Search

پی ایم انڈیاپی ایم انڈیا

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

روزگار میلہ کے تحت تقرری ناموں کی تقسیم کے موقع پر وزیرِاعظم کے خطاب کا متن

روزگار میلہ کے تحت تقرری ناموں کی تقسیم کے موقع پر وزیرِاعظم کے خطاب کا متن


تمام نوجوان ساتھیو، آپ سب کو میرا سلام! سال 2026 کا آغاز آپ کی زندگی میں نئی خوشیوں کے آغاز کا پیغام لے کر آیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، چونکہ کل ہی بسنت پنچمی گزری ہے، اس لیے آپ کی زندگی میں بھی ایک نئی بہار کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ وقت آپ کو آئین کے تئیں اپنی ذمہ داریوں سے بھی جوڑتا ہے۔ اتفاق سے اس وقت ملک میں جمہوریہ کا عظیم تہوار جاری ہے۔ کل 23 جنوری کو ہم نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کی جینتی کے موقع پر پرکرم دیوس منایا، اور اب کل 25 جنوری کو قومی ووٹر ڈے ہے، اس کے بعد 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جائے گا۔ آج کا دن بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ آج ہی کے دن ہمارے آئین نے ’جن گن من‘ کو قومی ترانہ اور ’وندے ماترم‘ کو قومی گیت کے طور پر اختیار کیا تھا۔ آج کے اس اہم دن پر، ملک کے اکسٹھ ہزار سے زائد نوجوان اپنی زندگی کی ایک نئی شروعات کر رہے ہیں۔ آج آپ سب کو سرکاری خدمات کے تقرری نامے مل رہے ہیں، جو ایک طرح سے نیشن بلڈنگ کا دعوت نامہ ہیں۔ یہ وکست بھارت کی تعمیر کو رفتار دینے کا عہد نامہ ہے۔ آپ میں سے بہت سے ساتھی ملک کی سلامتی کو مضبوط کریں گے، ہمارے تعلیم اور صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ کئی ساتھی مالیاتی خدمات اور توانائی کی سلامتی کو تقویت دیں گے، جبکہ کئی نوجوان ہماری سرکاری کمپنیوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ میں آپ تمام نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے بہت بہت مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

نوجوانوں کو مہارت سے جوڑنا اور انہیں روزگار/خودروزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ سرکاری بھرتیوں کو بھی مشن موڈ پر کیسے انجام دیا جائے، اسی مقصد کے تحت روزگار میلے کا آغاز کیا گیا تھا۔ پچھلے چند سالوں میں یہ روزگار میلہ ایک مضبوط ادارہ بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو حکومت کے مختلف محکموں میں تقرری کے خطوط مل چکے ہیں۔ اسی مشن کو مزید بڑھاتے ہوئے، آج ملک کے چالیس سے زائد مقامات پر یہ روزگار میلہ جاری ہے۔ ان تمام مقامات پر موجود نوجوانوں کو میں خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

آج بھارت دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں سے ایک ہے۔ ہماری حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ بھارت کی نوجوان طاقت کے لیے ملک اور دنیا میں نئے نئے مواقع پیدا ہوں۔ آج بھارتی حکومت کئی ممالک کے ساتھ تجارت اور موبلٹی معاہدے کر رہی ہے۔ یہ تجارتی معاہدے بھارت کے نوجوانوں کے لیے بے شمار نئے مواقع لے کر آ رہے ہیں۔

ساتھیو،

گزشتہ عرصے میں بھارت نے جدید انفراسٹرکچر کے لیے بے مثال سرمایہ کاری کی ہے۔ اس سے تعمیراتی شعبے سے جڑے ہر سیکٹر میں روزگار بہت بڑھا ہے۔ بھارت کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کا دائرہ بھی تیز رفتاری سے بڑھ رہا ہے۔ آج ملک میں تقریباً دو لاکھ رجسٹرڈ اسٹارٹ اپ ہیں۔ ان میں اکیس لاکھ سے زیادہ نوجوان کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح، ڈیجیٹل انڈیا نے ایک نئی معیشت کو فروغ دیا ہے۔ اینیمیشن، ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر کئی شعبوں میں بھارت ایک عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے۔ بھارت کی کریئیٹر اکانومی بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اور یہاں بھی نوجوانوں کو نئی نئی مواقع مل رہے ہیں۔

میرے نوجوان ساتھیو،

آج بھارت پر دنیا کا جس طرح اعتماد بڑھ رہا ہے، وہ بھی نوجوانوں کے لیے بے شمار نئی امیدیں پیدا کر رہا ہے۔ بھارت واحد بڑی معیشت ہے جس نے ایک دہائی میں جی ڈی پی کو دوگنا کیا ہے۔ آج دنیا کے سو سے زیادہ ممالک بھارت میں ایف ڈی آئی کے ذریعے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ 2014 سے پہلے کے دس سالوں کے مقابلے میں بھارت میں ڈھائی گنا سے زیادہ ایف ڈی آئی آئی ہے۔ اور زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا مطلب ہے بھارت کے نوجوانوں کے لیے بے شمار روزگار کے مواقع۔

