہ ایس-ویاسا کے قیام کے پسِ پشت کارفرما دوراندیش شخصیات میں شامل تھے۔ ان کی تحریک اور رہنمائی نے پرشانتی کٹیرم کی ترقی اور گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ادارے کے مشن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، انہیں قوم کے نام وقف کریں گے، ان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور جھنڈی دکھاکر روانہ کریں۔ان منصوبوں میں شہری نقل و حمل، بجلی کی ترسیل، قابلِ تجدید توانائی، پیٹرولیم کےبنیادی ڈھانچے، فضلے کو ٹھکانے لگانے اور ریلوے سمیت کئی اہم شعبے شامل ہیں۔
وزیر اعظم تقریباً 3,470 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی بنگلورو میٹرو کی پنک لائن کا کالینا اگراہارا سے تاوریکیرے تک افتتاح کریں گے۔ اس نئے حصے سے شہر میں آمدورفت اور رابطے کی سہولیات بہتر ہوں گی، روزانہ سفر کرنے والوں کو آسانی ہوگی، سفر کا وقت کم ہوگا اور بنگلورو میں عوامی نقل و حمل کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔
وزیر اعظم تقریباً 4,450 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تیار کی گئی کوپل-2 اور گڈگ-2 میں قابلِ تجدید توانائی کے علاقوں کو بجلی کی ترسیلی نظام سے جوڑنے کی اسکیم (مرحلہ دوم) کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس ترسیلی نظام کے ذریعے کرناٹک کے کوپل اور گڈگ علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کی تقریباً 2 گیگاواٹ صلاحیت سے پیدا ہونے والی بجلی کو گرڈ کے ذریعے آگے منتقل کرکے مختلف صارفین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ وہ تقریباً 1,370 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تیار کی گئی بیدر میں شمسی توانائی کے علاقے کے لیے ترسیلی اسکیم کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس پروجیکٹ کے تحت بیدر میں ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے اس علاقے سے 2.5 گیگاواٹ شمسی توانائی کی بجلی کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔
وزیر اعظم 3,450 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری سے داونگیرے، چترادرگا اور بیلاری کے قابلِ تجدید توانائی کے علاقوں کو ترسیلی نظام سے جوڑنے کی اسکیم کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ، وہ داونگیرے اور بیلاری میں قابلِ تجدید توانائی کی اضافی صلاحیت کو بجلی کے گرڈ سے مربوط کرنے کے لیے ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے کے پروجیکٹ کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے، جس پر 1,100 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وزیر اعظم منگلورو میں 850 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ہندوستان کے سب سے بڑے زیرِ زمین ایل پی جی ذخیرے کی سہولت کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ 80,000 میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کی گنجائش والی یہ سہولت ملک میں ایل پی جی ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مستحکم کرے گی۔ اس پروجیکٹ میں نیو منگلورو بندرگاہ کو مرکزی ٹرمینل سے جوڑنے والی 9.4 کلومیٹر طویل ایل پی جی پائپ لائن بھی شامل ہے، جس سے ایل پی جی کی نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کا عمل زیادہ مؤثر ہو جائے گا۔ وزیر اعظم منگلور ریفائنری اینڈ پیٹروکیمیکلز لمیٹڈ (ایم آر پی ایل)، بنگلورو کے دیوان گونتھی مارکیٹنگ ٹرمینل کو بھی ملک کے نام وقف کریں گے۔ 330 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تعمیر کی گئی یہ جدید ترین سہولت کرناٹک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرے گی۔
وزیر اعظم بنگلورو کے ہارالاکونٹے میں گیل (جی آئی اے ایل) کے کمپریسڈ بائیو گیس پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس پلانٹ میں روزانہ تقریباً 300 ٹن شہری ٹھوس کچرے کو پروسیس کرکے 12.6 ٹن صاف ستھری کمپریسڈ بائیو گیس(سی بی جی) تیار کی جائے گی۔ اس پروجیکٹ سے سائنسی طریقے سے کچرے کو ٹھکانے لگانےکے انتظام کو فروغ ملے گا، روایتی زیر زمین قدرتی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحول کو صاف ستھرا اور پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت جدید طرز پر ازسرِ نو تیار کیے گئے چار ریلوے اسٹیشنوں، چامراج نگر، چکمگلورو، ساکلیش پور اور سبرامنیا روڈ کا افتتاح کریں گے۔ ان اسٹیشنوں پر مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، یہ اسٹیشن شہر کے اہم مراکز کے طور پر کام کریں گے، جس سے مقامی تجارتی سرگرمیوں اور علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم 284 کلومیٹر طویل گڈگ-ہوٹگی ریلوے کی لائن کو دوہرا کرنے کے پروجیکٹ کے حصے کے طور پر 45 کلومیٹر طویل باگل کوٹ-ونڈل ریلوے لائن کو ڈبل کئے گئے حصے کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ اس سے مسافروں اور مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت بہتر ہوگی، مقامی تجارت کو فروغ ملے گا اور کڈگی این ٹی پی سی پلانٹ کو کوئلے کی فراہمی میں سہولت حاصل ہوگی۔
