وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 15 نومبر ، 2026 ء کو صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر کے گڈ چرولی میں منعقد ہونے والی جن جاتیہ گورو دِوس کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
اس تقریب کے دوران ، وزیرِ اعظم تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کے 246 ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور ان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان پروجیکٹوں کا مقصد ، ملک بھر کی قبائلی برادریوں کے لیے تعلیم، صحت، روزگار کے ذرائع اور کمیونٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیرِ اعظم 173 پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے، جن میں قبائلی طلباء کے لیے 38 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول ( ای ایم آر ایس ) اور پردھان منتری جن جاتیہ آدیواسی نیائے مہا ابھیان ( پی ایم – جے اے این ایم اے این ) کے تحت کثیر مقصدی 100 مراکز شامل ہیں۔ یہ مراکز خدمات کی فراہمی اور کمیونٹی کی سرگرمیوں کے اہم مراکز کے طور پر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ ، وہ پی ایم-جن من اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان ( ڈی اے جے جی یو اے ) کے تحت مختلف دیگر منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔
افتتاح کیے جانے والے دیگر اہم پروجیکٹوں میں اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں قبائلی تحقیقی ادارے ( ٹی آر آئی ) کی عمارت اور میزورم کے آئزول میں روپوئی لیانی قبائلی مجاہدِ آزادی میوزیم شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد ، قبائلی ثقافت اور ورثے کا تحفظ کرنا ہے۔ میوزیم میں میزورم کے قبائلی مجاہدینِ آزادی کی ہمت، بہادری اور قربانیوں کو یاد کیا گیا ہے، جب کہ میزورم کے لوگوں کی مالا مال ثقافتی روایات، تاریخی ورثے اور تہذیبی شناخت کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس میوزیم کا نام انیسویں صدی کی میزورم کی ایک خاتون قبائلی سردار روپوئی لیانی کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی تھی۔ انہیں قبائلی مزاحمت اور قربانی کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
وزیرِ اعظم 19 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس سے قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ وہ قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں کو منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے مقصد سے کثیر مقصدی 12 قبائلی مارکیٹنگ مراکز ( ٹی ایم ایم سیز ) کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ، وزیرِ اعظم پی ایم-جن من ( پی ایم – جے اے این ایم اے این ) اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان ( ڈی اے جے جی یو اے ) کے تحت 42 دیگر پروجیکٹوں کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
اس تقریب کے ساتھ ہی جن جاتیہ گورو پکھواڑہ کا اختتام ہوگا، جو یکم سے 15 نومبر ، 2026 ء تک ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔ اس پکھواڑے کے دوران قومی اور زمینی سطح پر کئی طرح کے پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ ان میں صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے طلباء سے بات چیت، قومی قبائلی ادبی میلہ، قبائلی معالجین کے لیے تربیتی پروگرام، خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں ( پی وی ٹی جیز ) کے لیے صحت اور غذائیت کے کیمپ، اور دھرتی آبا جن بھاگیداری ابھیان کے تحت قبائلی گاؤوں میں کمیونٹی خدمات کی مہمات شامل ہیں۔
******
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )
U.No. 7637