ساتھیو،

آج بھارت ایک بڑی مینوفیکچرنگ طاقت بنتا جا رہا ہے۔ الیکٹرونکس، ادویات اور ویکسین، دفاع، آٹو اور دیگر کئی شعبوں میں بھارت کی پیداوار اور برآمد دونوں میں بے مثال اضافہ ہو رہا ہے۔ 2014 کے بعد سے بھارت کی الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ آج یہ 11 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی صنعت ہے۔ ہماری الیکٹرونکس برآمدات بھی چار لاکھ کروڑ روپے کو پار کر چکی ہیں۔ بھارت کی آٹو صنعت بھی سب سے تیزی سے بڑھنے والے شعبوں میں سے ایک بن گئی ہے۔ سال 2025 میں دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت دو کروڑ کے پار پہنچ گئی ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک کے لوگوں کی خریداری طاقت بڑھی ہے، انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی میں کمی سے انہیں کئی فوائد ملے ہیں، اور ایسے بے شمار مثالیں ہیں جو بتاتی ہیں کہ ملک میں بڑی تعداد میں روزگار پیدا ہو رہا ہے۔

ساتھیو،

آج اس تقریب میں 8 ہزار سے زیادہ بیٹیوں کو بھی تقرری کے خطوط دیے گئے ہیں۔ پچھلے 11 سالوں میں ملک کی ورک فورس میں خواتین کی شرکت تقریباً دوگنی بڑھ گئی ہے۔ حکومت کی مدرا اور اسٹارٹ اپ انڈیا جیسی اسکیموں سے ہماری بیٹیوں کو بہت بڑا فائدہ ہوا ہے۔ خواتین کے خود روزگار کی شرح میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اگر میں اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ای کی بات کروں تو آج بہت بڑی تعداد میں خواتین ڈائریکٹر اور خواتین فاؤنڈر ہیں۔ ہمارا جو کوآپریٹو سیکٹر ہے اور جو ہمارے سیلف ہیلپ گروپس دیہاتوں میں کام کر رہے ہیں، ان میں بڑی تعداد میں خواتین قیادت کر رہی ہیں۔

ساتھیو،

آج ملک اصلاحات ایکسپریس پر چل پڑا ہے۔ اس کا مقصد ملک میں زندگی اور کاروبار دونوں کو آسان بنانا ہے۔ جی ایس ٹی میں نیکسٹ جنریشن اصلاحات سے سب کو فائدہ ہوا ہے۔ اس سے ہمارے نوجوان انٹرپرینیور کو فائدہ ہو رہا ہے، ہمارے ایم ایس ایم ای کو فائدہ ہو رہا ہے۔ حال ہی میں ملک نے تاریخی لیبر اصلاحات نافذ کی ہیں۔ اس سے مزدوروں، ملازمین اور کاروبار، تینوں کو فائدہ ہوگا۔ نئے لیبر کوڈ نے مزدوروں اور ملازمین کے لیے سماجی تحفظ کا دائرہ مزید مضبوط کیا ہے۔

ساتھیو،

آج جب اصلاحات ایکسپریس کی بات ہر طرف ہو رہی ہے، تو میں آپ کو بھی اسی موضوع میں ایک کام سونپنا چاہتا ہوں۔ آپ یاد کریں، پچھلے پانچ–سات سالوں میں کب آپ کا حکومت سے کسی نہ کسی شکل میں رابطہ ہوا ہے؟ کہیں کسی سرکاری دفتر میں کام پھنس گیا ہو، کسی اور ذریعے سے بات چیت ہوئی ہو اور آپ کو اس میں مشکل ہوئی ہو، کچھ کمی محسوس ہوئی ہو، آپ کو کچھ ناگوار لگا ہو، غصہ آیا ہو۔ ایسی باتوں کو یاد کریں۔ اب آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ جو باتیں آپ کو پریشان کرتی تھیں، کبھی آپ کے والدین کو پریشان کرتی تھیں، کبھی آپ کے دوستوں کو پریشان کرتی تھیں اور جو چیز آپ کو کھٹکتی تھی، آپ اپنی مدت ملازمت میں دوسرے شہریوں کو وہ مشکلات نہیں ہونے دیں گے۔ آپ بھی حکومت کا حصہ ہونے کے ناطے اپنے سطح پر چھوٹے چھوٹے اصلاحات کریں گے۔ اسی اپروچ کے ساتھ آپ کو آگے بڑھنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کا بھلا ہو۔ آپ کو ایک اور بات یاد رکھنی ہے۔ تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے اس دور میں، ملک کی ضروریات اور ترجیحات بھی تیزی سے بدل رہی ہیں۔ اس تیز تبدیلی کے ساتھ آپ خود کو بھی اپ گریڈ کرتے رہیں۔ آپ iGOT کرم یوگی جیسے پلیٹ فارم کا ضرور فائدہ اٹھائیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اتنے کم وقت میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ سرکاری ملازمین iGOT کے اس پلیٹ فارم سے جڑ کر خود کو نئے سرے سے تربیت دے رہے ہیں، اور خود کو مضبوط بنا رہے ہیں۔

ساتھیو،

چاہے وزیر اعظم ہوں یا حکومت کا چھوٹا سا خادم، ہم سب خادم ہیں اور ہمارا ایک ہی منتر ہے، اس میں نہ کوئی اوپر ہے نہ کوئی دائیں بائیں ہے۔ اور ہمارے لیے، میرے لیے بھی اور آپ کے لیے بھی منتر کون سا ہے؟ ”ناگرک دیوو بھو“ کے منتر کے ساتھ ہمیں کام کرنا ہے۔ آپ بھی ایسا کرتے رہیں۔ ایک بار پھر آپ کی زندگی میں جو نئی بہار آئی ہے، یہ ایک نئے زندگی کے دور کا آغاز ہے اور آپ ہی کے ذریعے 2047 میں وکست بھارت بننے والا ہے۔ آپ کو میری طرف سے بہت بہت نیک خواہشات۔ بہت بہت شکریہ۔

****

ش ح۔ ف ش ع

U: 1025