Search

مزید دیکھیں

متن خودکار طور پر پی آئی بی سے حاصل ہوا ہے

مہاراشٹر کے گڑھ چیرولی میں جن جاتیہ گورَو دیوس پروگرام کے دوران ویڈیو کانفرنسگ کے توسط سے وزیر اعظم کے خطاب کا متن


جوہار!

ملک کے کونے کونے سے جڑے آپ تمام لوگوں کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘کی بہت بہت مبارکباد۔ دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش پر میں انہیں عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جن جاتیہ گورو دیوس ملک کا ایک ایسا تہوار ہے جس سے قبائلی سماج کا وقار جڑا ہے، جس سے بھگوان برسا منڈا کی تحریک اور ترغیب جڑی ہے۔ اسی توانائی کے ساتھ آج ملک بھر میں جن جاتیہ گورو دیوس کے پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔ ملک آج اپنے آدی واسی ہیروز اور ہیروئنوں کو فخر کے ساتھ یاد کر رہا ہے۔ خاص طور پر مہاراشٹر کے گڑھ چیرولی میں اتنا بڑا پروگرام ہو رہا ہے؛ میری نظر جہاں تک جاتی ہے، لوگ ہی لوگ نظر آ رہے ہیں۔ اور گڑھ چیرولی میں تو قبائلی سماج کی ایک شاندار اور مالامال ثقافت رہی ہے۔ راگھوجی بھانگرے، بھاگوجی نائک اور ویر بابوراؤ شیڈماکے جیسے بہادروں کی شجاعت کی داستانیں اس سرزمین سے جڑی ہوئی ہیں۔ میں اس موقع پر تمام آدیواسی سورماؤں کو عقیدت کے ساتھ سلام کرتا ہوں۔ ملک بھر سے اس تقریب میں شریک ہونے والے تمام گورنروں، تمام معزز وزرائے اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور ہر عوامی نمائندے کا بھی میں خیرمقدم اور استقبال کرتا ہوں۔

ساتھیو،

15  نومبر 2021 سے ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ کو منانے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا، آج وہ ایک قومی تہوار بن چکا ہے۔ گزشتہ برس بھگوان برسا منڈا کے 150 ویں یومِ پیدائش پر ملک بھر میں 2 لاکھ سے زائد پروگرام منعقد ہوئے۔ کروڑوں ہم وطن ان تقریبات کا حصہ بنے۔ ایک وقت تھا جب ہمارے ملک میں بہت سے دن اور تہوار غیر ملکی نقطۂ نظر سے طے کیے جاتے تھے، لیکن آج بھارت اپنی وراثت، اپنی تاریخ اور اپنے ہیروز کو دیسی خودداری اور وقار کے ساتھ فخر سے یاد کر رہا ہے۔ یہ ہمارے قومی شعور میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔

ساتھیو،

آزادی کی لڑائی میں چاہے کھاسی پہاڑیوں میں تیروت سنگھ کی جدوجہد ہو، چھوٹا ناگپور کا کول آندولن ہو، یا سدھو-کانہو کی قیادت میں سنتھال انقلاب ہو، قبائلی سماج نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی۔ مانگڑھ کی سرزمین پر گووند گرو کے پیروکاروں نے عظیم قربانیاں دیں۔ رانی گائیدینلیو اور تانتیا بھیل جیسے بے شمار بہادر مردوں اور خواتین نے اپنی جرات و ہمت سے ملک کو تحریک دی۔ الوری سیتارام راجو اور رانی درگاوتی جیسی عظیم شخصیات نے بھی آدیواسی تحریکوں کو نئی توانائی بخشی۔ اور ان تمام داستانوں کے ساتھ ساتھ بھگوان برسا منڈا کا ’الگولان‘اور کم عمری میں ان کی جدوجہد آج بھی ہم کروڑوں ہم وطنوں کے لیے ایک بہت بڑا سرچشمۂ تحریک ہے۔