وزیر اعظم 55 کلومیٹر طویل ساکلیش پور-سبرامنیا روڈ گھاٹ ریلوے سیکشن کی بجلی کاری کو بھی ملک کے نام وقف کریں گے۔ ہندوستان کے دشوار گزار ریلوے راستوں میں سے ایک سے گزرنے والا یہ پروجیکٹ انجینئرنگ کے شعبے میں ایک اہم کامیابی ہے۔ اس کی تکمیل کے ساتھ ہی بنگلورو-منگلورو کا پورا ریلوے راستہ مکمل طور پر برقی ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم بنگلورو-منگلورو-مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس ٹرین سے بنگلورو، کرناٹک کے ساحلی علاقوں اور گوا کے درمیان تیز رفتار اور جدید ریل رابطہ فراہم ہوگا۔ یہ سروس مڈگاؤں پہنچنے سے پہلے ہاسن، ساکلیش پور، منگلورو، اڈپی، مرودیشور، گوکرن اور کاروار سمیت اہم مقامات کو آپس میں جوڑے گی۔ اس سے مسافروں کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
میسورو میں وزیر اعظم کے پروگرام
وزیر اعظم ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت بھارت وَن میں شجرکاری پروگرام میں شرکت کریں گے۔ بھارت وَن شہری علاقوں میں جنگلات کو فروغ دینے کا ایک منصوبہ ہے، جس کا مقصد جاپانی میاواکی تکنیک کے ذریعے مقامی اقسام کے گھنے اور خود ہی ترقی پانے والے جنگلات تیار کرنا ہے۔ میسورو کا یہ منصوبہ 17.63 ایکڑ رقبے پر محیط ہے، جہاں دو لاکھ سے زائد مقامی اقسام درخت لگا کر ایک سرسبز و شاداب علاقہ تیار کیا جائے گا، جو مقامی آبادی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا۔اس منصوبے میں مقامی جھاڑیوں، لکڑی فراہم کرنے والے درختوں، گھنے سایہ دار درختوں، پھول دار اور پھل دار پودوں کی بہتر نشوونما کے لیے گائے کا گوبر، کھاد اور جیو مرت جیسی قدرتی کھادوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان جنگلات میں مختلف سطحوں پر درخت اور پودے لگانے سے حیاتیاتی تنوع میں اضافہ ہوگا، زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں مدد ملے گی، گرد و غبار اور فضائی آلودگی کم ہوگی، مقامی سطح پر درجہ حرارت میں توازن بہتر ہوگا، مٹی کے کٹاؤ پر قابو پانے اور فضا سے کاربن جذب کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم کوسموس-میسورو پلانیٹیریم کا افتتاح کریں گے، جو ملک میں پلانیٹیریم ٹیکنالوجی اور فلکیات کی تعلیم کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس(آئی آئی اے) کے ذریعے تعمیر کیا گیا کوسموس-میسورو ہندوستان کا پہلا ایل ای ڈی ڈوم پلانیٹیریم ہے۔ اسے فلکیات کی تعلیم اور تربیت کے مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اسےچامنڈی پہاڑیوں کے دامن میں واقع میسور یونیورسٹی کے کیمپس میں قائم گیاہے۔
اس جدید ترین مرکز میں 15 میٹر قطر کا ایک جھکا ہوا گنبد ہے، جس میں تقریباً 6,150 پینل نصب ہیں اور ان میں 4.2 کروڑ انفرادی ایل ای ڈیز موجود ہیں۔ روایتی پلانیٹیریم میں تصاویر دکھانے کے لیے پروجیکٹر استعمال کیے جاتے ہیں، جو ایک سادہ گنبد پر مناظر پیش کرتے ہیں، جبکہ اس پلانیٹیریم کے ایل ای ڈی پینل کو حقیقی وقت میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ناظرین کو ایک منفرد اور حقیقت سے قریب تر بصری تجربہ حاصل ہوگا اور فلکیات کی تعلیم کے لیے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
اس کے اسکائی تھیٹر میں فلکیات کے موضوع پر پیشہ ورانہ طور پر تیار کردہ پروگرام دکھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، ایک خصوصی فلم بھی پیش کی جائے گی، جس میں میسورو کی تاریخ اور فلکیات کے درمیان تعلق کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ پروگرام کنڑ، انگریزی اور ہندی زبانوں میں دستیاب ہوں گے۔ اس مرکز میں نمائش گاہیں، فلکیات کے نمونوں اور تاریخی اشیا پر مشتمل عجائب گھر، لیکچر ہال، تربیتی مرکز اور بیرونی مقامات پر عملی نمائشیں بھی قائم کی جائیں گی۔
اس مرکز کی سرگرمیاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس کی تحقیقی سرگرمیوں، ہندوستان اور خلا میں مختلف ویو لینتھ پر کام کرنے والی دوربینوں کی تنصیبات کو زیادہ فعال بنانے ، مستقبل کی فلکیاتی سہولیات کی تیاری اور قومی سطح کے عوامی بیداری پروگراموں میں معاون ثابت ہوں گی۔
********
(ش ح ۔م ش ۔ص ج )
U. No.7505