Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شکشاپتری دویشاتبدی مہوتسو کے موقع پر وزیراعظم کے خطاب کا متن


!جئے سوامی نارائن

آج ہم سب ایک خاص موقع کے گواہ بن رہے ہیں۔ بھگوان سوامی نارائن کی شکشاپتری کے 200 برس، یعنی دوسری صد سالہ (دویشاتبدی) جشن کا یہ موقع ہم سب کے لیے باعثِ سعادت ہے کہ ہم اس مقدس تہوار میں شریک ہو رہے ہیں۔ اس بابرکت وقت میں، میں آپ تمام سنتوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں بھگوان سوامی نارائن کے کروڑوں عقیدت مندوں کو دویشاتبدی مہوتسو کی  پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

ہندوستان علم و گیان یوگ کے لیے وقف رہا ہے۔ ہزاروں برس  قدیم وید آج بھی ہمارے لیے تحریک کا سرچشمہ ہیں۔ ہمارے رشی مُنیوں نے اپنے زمانے کی ضروریات کے مطابق، ویدوں کی روشنی میں اُس دور کے نظام کو مسلسل ترقی دی۔ ویدوں سے اُپنشد، اُپنشدوں سے پران، شروتی، اسمرتی، کتھا واچن اور گائین—ایسے متنوع پہلوؤں کے ذریعے ہماری روایت مضبوط اور توانا ہوتی رہی ہے۔

ساتھیو،

وقت کی ضرورت کے مطابق مختلف ادوار میں مہاتماؤں، رشیوں اور منیشیوں نے اس روایت میں نئے نئے ابواب کا اضافہ کیا۔ ہم سب جانتے ہیں کہ بھگوان سوامی نارائن کی زندگی کے واقعات عوامی تعلیم اور عوامی خدمت سے جڑے رہے ہیں۔ انہی تجربات کو انہوں نے سادہ الفاظ میں سمجھایا ۔ شکشاپتری کی صورت میں بھگوان سوامی نارائن نے ہمیں زندگی کے لیےبیش قیمت رہنمائی عطا کی۔

ساتھیو،

آج دویشاتبدی جشن کا یہ خاص موقع ہمیں یہ جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم شکشاپتری سے کیا نیا سیکھ رہے ہیں اور اس کے اعلیٰ اصولوں کو ہم اپنی زندگی میں کس حد تک اپنا رہے ہیں؟

ساتھیو،

بھگوان سوامی نارائن کی زندگی، سادھنا کے ساتھ ساتھ خدمت کی بھی جیتی جاگتی مثال تھی۔ آج ان کے پیروکار سماج، قوم اور انسانیت کی خدمت کے لیے متعدد مہمات چلا رہے ہیں۔ تعلیم اور صحت سے وابستہ منصوبے، کسانوں کی فلاح و بہبود کے عزم، پانی سے متعلق مہمات—یہ سب واقعی قابلِ ستائش ہیں۔ آپ تمام سنت جنوں اور ہری بھکتوں کو سماجی خدمت کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو مسلسل وسعت دیتے دیکھنا نہایت ہی حوصلہ افزا اور متاثر کن ہے۔

ساتھیو،

آج ملک سودیشی اور صفائی جیسے عوامی تحریکوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ’’ووکَل فار لوکل‘‘ کے منتر کی گونج گھر گھر تک پہنچ رہی ہے۔ اگر ان مہمات کے ساتھ آپ کی کوششیں جُڑیں، تو شکشاپتری کی دویشاتبدی کا یہ بابرکت جشن اور بھی یادگار بن جائے گا۔ آپ سب جانتے ہیں کہ ملک نے قدیم مخطوطات کے تحفظ کے لیے ’’گیان بھارتَم مشن‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ میری یہ گزارش ہے کہ آپ جیسے تمام صاحبِ بصیرت ادارے اس کام میں مزید تعاون کریں۔ ہمیں ہندوستان کے قدیم علم کو محفوظ رکھنا ہے، اس کی شناخت کو بچانا ہے، اور اس میں آپ کا تعاون گیان بھارتَم مشن کی کامیابی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔

ساتھیو،

اس وقت ملک میں سوم ناتھ سوابھیمان پرو کا ایک عظیم ثقافتی جشن جاری ہے۔ سوم ناتھ مندر کی پہلی مسماری سے لے کر آج تک ایک ہزار سالہ سفر کو ملک سوم ناتھ سوابھیمان پرو کے طور پر منا رہا ہے۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ آپ بھی اس مہوتسو سے جڑیں اور اس کے مقاصد کو عوام الناس تک پہنچانے کا کام کریں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کے ذریعے ہندوستان کی ترقی کی اس  سفر کو بھگوان سوامی نارائن کا آشیرواد اسی طرح مسلسل ملتا رہے گا۔میں ایک بار پھر تمام سنتوں، تمام ہری بھکتوں اور تمام عقیدت مندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

جئے سوامی نارائن!

بہت بہت شکریہ!

*****

Urdu Release Id: 964