ساتھیو،

آج ’جن جاتیہ گورو دیوس‘کے اس موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں میں قبائلی ترقی سے وابستہ 170 سے زائد پروجیکٹوں کا افتتاح اور 70 سے زائد پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ میزورم میں عظیم مجاہدِ آزادی روپو-ایلیانی جی کے نام سے منسوب میوزیم کا افتتاح ہوا ہے۔ اروناچل پردیش میں قبائلی تحقیقی ادارے کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جن منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، ان میں تعلیمی ادارے، صحت کی خدمات، قبائلی مصنوعات کے لیے مارکیٹنگ سینٹرز اور دیہاتوں میں بنیادی سہولیات کی توسیع سے متعلق متعدد کام شامل ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ میں ان تمام منصوبوں کے لیے آپ سب کو اور تمام ہم وطنوں کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

آج کی یہ تقریب ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب ملک کی دو بڑی کامیابیوں کا چرچا ہر جگہ ہو رہا ہے۔ پہلی کامیابی ملک کے تقریباً 50 کروڑ لوگوں کا شدید غربت کو شکست دینا یعنی غربت سے باہر نکلنا ہے، اور دوسری کامیابی ملک سے نکسلواد اور ماؤ نواز دہشت گردی کا خاتمہ، یعنی ماؤ نواز دہشت گردی سے نجات پانا ہے۔ یہ دونوں کامیابیاں ہمارے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی زندگیوں سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ ابھی چند ہفتے قبل عالمی بینک کی رپورٹ آئی ہے، اور اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 12-13 برسوں میں بھارت کے تقریباً 50 کروڑ افراد—یہ تعداد بہت بڑی ہے، 50 کروڑ افراد—شدید غربت سے باہر نکلے ہیں۔ میں اسے آزادی کے بعد ملک کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک مانتا ہوں۔ یہ پورے ملک کی کامیابی ہے، یہ کسی ایک حکومت کا کارنامہ نہیں ہے، بلکہ اس کے پیچھے سماج کی اجتماعی طاقت، ملک کے ہر شہری کی کوشش اور ان کی محنت کارفرما ہے۔ گزشتہ برسوں میں مرکزی حکومت نے قبائلی فلاح و بہبود کے لیے جو فیصلے کیے اور جو اسکیمیں بنائیں، ان کا بھی اس کامیابی میں بہت بڑا کردار رہا ہے۔ میں اس کامیابی پر تمام ہم وطنوں کو، اور خاص طور پر اپنے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا غربت سے باہر نکلنا اپنے آپ میں ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ یہ تبدیلی ایک عظیم عزم کی تکمیل تک کے سفر کی ایک طویل اور شاندار داستان ہے۔ عزم و ارادے کو کیسے پورا کیا جا سکتا ہے، آج بھارت یہ کر سکتا ہے اور ہر بھارتی یہ کر سکتا ہے—یہ خود اعتمادی پیدا ہوئی ہے۔ ہم نے ایک عہد کیا تھا کہ جو لوگ دہائیوں سے ترقی کی سہولیات سے محروم رہے ہیں، انہیں ترجیح دینی ہے۔ جیسے جیسے ہمارے عزم حقیقت کا روپ دھار کر زمین پر اترنے لگے، مثبت تبدیلیوں کا ایک سلسلہ بنتا چلا گیا۔ ملک کے وہ قبائلی علاقے جو پسماندہ ترین علاقوں میں بھی سب سے زیادہ پسماندہ تھے، اور جہاں زندگی کی بنیادی سہولیات تک نہیں پہنچی تھیں، ان پر ہماری حکومت نے اپنی پوری طاقت اور وسائل صرف کر دیے۔ ‘پی ایم-جن من یوجنا’ اور ‘دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اتکرش ابھیان’—ان دونوں منصوبوں کے لیے ہم نے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ مختص کیا۔ ہماری یہی کوشش رہی ہے کہ آزادی کے بعد جن خاندانوں تک سہولیات سب سے دیر سے پہنچیں، اب ان تک سب سے تیز رفتاری کے ساتھ سہولیات پہنچائی جائیں۔

ساتھیو،

محروم طبقات کو ترجیح، محروم طبقات کو ترجیح—یہی ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔ ہم نے ملک کے غریب خاندانوں کے لیے چار کروڑ سے زائد پکے مکانات تعمیر کیے۔ ملک کے ان 18 ہزار دیہاتوں تک بجلی پہنچائی جہاں آزادی کے اتنے دہائیوں بعد بھی بجلی نہیں پہنچی تھی۔ آیوشمان بھارت اسکیم کے ذریعے پانچ لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر قائم کیے گئے، جن کی بدولت دور دراز کے قبائلی علاقوں تک بھی صحت کی سہولیات پہنچیں۔ جب غریب خاندانوں کو بیت الخلاء میسر آئے اور صفائی ستھرائی کی سہولیات میں اضافہ ہوا، تو کئی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہو گیا۔

ساتھیو،

غربت کو شکست دینے کے لیے غریب خاندانوں کی آمدنی کے مواقع بڑھانا بھی اتنا ہی ضروری تھا۔ ہم نے ‘مدرا یوجنا’ کے ذریعے بغیر کسی ضمانت کے قرض کی سہولت فراہم کی۔ اس اسکیم کے تحت لاکھوں کروڑ روپے کی مالی امداد دی گئی۔ اس طرح کی تمام اسکیموں کا فائدہ غریبوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور ہمارے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کو بھی ملا۔ اس سے ان کے اندر آگے بڑھنے کی ایک نئی خود اعتمادی پیدا ہوئی۔

ساتھیو،

ہم نے ان علاقوں پر بھی خصوصی توجہ دی جو طویل عرصے تک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے۔ ملک کے 100 سے زائد امنگوں والے اضلاع اور 500 سے زائد امنگوں والے بلاکس میں ترقی، بنیادی سہولیات اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ایک خصوصی مہم چلائی گئی۔ ان میں بڑی تعداد میں قبائلی آبادی والے علاقے شامل ہیں۔ اب ’پی ایم کرشی دھن دھانیہ یوجنا‘ کے تحت زراعت کے شعبے میں پسماندہ 100 اضلاع پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہماری یہی کوشش ہے کہ وہاں کے کسانوں، غریب خاندانوں اور قبائلی سماج کو آگے بڑھنے کے نئے مواقع ملیں۔ ان اجتماعی کوششوں اور ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر نے ملک کے غریبوں کو ایک نئی خود اعتمادی بخشی، اور کروڑوں غریبوں نے غربت کو شکست دے کر دکھایا۔

ساتھیو،

ملک کی دوسری بڑی کامیابی، جس کا میں نے ذکر کیا تھا، وہ نکسلواد اور ماؤواد سے نجات ہے۔ ہمارا گڑھ چیرولی، اور گڑھ چیرولی سمیت ملک کے تمام قبائلی علاقوں کے لوگ بخوبی جانتے ہیں کہ نکسلی تشدد نے سب سے زیادہ نقصان ہمارے قبائلی سماج کا ہی کیا ہے۔ 2014 میں ملک کے تقریباً سوا سو اضلاع ماؤواد اور نکسلواد سے متاثر تھے۔ ہر سال تشدد کے سینکڑوں واقعات پیش آتے تھے۔ ان واقعات میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا، جن میں بہت بڑی تعداد ہمارے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی تھی۔

لیکن ساتھیو،

اس زمانے میں ان حکومتوں کے ذریعے ماؤواد اور نکسلواد سے متاثرہ لوگوں یعنی میرے ان بھائیوں اور بہنوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا تھا، اور ان کے حقوق چھین لیے گئے تھے۔ سب منہ پر تالا لگا کر بیٹھے تھے، سب خاموش رہتے تھے۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ میرے قبائلی سماج کے ان بھائیوں اور بہنوں کو ووٹ ڈالنے تک نہیں دیا جاتا تھا۔ اس وقت کی حکومتیں محض خاموش تماشائی بنی رہتی تھیں اور آنکھیں بند کر کے بیٹھی رہتی تھیں۔ ایک غریب ماں کے سامنے سے اس کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو یہ ماؤ نواز اور نکسلی چھین کر لے جاتے تھے، اور کوئی کچھ نہیں کر پاتا تھا۔ نکسلی ہمارے گھر کی بیٹیوں کو اٹھا کر لے جاتے تھے، اور سب بے بسی میں تڑپ کر رہ جاتے تھے۔

ساتھیو،

آج جب وہ ماؤواد اور نکسلواد ختم ہو چکا ہے، تو وہ ماں، میرے قبائلی سماج کی مائیں اور بہنیں آج ہمیں ڈھیروں دعائیں دے رہی ہیں۔ وہ بہن ہمیں دعا دے رہی ہے جو آج خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہے۔ جس کا بچپن چھین لیا گیا تھا، وہ اب نوجوان بن کر ہمارے ساتھ جڑ رہا ہے، اور اسے تعلیم و روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں بستر جیسا علاقہ، جہاں ایک وقت میں لوگ جانے سے ڈرتے تھے، ابھی چند ہی روز قبل میں نے اس علاقے کے مرکزی مقام پر ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ گڑھ چیرولی سمیت تمام نکسلی تشدد سے متاثر رہنے والے علاقوں میں اس بار دیوالی کے موقع پر دیوں کے ساتھ ساتھ امید کی روشنی بھی لوگوں تک پہنچی ہے۔

ساتھیو،

آج ہمارا آدیواسی سماج، ہمارا قبائلی سماج بڑھ چڑھ کر ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ آج ملک کی قیادت بھی قبائلی سماج کی ایک بیٹی کے ہاتھ میں ہے، اور ہم سب کو صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو جی پر فخر ہے۔

ساتھیو،

آج وقت آ گیا ہے کہ ہم بھگوان برسا منڈا سے تحریک اور ترغیب لے کر ’وکست بھارت‘کے خواب کو پورا کرنے میں اپنی پوری توانائی صرف کر دیں۔ اسی اپیل کے ساتھ، بھگوان برسا منڈا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے میں ایک بار پھر آپ تمام لوگوں کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘کی بہت بہت مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ اور میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ہر سال 15 نومبر کا انتظار ہونا چاہیے۔ بھگوان برسا منڈا کا یومِ پیدائش، اور اس سے بھی بڑھ کر جن جاتیہ گورو دیوس، یہ پورے ملک کا فخر ہے، پورے ملک کی خودداری اور وقار ہے۔ ہر 15 نومبر کو ہم پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ، پہلے سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ، اور پہلے سے زیادہ وسعت کے ساتھ اسے مناتے چلیں، جن جاتیہ گورو دیوس پر نئے عزم و ارادے کرتے چلیں، اور ان عزموں کو ایک مقررہ مدت کے اندر پورا کرنے کے لیے ہم سب پوری قوت لگا کر آگے بڑھیں۔ آزادی کے اتنے برسوں تک جو کام نہیں ہو سکا، وہ ہمیں کم وقت میں کر کے دکھانا ہے۔ میں ایک بار پھر اسکرین پر دیکھ رہا ہوں کہ کتنے مقامات پر کتنے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، اور میں دیکھ رہا ہوں کہ سب جوش اور امنگ سے سرشار ہیں۔ یہی منظر جن جاتیہ گورو دیوس کی آن بان شان بن گیا ہے۔ میری طرف سے اتنی کامیاب کوشش کے لیے قبائلی سماج کے میرے آپ تمام بھائی اور بہنیں مبارکباد اور ستائش کے مستحق ہیں۔ میں آپ سب کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہوں، اور آپ سب کا بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جوہار۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7675